میں ایسا کوئی ڈرامہ نہیں کروں گی٬ در فشاں سلیم نے کیسی تیری خودغرضی جیسے کامیاب ڈرامے میں کام کرنے سے انکار کیوں کردیا؟

image
 
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی نئی ابھرتی ہوئی فنکارہ در فشاں سلیم نے اپنے کیرئیر کا آغاز کچھ عرصہ قبل ہی کیا ہے لیکن اس وقت در فشاں بہت تیزی سے عوام میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔
 
ابتدا میں درفشاں نے کچھ معاون کرداروں کے ساتھ شروعات کی جس میں انہیں پہلے دلربا ڈرامے میں ہانیہ عامر کی بہن کے طور پر دیکھا گیا اور پھر در فشاں نے پہلی بار اے آر وائی کے پردیس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کیا جو عوام میں بےحد مقبول ہوا۔
 
در فشاں نے پردیس میں ایک مضبوط عورت کا کردار ادا کیا اور پھر حال ہی میں ختم ہونے والے ڈرامے کیسی تیری خودغرضی میں دانش تیمور کے ساتھ دیکھا گیا جو کہ ایک کامیاب ڈرامہ رہا۔
 
کیسی تیری خودغرضی در فشاں کے لیے گیم چینجر ثابت ہوا اور اب وہ اچانک اسکرین پر سب سے زیادہ پسند کی جانے والی اداکارہ بن گئی ہیں۔
 
در فشاں نے کیسی تیری خودغرضی میں مہک کا کردار ادا کیا جو کہ ایک ایسی کم ہمت اور بےبسی کی شکار اور خوفزدہ لڑکی ہوتی ہے جسے آخرکار اپنے اغواﺀ کار سے ہی محبت ہوجاتی ہے- تاہم ڈرامے کے اختتام پر کامیابی مہک کی ہی دکھائی جاتی ہے-
 
تاہم درفشاں سلیم نے حالیہ اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ کبھی بھی کیسی تیری خود غرضی جیسا ڈرامہ نہیں دیکھیں گی اور نہ ہی ایسے کسی ڈرامے میں دوبارہ کام کریں گی۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے ڈراموں کے بننے اور ان کی بڑی کامیابی کے پیچھے ناظرین ہی ہیں جو انہیں پسند کرتے ہیں۔ اس طرح تمام پروڈیوسر اس طرح کے مزید اسکرپٹ بناتے ہیں۔
 
image
 
در فشاں کا کہنا تھا کہ میرا تعلق ایک ایسے معاشرے سے ہے جہاں لوگ واقعی خواتین کو اپنے آس پاس کے کسی بھی زہریلے بھنور سے بچانا پسند کرتے ہیں۔
 
در فشاں کے مطابق ناظرین صرف اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ ایک لڑکی کو بچانے کے لیے لڑکے کی ضرورت ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ لڑکا آپ کو کیسے بچاتا ہے یا وہ کون ہے، یہ بات زیادہ اہم ہے کہ ہم اپنی ثقافت میں خواتین کی پرورش کیسے کرتے ہیں۔ ہم لڑکیوں کو صرف یہ بتاتے ہیں کہ آپ کے بھائی، آپ کے والد، آپ کے شوہر آپ کے آس پاس ہیں۔
 
دوسری جانب ناقدین کا بھی ماننا ہے کہ اس ڈرامے میں بنیادی طور پر ایک ایسے شخص کو ہیرو بنا کر پیش کیا گیا، جو اپنی طاقت کے بِل بوتے پر ایک لڑکی اور اُس کے خاندان کو ہراساں کرتا رہا اور بالآخر اس لڑکی کو اسی لڑکے سے محبت ہو جاتی ہے جو معاشرے کے لیے اچھی مثال نہیں۔
 
در فشاں کے انکار سے متعلق مزید تفصیلات اس ویڈیو انٹرویو میں جانیے:
 
YOU MAY ALSO LIKE: