|
|
ائیر کنڈیشن ایک لگژری آئٹم ہے اور اسے خریدنا یا
استعمال کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہے- جس کی وجہ ایک طرف تو اس کی
بلند قیمتیں ہیں جبکہ دوسری جانب اس کے استعمال سے ہونے والا بجلی کے بل
میں اضافہ ہے- لیکن اگر آپ ان باتوں سے آگے بڑھ بھی جاتے ہیں تو اس کی دیکھ
بھال کو یقینی بنائیں ورنہ یہ خراب ہونے کی صورت میں نہ صرف بجلی کا بل
مزید بڑھا دیتا ہے بلکہ اس کی تبدیلی یا مرمت پر بھی بھاری لاگت کا سامنا
کرنا پڑتا ہے-
ائیر فلٹر کو صاف کریں
ائیر کنڈیشن کے انڈور یونٹ میں موجود ائیر فلٹر کو ہر ہفتے لازمی صاف کریں-
یہ ائیر فلٹر مٹی اور دھول سے گندے ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے کولنگ میں
رکاوٹ پیدا ہوتی ہے- اس کے علاوہ یہی مٹی ہوا اور کولنگ میں شامل ہوکر آپ
کی سانس کے ذریعے جسم میں بھی داخل ہوجاتی ہے جو یقیناً صحت کے لیے نقصان
دہ ہے-
|
|
|
کنڈنسر کوائل کو بھی صاف
کریں
ائیر کنڈیشن کنڈنسر کوائل آپ کے کمرے میں موجود ہوا کے اندر پائی جانے والی
گرمی کو ختم کرتی ہے- لیکن جب زیادہ وقت تک انہیں صاف نہ کیا جائے تو ان کی
صلاحیت کم ہونے لگتی ہے- جس کی وجہ سے سسٹم کو کام کرنے میں مشکل کا سامنا
کرنا پڑتا ہے اور یوں وہ توانائی زیادہ خرچ کرنے لگتا ہے- اس صفائی کے لیے
آپ کو ایک نرم ویکیوم برش لازمی درکار ہوگا-
تھرموسٹیٹ چیک کریں
تھرموسٹیٹ آپ کے ائیر کنڈیشن کا کنٹرول سینٹر ہوتا ہے اس لیے اس کا درست
کام کرنا بہت ضروری ہوتا ہے- اس کی سیٹنگ کو سب سے کم درجہ حرارت پر رکھ کر
لازمی چیک کریں- اگر ائیر کنڈیشن آن نہ ہو تو بیٹری تبدیل کر کے دیکھیں-
اگر کام نہ کریں تو پھر کسی تجربہ کار ٹیکنیشن کی خدمات حاصل کریں-
|
|
|
باقاعدگی سے مینٹیننس
کروائیں
سال میں ایک بار وقت پر اور باقاعدگی سے اپنے ائیر کنڈیشن کی سروس کروائیں-
اس عمل سے آپ کا ائیر کنڈیشن بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا- یہ سروس نہ
صرف آپ کو اضافی مرمت سے بچاتی ہے بلکہ اے سی کی زندگی کو بھی بڑھاتی ہے-
اس کے علاوہ بجلی کے بل میں کمی لانے کا سبب بھی بنتی ہے- |