|
|
حرا اپنی فیملی کے ساتھ لاہور سے سرگودھا بذریعہ موٹروے سفر
کر رہی تھیں جب انھیں کار کے اگلے حصے سے اچانک اونچی آواز سُنائی دی اور
پھر تیز جھٹکوں کے ساتھ تیز رفتار کار لڑکھڑانے لگی۔
صورتحال اتنی خراب ہوئی کہ تیز رفتاری کے لیے مختص کی گئی دائیں لین پر کار
کو کنٹرول میں رکھنا مشکل ہو گیا۔
اس موقع پر ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ان کے بھائی کے ذہن میں وہ احتیاطی
تدابیر تازہ ہو گئیں جو انھوں نے چند روز قبل ایک ویڈیو میں دیکھیں تھیں۔
یہ ویڈیو ان کے والد نے ان کے ساتھ واٹس ایپ کے ذریعے شیئر کی تھیں۔
اس ویڈیو میں بتایا گیا تھا کہ اگر ہائی وے پر آپ کی تیز رفتار کار کا ٹائر
برسٹ (پھٹ) ہو جائے تو آپ نہ زور سے بریک دبائیں اور نہ ہی اچانک ایکسلریٹر
سے پیر ہٹائیں۔
انھوں نے ان ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کار کی رفتار آہستہ آہستہ کم کی، پھر
سٹیئرنگ وہیل آہستہ سے موڑا اور گاڑی کو بائیں جانب پیلی لکیر کے اندر پارک
کر کے ہیلپ لائن پر رابطہ کیا۔
پاکستان میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی موٹرویز اور ہائی ویز پر سفر کرنے والے
بہت سے صارفین نے اس سے ملتے جلتے اپنے حالیہ تجربات شیئر کیے ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ گرمی بڑھنے سے ٹائر برسٹ ہونے کا خدشہ بڑھ سکتا ہے
اور یہ سڑک پر حادثات کا سبب بنتا ہے۔ لہٰذا اس سلسلے میں احتیاط لازم ہے۔
|
|
|
شدید گرمی میں ٹائر
پھٹنے کا خدشہ کیوں بڑھ جاتا ہے؟
کئی ملکوں میں موسم سرما اور موسم گرما میں الگ الگ ٹائر استعمال کیے جاتے
ہیں اور موسم کی مناسبت کے ساتھ ٹائر تبدیل بھی کر لیے جاتے ہیں۔
ٹائر سیفٹی پر یورپی کمیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ
آپ کے ٹائر کی روڈ پر گرپ کیسی ہے، اس میں ایئر پریشر یعنی ہوا کا دباؤ
کتنا ہے اور ٹائر کتنا پرانا ہے۔
ٹائر گرپ، یعنی ٹائر کی گاڑی کو سڑک پر قابو میں رکھنے کی صلاحیت، میں کمی
کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جیسے ٹریڈ کی موٹائی۔ ٹریڈ سے مراد ٹائر کی وہ
سطح ہے جو سڑک سے رگڑ کھاتی ہے اور اس میں کمی سے گاڑی کو روکنے میں مشکلات
پیش آ سکتی ہیں، یا کار بے قابو ہو سکتی ہے۔
ٹائر گرپ کا تعلق اس بات سے بھی ہے کہ ٹائر کتنا پرانا ہے اور اس میں ہوا
کا دباؤ کتنا ہے۔
تو پھر ٹائر پھٹتا کیوں ہے؟ ایسا اس صورت میں ہوتا ہے کہ جب آپ کے ٹائر میں
ہوا کا دباؤ تجویز کردہ حد سے کم یا اس سے بہت زیادہ ہو۔ یا ایجنگ (ٹائر کا
پرانا ہو جانا) سمیت کسی دوسری وجہ سے ٹائر کی حالت قابل استعمال نہ رہے۔
رپورٹ کے مطابق ماحولیاتی عوامل جیسے شدید گرمی، دھوپ، الٹرا وائلٹ شعاعیں
یا نمی سے ربڑ کی خصوصیات تبدیل ہو جاتی ہیں اور یوں ٹائر کی مضبوطی اور
لچک متاثر ہوتی ہے۔
غیر منافع بخش تنظیم ’رائل سوسائٹی فار دی پریوینشن آف ایکسیڈنٹس‘ کے مطابق
ٹائر میں ہوا کم یا زیادہ ہونا دونوں ہی حادثات کا باعث بن سکتا ہے۔
زیادہ ہوا سے ٹائر کا قطر پھیل جاتا ہے، سڑک کے ساتھ لگنے والا ٹریڈ سُکڑ
جاتا ہے، لچک میں کمی آتی ہے اور اس کی روڈ گرپ متاثر ہوتی ہے۔ جبکہ ہوا
میں کمی سے قطر سکڑتا ہے اور ٹائر کا درجہ حرارت بڑھتا ہے جس کے بعد کار کو
قابو میں رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
اس لیے موسم گرما میں سفر کے دوران آپ کو یہ بات معلوم ہونی چاہیے کہ ربڑ
سے بنے ٹائر وقت کے ساتھ خراب ہونے لگتے ہیں اور یہ عمل زیادہ گرمی میں تیز
ہو سکتا ہے۔
بعض ٹائروں پر درجہ حرارت کے گریڈ اے، بی اور سی بھی درج ہوتے ہیں جو ظاہر
کرتے ہیں کہ یہ زیادہ گرمی کتنی دیر تک برداشت کر سکتے ہیں۔
|
|
مزید یہ کہ درجہ حرارت میں تبدیلی کے ساتھ آپ کے ٹائر کا ایئر پریشر بھی
تبدیل ہوتا ہے۔ ٹائر بنانے والی کمپنی ’برجسٹون‘ کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت
میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ کی تبدیلی سے ٹائر میں ہوا کا پریشر 0.1 پی ایس آئی
تک بڑھتا ہے۔
مسافر کاروں میں عموماً ہوا کے دباؤ کی تجویز کردہ حد 30 سے 35 پی ایس آئی
کے بیچ ہوتی ہے اور اضافی پریشر سے اس کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
برجسٹون کے مطابق ٹائروں میں ہوا زیادہ ہونے سے بریک لگنے کا عمل متاثر
ہوتا ہے اور ٹائر جلدی گِھس جاتے ہیں۔
موٹروے پر دوران ڈرائیونگ ٹائر پھٹنے پر
کیا کرنا چاہیے؟
سب سے پہلی بات یہ کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے اور یہی ہدایت امریکہ میں
نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے بھی دی ہے۔ مقصد یہ ہے کہ ہر حال
میں گاڑی کا توازن برقرار رہے اور اس کی سمت کو قابو میں رکھا جائے۔
اس کے مطابق ٹائر پریشر برقرار رکھنے سے ٹائر برسٹ کے واقعات کو ٹالا جا
سکتا ہے تاہم یہ ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا۔ سامنے کے ٹائر پھٹنے سے ڈرائیور
سٹیئرنگ وہیل پر دباؤ محسوس کرتا ہے جبکہ پیچھے کے ٹائر پھٹنے سے زیادہ
دباؤ سیٹ یا کار کا ڈھانچہ برداشت کرتا ہے۔
تیز رفتار سڑک پر دوران ڈرائیونگ ٹائر پھٹنے پر آپ کو ان ہدایات پر عمل
کرنا چاہیے:
دونوں ہاتھوں سے سٹیئرنگ وہیل کو مضبوطی سے پکڑ لیں
فوراً زور سے بریک نہ لگائیں
رفتار کم کرنے کے لیے پہلے آرام سے ایکسلریٹر سے پیر ہٹائیں
جس سمت اور حفاظتی جگہ کی جانب آپ کار کو لے جانا چاہتے ہیں اس طرف سٹیئرنگ
کو آہستگی سے موڑ دیں
کار کا توازن ٹھیک ہونے پر اسے محفوظ مقام پر پارک کر دیں
اب آپ ٹائر کو تبدیل کر سکتے ہیں یا ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں
تاہم اگر آپ چاہتے ہیں کہ اس نوبت تک بات نہ پہنچنے تو اپنے ٹائر کا پریشر
باقاعدگی سے چیک کریں اور پرانے ٹائروں کو بروقت تبدیل کریں۔ |
|
Partner Content: BBC Urdu |