عورتوں کی حرکتوں سے مردوں کو دل کے دورے، پاکستانی ڈراموں کے مردوں کا دل اتنا نازک کیوں ہوتا ہے؟

image
 
ماضی قریب میں ایک صاحب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت مشہور ہوئی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی مردوں کی عمر عورتوں کے مقابلے میں کم ہوتی ہے جس کے ثبوت میں ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی گھر میں جا کر دروازہ کھٹکھٹائيں تو وہاں سے دادی نانی مل جائے گی مگر بے چارے دادا یا نانا اللہ کے گھر سدھار چکے ہوں گے-
 
مردوں کی زندگی کے مختصر ہونے کے سبب
سائنس کچھ بھی کہے کہ مردوں کی عمر خواتین سے مختصر کیوں ہوتی ہے لیکن یہ حقیقت ہے کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کی مختصر عمر کے پیچھے خواتین کا بہت بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔ اس کا سب سے بڑا ثبوت پاکستانی ڈرامے ہیں جہاں پر تقریباً ہر ڈرامے کی پیک پر مردوں کو دل کا دورہ پڑ جاتا ہے جب کہ اس کے ساتھ اس کی بیوی ہر طرح کے جذباتی دباؤ کے باوجود ہٹی کٹی نظر آتی ہے۔ یقین نہ آئے تو حالیہ ڈراموں کی کہانی میں یہ مماثلت خود دیکھ لیں-
 
ڈرامہ فراڈ
ویسے تو بیٹی کا گھر برباد ہو تو اس کی تکلیف ماں اور باپ کے لیے یکساں ہی ہوتی ہے مگر ہمارے ڈراموں میں مردوں کو اتنا کمزور دکھایا گیا ہے کہ ایسے حالات کا بطور گھر کے سربراہ مقابلہ کرنے کے بجائے کہانی کے مطابق مرد یا باپ دل پکڑ کر بیٹھ جاتا ہے اور گھر کی عورتیں اپنی تکلیف بھول کر باپ کو ہسپتال لے جانے پر مجبور ہو جاتی ہیں-
image
 
ڈرامہ دراڑ
اسی طرح کے واقعات حالیہ دنوں میں پیش کیے جانے والے ڈرامے دراڑ میں بھی نظر آیا جس میں جب سگی بیٹی نے اپنی کزن کے شوہر کے ساتھ مل کر اس کے گھر کو برباد کر دیا تو اس مشکل وقت کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے بجائے اس کے والد بہروز سبزواری دل پکڑ کر بیٹھ جاتے ہیں- اور یہاں تک کہ ان کی کہانی میں ان کی موت بھی واقع ہو گئی جب کہ ان کی بیگم ان تمام مسائل کا سامنا بہادری سے کرتی ہوئی نظر آتی ہیں-
image
 
ڈرامہ تقدیر
ایسے ہی کچھ مناظر ڈرامہ تقدیر میں بھی دیکھنے میں آئے جب کہ بیٹی پر ہونے والے سسرال کے مظالم کو دیکھ کر ایک بار پھر باپ اس کے سسرال والوں سے جوابدہی کرنے کے بجائے دل پکڑ کر بیٹھ گیا اور مرتے مرتے سب کو یہ پیغام دے گیا کہ مرد عورتوں کے مقابلے میں بہت کمزور ہوتے ہیں-
image
 
ڈرامہ میرے پاس تم ہو
اس مقبول ڈرامے کے اختتام سے بھی سب واقف ہیں جس میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار ہمایوں سعید یعنی دانش کو بھی بیوی کی بےوفائی پر ہارٹ اٹیک سے مرتے ہوئے دکھایا گیا- ان کا دل بھی اتنا ہی کمزور نظر آیا جتنے کہ آج کل باقی سب کے نظر آرہے ہیں- بس فرق یہ تھا کہ یہاں دکھ اولاد کا نہیں بلکہ بیوی کا دیا گیا تھا-
image
 
ایسے واقعات سے دیا جانے والا منفی پیغام
جیسا کہ آج کل کے ڈراموں میں یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ خواتین کی حرکات کے سبب مرد دل پکڑ کر بیٹھ جاتے ہیں اور مسائل کچھ بھی ہوں تو ان کا سامنا کرنا اور ان کا مقابلہ کرنا عورتوں کی ذمہ داری ہے جب کہ مرد ایسے وقت میں بھاگ جانے کے لیے دل پکڑ کر بیٹھ جاتے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: