نہ بھاری انویسٹمنٹ چاہیے نہ نوکری چھوڑنے کی ضرورت، کچھ طریقے جن سے آپ لاکھوں روپے کما سکتے ہیں لیکن پھر بھی نہیں کماتے

image
 
آج کل جس انسان کے پاس بیٹھو یہی سننے کو ملتا ہے کہ گزارہ نہیں ہوتا ہے مہنگائی نے ہر چیز کو آگ لگا رکھی ہے آمدنی کم اور اخراجات زیادہ ہیں یا پھر بھائی تم بتاؤ کہ کیسے گزارہ کریں اور اپنی آمدنی کو بڑھانے کے طریقے کیا ہو سکتے ہیں-
 
پارٹ ٹائم کام اگر کوئی ہو تو بتاؤ
یہ بھی ایسا جملہ ہے جو اکثر افراد بولتے نظر آتے ہیں کہ آمدنی میں اضافے کے لیے کوئی جزوقتی کام ہو تو بتاؤ۔ سنا ہے لوگ آن لائن کام کر کے اور سوشل میڈيا کے ذریعے لاکھوں کما رہے ہیں ایسا کوئی کام ہو تو ہمیں بھی بتاؤ-
 
ایسے افراد کو جب مشورہ دیا جاتا ہے کہ آپ آن لائن فارغ وقت میں بہت سارے کام کر سکتے ہیں یو ٹیوب ویڈيو بنا سکتے ہیں ٹک ٹاک کے ذریعے بھی لوگ لاکھوں کما رہے ہیں۔ انفلوئنسر بن جائيں یا پھر آن لائن چیزوں کی خرید و فروخت کر لیں یہ سارے کام ایسے ہیں جن کے لیے نہ تو کسی بڑی انویسٹمنٹ کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی اپنی نوکری یا کاروبار چھوڑنے کی، بلکہ ان سارے کاموں کے ساتھ ساتھ اضافی آمدنی کا بندوبست کیا جا سکتا ہے-
 
اکثر افراد ایسے مشوروں کے بعد فوراً عمل بھی کر ڈالتے ہیں لیکن ایک مہینے بعد ہی یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ بھائی کوئی پیسہ نہیں ہے اس کام میں، وقت کا زیاں ہے۔ جھوٹ بولتے ہیں لوگ کہ اس کام میں کمائی ہے وغیرہ وغیرہ-
 
دوسرے کامیاب مگر آپ ناکام وجہ کیا؟
مگر کیا کبھی آپ نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیا وجہ ہے کہ اس کام میں جس میں اپنی جیب سے کچھ خرچ نہیں کرنا پڑتا کچھ لوگ کامیاب اور کچھ ناکام کیوں ہو جاتے ہیں- تو آج ہم آپ کو وہ وجوہات بتائيں گے جو کہ آپ کو اس کام میں کامیابی سے کوسوں دور کر کے مایوسی کا شکار کر دیتی ہے-
 
image
 
1: مستقل مزاجی کی کمی
عام طور پر کسی بھی کام کو شروع کر کے اس میں کامیاب ہونے کے لیے ایک وقت کی ضرورت ہوتی ہے کسی بھی کاروبار میں راتوں رات لاکھوں روپے کا منافع ہونا ممکن نہیں ہوتا- آن لائن بھی ایسا ہی کام ہے جس میں مستقل مزاجی کی سب سے زيادہ اہمیت ہوتی ہے چاہے وہ کام یوٹیوب سے ویڈيوز بنانے کا ہو یا آن لائن کسی چیز کی خرید و فروخت یا پھر فیس بک ایڈ کے ذریعے منافع کمانا ہر ایک کے لیے کم از کم ایک سال تک مستقل مزاجی سے روزانہ کی بنیاد پر کام کرنا ہی فائدہ مند ہو سکتا ہے-
 
2: یکسانیت
سوشل میڈیا ایک ایسی جگہ ہے جہاں پر لوگوں کی ترجیحات ہر روز تبدیل ہو رہی ہوتی ہے اس وجہ سے یہاں پر اگر کامیاب ہونا ہے تو اس کے لیے جدت لانا ضروری ہے- اگر آپ کسی دوسرے فرد کو دیکھتے ہوئے اس جیسی ویڈیو یا اس جیسے کپڑے آن لائن بیچنا چاہیں گے تو سوال یہ ہے کہ لوگ ایک کامیاب فرد کے بجائے آپ سے خریداری کیوں کریں گے یا آپ کی ویڈیو کیوں دیکھیں گے- لہٰذا اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو آپ کو کچھ نیا کر کے دکھانا ہے اس وجہ سے کام شروع کرنے سے پہلے مکمل ریسرچ کریں تاکہ یہ جان سکیں کہ لوگ کیا چاہتے ہیں اس کے بعد اس کے مطابق پورے خلوص کے ساتھ کام کریں اور کامیاب ہو جائيں- مگر ایک جیسی بھیڑ چال کا شکار افراد جو دوسروں کو دیکھ کر کام شروع کرتے ہیں اور ان جیسا کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں وہ اس شعبے میں کام کرنے کے باوجود کامیابی سے کوسوں دور رہتے ہیں-
 
3: محنت کا فقدان
محنت کرنے کا قطعی یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ نے گھنٹوں گدھوں کی طرح کام کرنا ہے بلکہ آن لائن کے شعبے میں کامیابی کے لیے اگرچہ آپ کو پیسے نہیں خرچ کرنے ہیں مگر آپ کو اسمارٹلی محنت ضرور کرنی ہوگی- اگثر لوگ اس شعبے میں اس لیے بھی ناکام ہو جاتے ہیں کہ وہ ابتدا میں تو کئی گھنٹوں تک کام کرتے ہیں مگر رفتہ رفتہ ان کی دلچسپی کم ہونی شروع ہو جاتی ہے اور ان کو یہ کام بوجھ لگنے لگتا ہے اور ایسے ہی لوگ ہوتے ہیں جو کہ اس شعبے میں کامیابی سے محروم رہتے ہیں-
 
image
 
4: ٹیکنالوجی سے لاعلمی
ہم باتیں تو بڑی بڑی کرتے ہیں مگر جب معاملہ کچھ سیکھنے کا آتا ہے تو ہماری قوم کا سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم نئی ٹیکنالوجی کو سیکھنے کے لیے تیار نہیں ہوتے ہیں- یہی وجہ ہے کہ ٹیکنالوجی کی کمی کی وجہ سے بہت سارے چیزیں ہم ایسے انداز میں نہیں کر سکتے ہیں جو ہمارے لیے مددگار ثابت ہو اس وقت آن لائن کام کرنے کے بہت سارے مواقع موجود ہیں ڈھیروں ایسی ویب سائٹس موجود ہیں جو لوگوں کو ڈالرز میں کمانے کے مواقع فراہم کر رہی ہیں- مگر اس کے لیے کچھ نئی چیزوں کو سیکھنا ضروری ہوتا ہے جو کہ ہم انٹرنیٹ کی مدد سے بغیر پیسہ خرچ کیے بھی سیکھ سکتے ہیں- لیکن اپنی ازلی سستی کی وجہ سے آمدنی کی کمی اور اخراجات کا رونا تو رو لیتے ہیں مگر کچھ نیا سیکھنے کو تیار نہیں ہوتے ہیں-
 
یہ تمام ایسی کمزوریاں ہیں جو ہم میں سے زيادہ تر افراد میں موجود ہوتی ہیں اور ہم کو کامیاب ہونے نہیں دیتی ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: