بڑھتی ہوئی مہنگائی نے لوگوں کا جینا حرام کررکھا ہے ‘ ایک جانب ہر چیز کے نرخ آسمان سے باتیں کررہے ہیں تو دوسری جانب اداروں میں تنخواہیں اور ان میں اضافہ انجماد کا شکار ہے ۔ معاشی بدحالی کو بنیاد بناکر بہت سے اداروں بالخصوص میڈیا ہاوسز میں تنخواہیں تاخیر سے دینا معمول کی بات ہے جبکہ تنخواہوں میں اضافہ تو خواب و خیال ہی ہے لیکن اسی صورتحال میں وطن عزیز کا ایک ادارہ ایسا بھی ہے جس نے جب آج سے ایک دہائی قبل اپنے اسٹاف کو تنخواہیں ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو دینے کا عزم کیا تو اس پر آج بھی انتہائی سختی سے کاربند ہے ‘ یہ وہ ادارہ ہے جہاں ایسے ملازمین بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں جنہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز اس جگہ سے کیا اور آج کئی سال گزرنے کے باوجود اس ادارے سے محض اس وجہ سے کوچ کرنے کو تیار نہیں ہیں کہ چند اضافی پیسوں کیلئے ملازمین کو ”خاندان“سمجھ کر ان کے دکھ سکھ میں ساتھ دینے والی انتظامیہ سے محرومی کا دکھ نہیںجھیلا جاسکتا۔ سمجھنے والے یقیناسمجھ گئے ہوں گے کہ ہم بات کررہے ہیں ”ہم نیٹ ورک “ کی جس نے اپنے قیام سے لے کر اب تک جہاں ترقیوں کی شاندار منازل طے کیں وہیں اپنے ملازمین کا ہر قدم پر خیال رکھتے ہوئے ان کی فلاح و بہبود کیلئے انتہائی مناسب اور جرات مندانہ اقدامات اٹھائے اور سلسلہ ابھی جاری ہے۔ یادش بخیر ایک دہائی قبل میڈیا انڈسٹری بحرانی کیفیت کا شکار ہوئی ‘بہت سے ادارے بند ہوئے‘ جو قائم رہے انہوں نے بڑی تعداد میں اپنے ملازمین کو نوکریوں سے بے دخل کیا اور پیچھے رہ جانے والے ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کرتے ہوئے انہیں معاشی بدحالی کے سمندر میں دھکیل دیا۔ ایسے میں ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر درید قریشی اور صدر سلطانہ صدیقی نے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے ادارے میں برطرفیاں نہ کرنے کا مشکل فیصلہ کیا ‘البتہ تنخواہوں میں کٹوتی ان کی مجبوری تھی لیکن اسے انہوں نے خود پر اور تمام اعلیٰ انتظامیہ پر بھی لاگو کیا‘ایسی صورتحال میں ادارے نے کم تنخواہ پانے والوں کی مشکلات کا خیال کرتے ہوئے انہیں کٹوتی سے مثتثنی قرار دیا اور بعد ازاں اس تکلیف کا ازالہ بھی کیا گیا۔ اپنی اس شاندار روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آج ہم نیٹ ورک نے اپنے ملازمین کیلئے سالانہ بونس کا اعلان کیا جبکہ شاندار کارکردگی کا تسلسل جاری رہنے پر دسمبر میں ایک اور بونس دیئے جانے کی نوید بھی سنائی۔ ہم نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر درید قریشی نے آفس بوائز کی کم از کم اجرت بتیس ہزار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تنخواہوں میں19فیصد کاسٹ آف لیونگ الاﺅنس دیئے جانے کی خوشخبری سنائی جب کہ دیگر کیٹیگریز کے ملازمین کو 5 سے 15 فیصد تک کاسٹ آف لیونگ الاﺅنس دینے کا اعلان کیا جس کا اطلاق یکم جولائی 2023سے کیاگیا ہے جبکہ انہوں نے اپنے ملازمین کو تسلی دی کہ سالانہ انکریمنٹ پر بھی کام جاری ہے۔ یاد رہے کہ ہم نیٹ ورک کے ملازمین کو علاج معالجے کی مد میں ہاسپٹلائزشن کے علاوہ اوپی ڈی کی بڑی سہولت بھی حاصل ہے۔ قبل ازیں ادارے کی جانب سے دوران ملازمت انتقال کی صورت میں لواحقین کیلئے پانچ سال کی تنخواہ دئیے جانے جیسا مستحسن قدم اٹھایا جاچکا ہے اور سب سے بڑھ کر لیٹرز میں پیٹرول کی فراہمی اس پرآشوب دور میں کسی نعمت سے کم نہیں۔ اپنے لوگوں کیلئے سوچنا‘ انہیں مہنگائی کی اذیت سے بچانے کیلئے کوشش کرنا یقینا انتظامیہ کے اخلاص کا ثبوت ہے ۔ملازمین کے ورک پلیس پر دیئے گئے اچھے ماحول اور ان کا معاشی استحکام ان کے روزمرہ کے امور پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ میڈیا انڈسٹری میں ہم نیٹ ورک کا ”ہم فیملی “ ماحول انتہائی مقبول ہے جب کہ انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے مفادات میں کئے جانے والے فیصلوں کو لوگ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ترقی کی منازل طے کرنے والے تمام اداروں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی سعی کرتے ہوئے اپنے ملازمین کو ”اپنا خاندان “سمجھتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کی کوشش کرنی چاہئے ۔ ”ہم “نے نعرہ لگایا کہ ”ہم ایک ہیں“ اور ”ہم “نے ہر قدم پر اس نعرے کی توثیق کی شاید یہی اس کی روزافزوں ترقی کا راز ہے۔
|