لاجواب

بیل پھربجی۔ نیکسٹ ؟ خاتون نے سر اٹھا کے لڑکوں کی طرف دیکھا اور ایک کو باس کے کمرے میں بھیج دیا ۔پھر باس کی کال پہ خود بھی روم میں چلی گئ۔
مس نیہا ،ذرا سکیچ بک دیجئیے۔باس نے مخاطب کیا۔
وہ سر کو خم کرکے سکیچ بک لے آئ۔انٹرویو کے لئے آیا نوجوان سکیچ بنانے میں منہمک ہوگیا اور جلدی جلدی ہاتھ چلا کے ڈرائنگ کو مکمل کردیا۔
گڈ! آج سے آپ ہماری فرم میں آرٹسٹ کی جاب جوائن کریں۔پینٹنگز کے ڈیزائن فراہم کردئیے جائیں گے ۔
تھینک یو سر ،خوشی تو نوجوان کے چہرے سے کرنیں بن کے پھوٹ رہی تھی۔
اگلا فرد بھیجیں۔باس نے کہا ۔اگلا نوجوان پوسٹ کے لئے سوالات کے جوابات نہیں دے سکا تو باس نے اسے اپنے موبائل سے فوٹوگرافی کرنے کو کہا-
لڑکے نے مختلف زاویوں سے باس کی پکس لے لیں۔
ویری نائس،باس نے کہا۔آپ کو کمپنی میں فوٹوگرافر کی جاب دی جاتی ہے۔وہ بھی غیر متوقع خوشی سے مسکراتا باہر چلاگیا۔

سر، ہمارے پاس تو صرف ایک ہی ویکینسی تھی لیکن آپ نے اتنے سارے لوگ ؟ مس نیہا کی بات بیچ میں رہ گئ۔
دیکھو مس، سر بات کاٹ کے بولے۔آج میرے آفس میں انٹرویو دینے کے لئے آنے والا کوئ
فرد بے روزگار نہیں رہے گا،انڈرسٹینڈ؟
میں اپنی سیلاب زدہ قوم کے لئے اتنا تو کر ہی سکتا ہوں ! باس کے لہجے میں کچھ ایسا درد تھا کہ نیہا ،اس وقت لاجواب ہی رہ گئ۔