چین کے صوبہ زے جیانگ کے شہر ای وو کو مصنوعات کی وافر
اقسام، آسان اور تیز لاجسٹکس، اور ایک اچھے کاروباری ماحول کی وجہ سے اکثر
"دنیا کی سپر مارکیٹ" کہا جاتا ہے. ای وو مشرقی چین کے صوبہ زے جیانگ کا
ایک شہر ہے، تقریباً 1.2 ملین افراد پر مشتمل یہ کاؤنٹی سطح کا شہر دنیا
بھر میں روزمرہ اشیاء کی سب سے بڑی مارکیٹ کی موجودگی کی وجہ سے مشہور ہے۔
ایک ایسا شہر جہاں آپ دنیا کی تمام چھوٹی بڑی کارآمد چیزیں خرید سکتے ہیں ۔
لباس، جوتے اور ٹوپیاں، ہارڈ ویئر، گھڑیاں، کھلونے غرضیکہ آپ کی روزمرہ
ضرورت کی تمام چیزیں یہاں مل سکتی ہیں۔اسی باعث گزشتہ دس سالوں میں ای وو
کی برآمدات کی مالیت میں 5۔4 گنا کا اضافہ ہوا ہے، درآمدات کی مالیت میں 10
گنا کا اضافہ ہوا ہے۔ اندرون ملک اس شہر کی مصنوعات 1500 سے زائد شہروں تک
پہنچائی جا رہی ہیں، بیرونی ممالک کے تناظر میں یہ "دی بیلٹ اینڈ روڈ" سے
منسلک ہے اور یہاں سے 275 بین الاقوامی ٹرینیں دنیا بھر تک جاتی ہیں۔
شہر میں واقع ای وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ میں تقریباً 75 ہزار تاجر کام
کرتے ہیں۔اس مارکیٹ کی وسعت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ
اندازے کے مطابق اگر اس تجارتی سینٹر میں ہر روز 8 گھنٹے رکیں اور ہر دکان
میں 3 منٹ ٹھہریں، تو تمام دکانوں کو دیکھنے میں ایک سال اور پانچ ماہ لگ
سکتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہزاروں بین الاقوامی کاروباری افراد اپنے چینی ہم
منصبوں کے ساتھ تجارت کرنے کے لئے روزانہ یہاں آتے ہیں۔
یہاں کے تاجروں نے ابھی حال ہی میں خرگوش کے سال میں اپنے پہلے کاروباری دن
کا خیر مقدم کیا ہے۔یہ بات قابل زکر ہے کہ یہاں کاروبار میں یک دم تیزی
دیکھی گئی ہے اور کئی تاجروں کو تو جون تک شیڈول آرڈرز موصول ہو چکے ہیں ،
اسی باعث اندازہ لگایا ہے کہ رواں سال ای وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ میں
کاروبار کا حجم پچھلے دو سالوں کے مقابلے میں 30 فیصد زائد ہو گا۔یہ امر
حیران کن ہے کہ دنیا بھر کے 100 سے زائد ممالک اور خطوں کےہزاروں تاجر
روزانہ یہاں کی تجارتی منڈیوں میں کاروبار کرتے ہیں اور آج وہ چینی معاشرے
کا ایک اہم حصہ بن چکے ہیں.اسی طرح ہر سال لاکھوں غیر ملکی تاجر بھی اس
مارکیٹ سے خریداری اور کاروباری سمجھوتوں کی تلاش میں ای وو کا رخ کرتے
ہیں۔
دوسری جانب یہ امر بھی حوصلہ افزاء ہے کہ وبائی صورتحال کے دوران یہاں کے
تاجروں نے اس مدت کو ایک موقع میں تبدیل کرتے ہوئے کئی نئے اقدامات اپنائے
ہیں۔یہاں کام کرنے والی کمپنیوں نے اپنی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سرمایہ کاری
کو مضبوط کیا ، ڈیجیٹل تبدیلی کی صلاحیت کو بلند کیا ، اور نئی مصنوعات کی
لانچنگ اور معیار اور کارکردگی کو بہتر بنا کر اپنی مارکیٹ مسابقت کو بہتر
بنایا ہے۔ حالیہ عرصے میں ای وو انٹرنیشنل ٹریڈ مارکیٹ نے لائیو اسٹریمنگ
اور ای کامرس، ڈیجیٹل معیشت کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھا کر اپنی معاشی ترقی
کو فروغ دیا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں یہاں کے کاروباری اداروں کی ترقی کی شرح
میں بھی نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔دوسری جانب ای وو مارکیٹ آپریشن سے
وابستہ صنعتی چین کی مختلف معاون خدمات ، جیسے لاجسٹکس ، ایکسپریس ڈلیوری ،
ای کامرس اور دیگر صنعتوں کو بھی دوبارہ ایک نئی طاقت سے کھولنے کے لئے
تیار کیا گیا ہے۔اس کے ثمرات یوں بھی برآمد ہوئے ہیں کہ اس شہر کی فیفا
ورلڈ کپ 2022 سے متعلق تیار کردہ مصنوعات بشمول ملبوسات ، جوتوں ،جھنڈوں
وغیرہ کو غیر ملکی صارفین میں بے حد مقبولیت ملی ہے۔یوں ای وو شہر اپنی
زبردست پیداواری صلاحیت اور نت نئی اختراعات کے ساتھ "میڈ ان چائنا" کو ایک
نئے عروج کی جانب لے جا رہا ہے۔
|