اف پھر بچوں کے کپڑے چھوٹے ہوگئے، بڑے مسئلے کا آسان حل وقت کے ساتھ سائز میں بڑھنے والے کپڑے ایجاد

image
 
چھوٹے بچوں کا قد دنوں کے حساب سے بڑھتا ہے کیونکہ ان کی بڑھنے کی عمر ہوتی ہے اس وجہ سے اکثر والدین ان کے کپڑے خریدتے ہوئے اس بات کا خاص طور پر خیال رکھتے ہیں کہ یا تو ناپ سے بڑے کپڑے لیں یا پھر کم کپڑے لیں تاکہ ساتھ ساتھ خریداری کی جاتی رہے-
 
مگر اس سارے معاملے میں اس بات نقصان دہ پہلو یہ ہوتا ہے کہ جو کپڑے چھوٹے ہو جاتے ہیں وہ ضائع ہو جاتے ہیں یا پھر ہم پاکستانی لوگ اگلے پیدا ہونے والے بچے کے لیے سنبھال کر رکھ لیتے ہیں اور اس کو پہناتے ہیں-
 
بچوں کی عمر کے ساتھ بڑھنے والے کپڑے
سوچیں اگر ایسا ہو کہ بچوں کے ایسے کپڑے ہوں جو ان کی عمر کے ساتھ بڑھتے جائيں تو اس طرح سے ایک جانب تو والدین بچوں کے ناپ کے کپڑوں کی خریداری کے مسئلے سے آزاد ہو جائيں اور دوسری جانب بچوں کے کپڑے بھی چھوٹے نہ ہوں-
 
 
اس حوالے سے ریان نامی ایک شخص نے بچوں کے لیے ایسے کپڑے بنانے کا فیصلہ کیا جو کہ بیک وقت ایک سال سے چار سال کی عمر تک کے بچے کو فٹ آسکتا ہے- یہ ڈریس سات مختلف سائز کے بچوں کے لیے بیک وقت بنایا گیا ہے اور یہ مختلف عمر کے بچوں کے حساب سے بنایا گیا ہے-
 
پلاسٹک کی بوتلوں سے تیار ہونے والا لباس
ریان نامی سائنسدان نے یہ کپڑا پلاسٹک کی پرانی بوتلوں سے بنایا ہے جو کہ ماحول دوست بھی ہے اور اس کے اندر فولڈ یا تہیں موجود ہیں- جن کی وجہ سے یہ کپڑا سکڑ جاتا ہے اور جیسے جیسے بچے کا قد بڑھتا جاتا ہے اس کپڑے کے فولڈ بھی کھلتے جاتے ہیں اور یہ بچے کے ناپ کے حساب سے فکس ہوتا جاتا ہے اور اس طرح سے یہ کپڑے بچے صرف چند ماہ نہیں بلکہ کئی سالوں تک استعمال کر سکتے ہیں-
 
ہر موسم کے لیے مناسب
اس کپڑے کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہ نائلون کے مٹیریل سے تیار ہوتا ہے اس وجہ سے یہ مختلف موسمی اثرات کا سامنا بھی کر سکتا ہے- اس کے ساتھ ساتھ یہ لباس مضبوط ہوتا ہے اس وجہ سے اس کو کئی سال تک بچے استعمال کر بھی لیں تو اس کے پھٹنے کے امکانات کم ہی ہوتے ہیں-
 
image
 
تاہم یہ کپڑے ابھی تجرباتی طور پر تیار کیے گئے ہیں اور امکان یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی مارکیٹ میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے اور ان والدین کے لیے خوشی کی خبر بنیں گے جو کہ بڑھتے بچوں کے کپڑوں کی خریداری کے حوالے سے پریشانی کا شکار رہتے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: