پاکستان توڑنے کی سازشیں اور مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبریں

حکیم لقمان ؒسے منسوب ایک حکایت میں تحریر ہے کہ ایک مالدار آدمی کا ایک بیٹا تھا وہ اسے بہت پیار کرتا تھا وہ آدمی خواب اور شگون پر بہت یقین رکھتا تھا اس کے بیٹے کو شکار کا بہت شوق تھا اور وہ ہر روز صبح شکار کو چلاجاتا ایک رات اس کے باپ نے خواب دیکھا کہ اس کے بیٹے کوشیر مار کر کھا گیا ہے اس نے سوچاکہ اب بیٹے کو جنگل میں نہیں جانے دینا چاہیے ایسا نہ ہو کہ یہ خواب سچا ہو اس نے ایک نئے مکان میں اپنے بیٹے کو رکھا اور خیال کیا کہ وہ شکار پر نہ جائے اپنے بیٹے کے آرام سکون اور سہولت کا مکمل سامان مہیاکیا اور اس میں ہر اس جانور کی تصویر بنا کر رکھوائی جس کا شکار اسکے بیٹے نے کیا تھا ان میں شیر کی تصویر بھی تھی ایک دن وہ لڑکا شیر کی تصویر غصے سے دیکھ کر بولا تیری ہی وجہ سے میرے باپ نے مجھے اس مکان میں قید کیا ہوا ہے اے بدذات حیوان تو تو جنگل میں آزادپھرتا ہے اور میں یہاں قید میں ہوں اگر میں باہر ہوتا تو آزادی سے ادھر ادھر پھرتا اور اگر میرے پاس تلوار ہوتی تو تیرے سینے پر مارتا ۔

یہ کہہ کر اسنے غصے میں آکر دیوار جس پر شیر کی تصویر تھی اس پر مکا مارا دیوار پر ایک کیل لگی ہوئی تھی اس کا ہاتھ اس کیل سے زخمی ہوا وہ زخم بڑھتا گیا آخر کار وہ لڑکا اسی زخم کی وجہ سے مر گیا اس کے باپ نے تدبیر تو کی لیکن جو ہونی تھی وہ ہو کر رہی ۔۔

قارئین اس وقت ملک شدید ترین خطرات سے دوچار ہے امریکی ڈرون حملوں ،خود کش دھماکوں ،افواج پاکستان کے خلاف سازشوں ،سیاسی قوتوں کو بے مقصد ایشوز پر لڑائی جھگڑے میں دست وگریبان کرنے کے بعد جو تازہ ترین قسط قائد تحریک ایم کیو ایم الطاف حسین کے تیز وتند اور الزامات پر مبنی گھنٹوں پر مشتمل ٹیلی کانفرنس کی ریلیز کی صورت میں سامنے آئی ہے اس نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر صوبائی حکومت ڈاکٹر ذوالفقارمرزا نے جو آتشیں خطاب پریس کانفرنس کی صورت میں کیا تھا اس نے پاکستانی سیاست میں ایسی ہلچل مچائی تھی کہ پورا میڈیا ہنوز اس کے اثرات سے نہیں نکل پایا ڈاکٹر ذوالفقارمرزانے ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کو امریکہ اور بعض دیگر قوتوں کے اشارے پر پاکستان توڑنے کی سازش میں برابر شریک شخصیت قرار دیاتھا اور سر پر قرآن پاک رکھ کر یہ قسم کھائی تھی کہ پاکستان توڑنے کی سازشیں اس وقت عروج پر ہیں اور سندھ میں ہونے والے دہشت گردی اور قتل غارت کے واقعات کی بھی مکمل ذمہ داری جن ٹارگٹ
کلر ز کے سر ہے ان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے ڈاکٹر مرزا کا یہ بھی کہنا تھا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کو رحمان ملک وزیر داخلہ غلط رپورٹس دے رہے ہیں اور رحمان ملک ایک ایسی پراسرار شخصیت ہے کہ سمجھ نہیں آتا کہ کیا وجہ ہے کہ ان کی ہر بات مان لی جاتی ہے جبکہ دیگر زعماءکی درست باتیں بھی تسلیم نہیں کی جاتیں ڈاکٹر ذوالفقارمرزا کا الیکٹرانک میڈیا پر براہ راست گفتگوکے دوران سوال جواب کے سلسلہ میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا کہ رحمان ملک بینظیر بھٹو شہیدسے برطانیہ میں سیاسی قربت اختیارکرتے ہوئے ان کے ساتھ وطن واپس آئے اور ان کی شہادت کے بعد اس وقت اس پوزیشن پر براجمان ہیں جسے صدر پاکستان بھی نہیں چیلنج کرسکتے ان کی گفتگو میں یہ بھی واضح ہوا کہ پاکستان توڑ کر بلوچستان کو ایک علیحدہ ملک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

قارئین ڈاکٹر ذوالفقارمرزا کے ان تمام الزامات کا ایم کیو ایم کی جانب سے اب تک کوئی بھی واضح جواب نہیں آیا تھا لیکن الطاف حسین سربراہ ایم کیوایم کے متعلق بعض غیر ملکی اخبارات کے حوالے سے یہ خبریں ضرور پاکستانی میڈیا کی زینت بنیں کہ الطاف حسین برطانیہ سے جنوبی افریقہ جانا چاہتے تھے لیکن برطانوی سکیورٹی اداروں نے انہیں اجازت دینے سے انکار کردیا ۔

الطاف حسین کی ٹیلی کانفرنس میں پاکستان توڑنے کی سازشوں کے ڈاکٹر ذوالفقارمرزا کے انکشاف کی خبر پر مہر تصدیق ثبت کردی الطاف حسین نے بھی بتایا کہ سندھ اور بلوچستان کو علیحدہ ممالک اورپنجاب کا نصف حصہ صوبہ سرحد سمیت افغانستان کے حوالے کرنے کے منصوبے پر کام ہو رہا ہے اور بقول ان کے ایم کیو ایم اور الطاف حسین پاکستان توڑنے کی ان سازشوں کے خلاف سب سے بڑی رکاوٹ ہیں انہوںنے چیف جسٹس آف پاکستان ، چیف آف آرمی سٹاف اور آئی ایس آئی چیف کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کا تمام عمل شفاف ہونا چاہیے اور عدلیہ اور ملکی دفاع کے ذمہ دار ادارے اپنا کردار اداکریں اس کانفرنس میں انہوں نے میاں محمد نواز شریف ،آصف علی زرداری ،اسفندیار ولی اور سیاسی جماعتوں مسلم لیگ ن ،پاکستان پیپلزپارٹی ،جماعت اسلامی ،اے این پی اور درجہ بہ درجہ تمام طبقات کو الزامات اور مناسب القابات سے نوازا اور حتیٰ کہ قرآن پاک بھی ہاتھ میں تھام کر کچھ غیر محتاط انداز میں علماءکرام کے متعلق بھی باتیں کیں۔

قارئین ہم نہ تو آج کے کالم میں ڈاکٹر ذوالفقارمرزا کے حق میں کوئی بات کررہے ہیں اور نہ ہی الطاف حسین کے متعلق کوئی نیا کبوتر کسی مداری کی طرح منہ سے نکالنے والے ہیں ہماری صرف اور صرف تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں ،ملکی سکیورٹی کے ذمہ دار ادروں اور پاکستانی عوام سے یہ دردمندانہ گزارش ہے کہ پاکستان ٹوٹنے سے بچایا جائے اور جو لوگ بھی اس سازش میں ملوث ہیں انہیں چوکوں پر تختہ دار پر لٹکادیا جائے یہ ملک اس دور کا اللہ کا ایک تحفہ تھا جو پوری دنیا کے مسلمانوں کی قیادت کے لیے بناتھا اس کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون اور لاکھوں عصمتیں ہیں اور یہ یقین رکھیںجوبھی اس معجزے کے خلاف کچھ بھی کرے گا اسے بھگتنا پڑے گا ۔۔۔

قارئین یہاں موضوع کے دوسرے حصے کی طرف آتے ہیں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے اداروں نے مقبوضہ کشمیر میں گمنام قبروں میں 2056کشمیریوں کے مدفون ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مکمل تحقیقات کروا کر پوری دنیا کے سامنے لاپتہ افراد کے متعلق حقائق رکھے کیونکہ بھارت نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے حق میں انٹرنیشنل ٹریٹی پر دستخط کررکھے ہیں ۔

یہ تو وہ اعدادوشمارہیں کہ جو سامنے آئے ہیں ابھی نجانے اور کتنے ہزار کشمیریوں کے قتل کی خبریں ہیں جوبھارت میں ابھی تک چھپارکھی ہیں یہ لاپتہ افراد وہ کشمیری ہیں کہ جو حق خود ارادیت اور آزادی کی دلہن کے حصول کی خاطر جان کی بازی ہارگئے ہیں اور ہونٹوں کے پھولوں کی چاہت میں تاریک راہوں میں مارے جاچکے ہیں ان شہداءکو گمنام قبروں میں دفن کردیا گیا ہے اور اب حقائق ایک ایک کر کے مہذب دنیا کے سامنے آرہے ہیں اس سلسلہ میں سنجیدگی کے ساتھ بین الاقوامی فورمز پر کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ گزشتہ 64سالوں کے دوران ہماری حکومتوں کی یہ معصوم خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہوسکی کہ اقوام متحدہ اور بھارت ان قراردادوں پر عمل کریں جو اتفاق رائے سے اقوام عالم نے کشمیری قوم کے حق میں منظور کی تھیں بقول غالب
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے
بہت نکلے مرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے
ڈرے کیوں میرا قاتل ؟کیا رہے گا اسکی گردن پر ؟
وہ خوں جو چشمِ ترسے عمر بھر یوں دمبدم نکلے
نکلنا خلد سے آدم کا سنتے آئے ہیں لیکن
بہت بے آبروہوکر ترے کوچے سے ہم نکلے
بھرم کھُل جائے ظالم تیرے قامت کی درازی کا
اگر اس طرّ ہ پر پیچ وخم کا پیچ وخم نکلے
مگر لکھوائے کوئی اس کو خط تو ہم سے لکھوائے
ہُوئی صبح ،اور گھر سے کان پر رکھ کر قلم نکلے

قارئین کشمیر کا کیس کشمیریوں کے بڑے بھائی نے لڑنا تھا اور گزشتہ کئی دہائیوں سے یہ بڑابھائی ہی پوری دنیا میں چومکھی جنگ لڑتے ہوئے کشمیریوں کی آزادی کی بات کررہا ہے آج اسی بڑے بھائی کی بقا اور وجود کے خلاف سازشوں کے تانے بانے بنے جارہے ہیں پوری دنیا میں آباد کشمیری رضا کار سفیروں کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف ان سازشوں کو ناکام بنائیں کیونکہ یہی ہمارے وجو دکی علامت ہے اور پاکستان کے استحکام ہی سے مسئلہ کشمیر کا حل نکلے گا ہمیں امید ہے کہ سیاسی مداری مزید کرتب دکھانے سے باز آئیں گے اور ملکی بقا کیلئے اپنا مثبت کردار اداکریں گے ۔

ٓآخر میں حسب روایت لطیفہ پیش خدمت ہے
استاد نے کلاس میں کہا کہ آج کے ٹیسٹ میں سب کو صفائی کے دس نمبر علیحدہ ملیں گے
ٹیسٹ کے بعد استاد نے کہا اسلم تم نے کچھ نہیں لکھا تمہارا پرچہ بالکل صاف ہے
اسلم نے جواب دیا
”جنا ب اسی صفائی کے تو دس نمبردے دیں “

قارئین بھارت جس صفائی سے کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے اور پاکستان توڑنے کی سازشوں میں ملوث ہے سمجھ میں نہیں آتا کہ اس صفائی پر اسے کتنے نمبر دیئے جائیں ۔۔۔؟
Junaid Ansari
About the Author: Junaid Ansari Read More Articles by Junaid Ansari: 425 Articles with 374262 views Belong to Mirpur AJ&K
Anchor @ JK News TV & FM 93 Radio AJ&K
.. View More