قسمت کی دیوی (دل چسپ، معاشرتی اور مزاحیہ کہانیوں کا مجموعہ)

نام کتاب : قسمت کی دیوی
مصنف کا نام : ذوالفقار علی بخاری
تبصرہ نگار : عطاءالسلام سحر
پبلشر : سراٸے اردو پبلی کیشنز
قیمت : 400 روپے + فری ہوم ڈلیوری
رابطہ نمبر : 03425088675


ذوالفقار علی بخاری کا نام ادبِ اطفال میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے ۔ بہت سے نوجوان ادیب بھی ان سے منزل کا پتا معلوم کر کے اپنے سفر پر گامزن ہو چکے ہیں ۔ ان کا ادبی سفر کوئی تیرہ ، چودہ سال پر محیط ہے ۔ ادبِ اطفال کے لیے اُنھوں نے 2019 سے لکھنا شروع کیا ۔ ”قسمت کی دیوی“ اُن کا پہلا کہانیوں کا مجموعہ ہے ، جو کہ بڑوں کےلیے ہے ۔

کتاب کا انتساب ملک و ملت کی عظیم ہستیوں کے نام ہے ۔ جن کے نام درج ذیل ہیں : عبدالستار ایدھی مرحوم ، حکیم محمد سعید شہید ( رح ) ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم ، ڈاکٹر محمد امجد ثاقب ۔ میرے خیال سے یہ کسی کتاب کا پہلا انتساب ہوگا جو مذکورہ بالا ، اپنی مثال آپ اور ملک و ملت کی معتبر شخصیات کے نام ہے ۔

کتاب میں موجود کہانیاں ہمارے اردگرد معاشرے میں پائے جانے والے نقائص اور اتار چڑھاؤ کی مکمل عکاس ہیں ۔ کہانی ”شگاف“ سے درج ذیل جملہ آپ کی نذر :”جب زندگی کھیل کھیلتی ہے تو پھر قلم کی نوک نشتر کی مانند چلتی ہے ۔“ آپ اس جملے سے اندازہ کر سکتے ہیں کہ مصنف کی کہانیاں زندگی کے تجربات سے حاصل ہونے والے نتاٸج پر مشتمل ہیں ۔

اندازِ بیان سادہ ہے ۔ ایک ہی نشست میں کتاب پڑھی جا سکتی ہے ۔ کتاب کے اندر پہلی کہانی ”شناخت“ کے عنوان سے ہے ۔ شناخت کس چیز کی ؟ اور کیسی شناخت ؟ یہ آپ کتاب پڑھنے کے بعد ہی جان سکیں گے ۔ ایسے ہی کہانی”آتشِ انتقام“ بھی دل چسپ اور خاص پیغام لیے ہوٸے ہے ۔ کہانی ”موت کا فرشتہ“ مزاحیہ انداز میں لکھی گئی ہے ۔ بہت ہی دل چسپ اور حقیقی کرداروں پر مشتمل ہے ۔ اسی طرح بازی گر ، زلفی بھائی جان ، قسمت کی دیوی اور بغاوت بھی دل چسپ اور مزے دار کہانیاں ہیں ۔ امید ہے کہ کتاب پڑھ کر یقیناً آپ کو جہاں اخلاقی سبق حاصل ہوگا ، وہیں زندگی کے اتار چڑھاؤ کو سمجھنے اور حالات کے ساتھ نبرد آزما ہونے کا حوصلہ بھی ملے گا ۔
کتاب خوب صورت پیپر بیک ٹائٹل میں ہے ۔

معیاری کاغذ اور عمدہ طباعت کی حامل ہے ۔ چند جگہوں پر املا کی ہیں یا پھر کمپوزنگ کی ، بہرحال! غلطیاں موجود ہیں ۔ چوں کہ یہ سرائے اُردو پبلی کیشنز کی طرف سے شایع کیا جانے والا پہلا مجموعہ ہے ۔ امید ہے کہ آیندہ اس پر ممکنہ حد تک احتیاط برتی جاٸے گی ۔
 

Atta Us Salam Sahar
About the Author: Atta Us Salam Sahar Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.