والد کی وردی نے میری زندگی بدل ڈالی، ماضی کے مقبول اداکار قوی خان کا ایک ایسا واقعہ جس نے ان کی زندگی تبدیل کردی

image
 
گزشتہ ہفتے اداکار افضال احمد کی کسمپرسی میں موت نے سب کو غم زدہ کر دیا۔ کئی سالوں تک فالج کے سبب بستر تک محدود رہنے والے افضال احمد کی موت اس حالت میں ہوئی کہ ان کو سرکاری ہسپتال میں علاج کے لیے ایک پورا بیڈ بھی میسر نہ تھا اور ان کے ساتھ ایک اور مریض بھی لیٹا ہوا تھا-
 
اداکار افضال احمد اور ان جیسے دوسرے بزرگ اداکار ہماری شوبز انڈسٹری کی وہ درسگاہیں ہیں جن سے سیکھ کر آج کی نوجوان نسل کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے- مگر ان بزرگ اداکاروں کی بہبود کے لیے کوئی بھی اقدامات نہ تو حکومت کی جانب سے کیۓ جا رہے ہیں اور نہ ہی ساتھی اداکار اس حوالے سے کچھ کرنے کو تیار ہیں-
 
اداکار قوی ایک اہم سرمایہ
اداکار قوی خان کا شمار پاکستان کے ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ریڈيو، تھیٹر، ٹی وی، اسٹیج، اور فلم غرض ہر ہر پلیٹ فارم پر نہ صرف اپنا لوہا منوایا ہے- بلکہ اتنے ایوارڈ حاصل کیے ہیں کہ ان کا یہ دعویٰ ہے کہ دنیا میں سب سے زيادہ ایوارڈ حاصل کرنے والے اداکاروں میں وہ سر فہرست ہیں-
 
اداکار قوی کا تعلق خیبر پختونخواہ کے یوسف زئی قبیلے سے ہے 13 نومبر 1942 کو پیدا ہوئے اور وہ اپنے والدین کی سب سے چھوٹی اولا د تھے- اپنے اداکاری کے کیرئير کا آغاز انہوں نے 1952 میں بطور چائلڈ ایکٹر کیا جس کے بعد انہوں نے اداکاری کا شوق اپنا لیا اور پشاور میں ہی ریڈيو پاکستان میں بطور چائلڈ ایکٹر کام کرنے لگے-
 
image
 
اداکاری کا شوق اور نوکری
قوی خان کی فیملی جلد ہی پشاور سے لاہور شفٹ ہوگئی۔ قوی خان کے حوالے سے کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ اداکار قوی خان کی پہلی نوکری گرینڈلی بنک میں بطور بنکر تھی۔ جہاں پر نوکری کرنے کے ساتھ ساتھ اداکاری کا شوق بھی 1964 میں پاکستان ٹیلی وژن جوائن کر کے پورا کر نا شروع کر دیا-
 
جیسے جیسے قوی خان کی مقبولیت میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا تو بنک میں آنے والے کسٹمر بھی ان کو پہچان لیتے جب کہ دوسری جانب کام کی زيادتی کے سبب قوی خان نوکری یکسوئی سے نہ کر سکتے تھے جس کے سبب ان کو نوکری چھوڑ کر اداکاری کو بطور پروفیشن اپنانا پڑا-
 
اندھیرا اجالا میں ایس پی کا کردار اور قوی خان
محمد قوی خان کے حوالے سے یہ بھی ایک اہم بات ہے کہ ان کے والد جن کا نام محمد نقی خان تھا ایک ریٹائر ہیڈ کانسٹبل تھے اور جنہوں نے 1935 میں ہی ریٹائرمنٹ حاصل کر لی تھی- مگر قوی خان کا یہ کہنا ہے کہ جب انہوں نے ڈرامہ اندھیرا اجالا میں پولیس کی وردی پہنی تو اس وقت انہیں بے ساختہ اپنے والد کا خیال آیا اور اس رول کے ساتھ ان کی محبت اور احترام میں بہت اضافہ ہو گیا-
 
جس کی وجہ سے انہوں نے اس کردار کو اپنے والد کو ذہن میں رکھتے ہوئے ادا کیا جو عوام میں بے انتہا مقبول ہوا اور آج تک لوگ اس کردار کو بہت محبت سے دیکھتے ہیں- اداکار قوی کا یہ ماننا ہے کہ اندھیرا اجالا میں ان کے کردار نے نہ صرف ان کے کیرئير کو چار چاند لگا دیے بلکہ ان کے اندر ایسا جذبہ پیدا ہوا جیسے کہ وہ بھی اپنے والد کی طرح پولیس ڈپارٹمنٹ کی خدمت کر رہے ہیں-
 
image
 
اداکار قوی خان اور ان کے بچے
اداکار قوی خان کو اللہ نے 4 بچوں سے نوازا۔ کچھ وقت ان کے بیٹے عدنان قوی اوراذان قوی پاکستان ٹیلی وژن پر چائلڈ اداکاروں کے طور پر کام کرتے ہوئے نظر آئے- مگر ادکار قوی خان کا یہ کہنا ہے کہ ان کے بچے بیرون ملک ایک خوش و خرم زندگی گزار رہے ہیں اور انہوں نے اپنے بچوں کو اس شعبے سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا-
 
اداکاروں کی بہبود کے لیے قوی کے اقدامات
اداکار قوی نے کچھ وقت سیاست میں بھی حصہ لیا جس کے ساتھ ساتھ وہ ایسے اقدامات کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جس کے ذریعے بزرگ اور بیمار اداکاروں کی مدد کی جا سکے- اس حوالے سے انہوں نے حکومت پاکستان کو ایک ایسی آرگنائزيشن بنانے کا مشورہ بھی دیا جو کہ ایسے اداکاروں کی مدد سرکاری طور پر کر سکے- جس کے بعد حکومت پاکستان نے قوی کی اس تجویز کو سراہا بلکہ اس حوالے سے عملی اقدامات جلد کرنے کی منظوری بھی دی-
YOU MAY ALSO LIKE: