ریاست کشمیر پر ہندوستانی قبضے کا سیاہ دن

اطہرمسعود وانی
27اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج ہوائی جہازوں کے ذریعے سرینگر ایئر پورٹ اتری اور اس وقت سب اب تک بھارت مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تو ڈوگرہ راج،بھارت سے آزاد تو ہو گئے لیکن ریاست کے باقی علاقوں پر بھارت کا قبضہ ہو گیا۔ریاستی مسلمانوں کو رائے شماری کے ذریعے حق خود ارادیت دینے کے عالمی عہد(جس میں بھارت اور پاکستان کی تحریری رضامندی بھی شامل ہے)کی یقین دہانی پر کشمیر میں جنگ بندی ہوئی۔جنگ بندی لائین کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ ،پرامن حل کا پہلا قدم ہے لیکن جنگ بندی لائین کی بنیاد پر کشمیر کی تقسیم ہر عنوان سے انسانیت سوز ہے۔27اکتوبرکا دن ریاست جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے عوام کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے ۔

گزشتہ 26سال سے مقبوضہ کشمیر میں 8لاکھ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کے خلاف تمام تر مظالم،جنگی جرائم کے باوجود کشمیریوں کے عزم آزادی ،ان کی جدوجہد کو روکنے میں ناکام چلی آ رہی ہے۔برٹش حکومت،لارڈ مائونٹ بیٹن اور کانگریس کی ملی بھگت اورسازشوںکے تحت 27اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوج ہوائی جہازوں کے ذریعے کشمیر میں داخل ہوئی۔22 اکتوبر 47 ء کو ہی آزاد فوج نے قبائلی مجاہدین کی امداد سے مظفرآباد شہر پر قبضہ کر لیا تھا۔ 26 اکتوبر کے دن آزاد افواج نے بارہ مولہ پر قبضہ کیا اور27 اکتوبر کو سری نگر سے تین میل دور شالہ ٹیگ کے نزدیک پہنچ گئے۔ صرف ایک ہفتے کے اندر ڈوگرہ آرمی کا تقریباً خاتمہ کیا گیا حتیٰ کہ ڈوگرہ آرمی کے چیف آف سٹاف بریگیڈیئر راجندر سنگھ بھی میدان جنگ میں کام آئے۔ 28 اکتوبر کو بھارتی افواج سری نگر پہنچیں یہ فوج جدید اسلحہ سے لیس تھی۔ ان کا کمانڈر کرنل ڈی آر ر ائے بارہمولہ کی لڑائی میں کام آیا۔7 نومبر 1947 ء کی شام کو شالہ ٹینگ کے مقام پر ایک ''فیصلہ کن'' لڑائی ہوئی۔ اس میں ایک انداز ے کے مطابق 500 قبائلی مجاہدین اور دوسرے رضا کار کام آئے۔ قبائلی مجاہدین نے 8 نومبر 1947 ء کی شام تک بارہ مولہ تک کا علاقہ خالی کر دیا اور اسی دن شام کو بھارتی فوج بارہ مولہ میں داخل ہوئی۔ 14 نومبر 1947 ء کو بھارتی فوج نے اوڑی پر قبضہ کیا ۔ شالہ ٹیگ کی لڑائی کے بھارتی کمانڈر بریگیڈیئر ایل پی سپین (بعد میں لیفٹیننٹ جنرل) نے اپنی کتاب "Slender was the thread" کے صفحہ 83,82 اور 84 پر لکھتے ہیں کہ ''میں نے شالہ ٹیگ کی لڑائی سے قبل شیخ عبداللہ بخشی غلام محمد اور ڈی پی دھر سے صلاح مشور ہ کیا جو نیڈوز ہوٹل کے قریب ایک چھوٹے مکان میں موجود تھے۔ ہم نے شالہ ٹیگ کی لڑائی کے لئے 10 نومبر 1947 ء کی تاریخ طے کی لیکن 5 نومبر سے ہی قبائلی واپس جانے لگے تو ہم نے 7 نومبر 1947 ء کی شام کو ہی تین اطراف سے ان پر حملہ کر دیا۔ ہمیں ایئرفورس کی مدد بھی حاصل تھی۔ اس طرح بارہ گھنٹے کی لڑائی کے بعد ہم نے شالہ ٹیگ کی لڑائی جیت لی اور قبائلی 500 لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ 8 نومبر کو ہم نے بارہ مولہ پر قبضہ کر دیا اور 14 نومبر 1947 ء کو بھارتی فوج اوڑی میں داخل ہوگئی ۔ 17 نومبر کو بھارتی فوج نے دومیل (مظفرآباد) پر قبضہ کرنے کے لئے پیش قدمی شروع کی''۔

سرینگر شہر کے دروازے شالہ ٹیگ کی لڑائی کے بارے میں جنگ آزادی کشمیر (1947-48 ئ) کے جنرل طارق بریگیڈیئر اکبر خان اپنی کتاب " Readers in Kashmir" کے صفحہ 54-53 اور 56 پر لکھتے ہیں کہ '' 27 ۔ اکتوبر کو ہی ہماری طرف سے جموں کو نظرانداز کیا گیا جس کے نتیجے میں ہندوستان تمام تر طاقت سرینگر پر مرکوز کر رہا تھا۔ دو روز بعد 29 اکتوبر کے روز قبائلیوں کو سرینگر سے باہر چوتھے سنگ میل پر روک دیا گیا ۔ یہ آخری موقعہ تھا کہ انہیں بکتر بند گاڑیوں کی یا ایسی ہی کوئی موثر مدد دی جاتی۔ انہیں کوئی مدد نہ دی گئی بلکہ انہیں ایسی زمین پر اور ایسے حالات میں تنہا چھوڑ دیا گیا جہاں لڑنا ان کے بس سے باہر تھا۔ ہرگھڑی سرینگر میں اترنے والی ہندوستانی فوجوں میں اضافہ ہوتا جا رہا تھا۔اس کے باوجود قبائلی چار پانچ دن جائزہ لیتے رہے کہ شاید کامیابی کی کوئی صورت نکل آئے مگر انہیں ااحساس ہوگیا کہ صوتحال ان کے خلاف ہے اور اگر ہندوستانی فوج نے حملہ کر دیا تو پیچھے کوئی موزوں علاقہ نہیں ہے جہاں قبائلی پیچھے ہٹ کر دفاعی پوزیشن اختیار کریں ۔ علاقہ میدانی تھا جو قبائلی طریقہ جنگ کیلئے موزوں نہیں تھا۔ اگر قبائلی وادی سے پہاڑی علاقے میں چلے جاتے تو لڑ سکتے تھے لیکن وہاں لڑائی بے مقصد تھی۔ وہاں ہندوستانی فوج انہیں گھیرے میں لے سکتی تھی ۔ اصل مقصد سرینگر میں داخلہ تھا جو ممکن نہیں ہو رہا تھا ۔ قبائلیوں نے وادی میں لڑنے کو بے معنی سمجھا ۔ قبائلی جب غائب ہونے کا فیصلہ کرتا ہے تو حیران کن تیزی سے غائب ہوتا ہے جیسے ابھی یہاں تھا اور ابھی غائب ہوگیا۔ کشمیر میں انہیں ایسی کوئی سہولت میسر نہیں تھی۔ وہ ایک اجنبی ملک میں تھے جہاں کے عوم ابھی پوری طرح مسلح ہو کر نہیں اٹھے تھے نہ ہی ان کے پاس ایسے ذرائع تھے کہ قبائلیوں کی کوئی مدد کرتے اور نہ ہی وہ ایسے جنگی حالات اورقبائلیوں کی طرح لڑنے اور مشکلات برداشت کرنے کے عادی تھے۔ پسپائی کے دوران قبائلیوں کو کوئی ایسی جگہ نظر نہ آئی جہاں وہ اپنی لاریاں روک کر چھپا دیتے اور ہندوستانی فوج کی پیش قدمی روکتے۔ اس کے لئے پہاڑی علاقہ ضروری تھا جو وہاں نہیں تھا۔ چنانچہ انہوں نے یہی فیصلہ کیا کہ لڑنے کے لئے مووزوں جگہ نہیں ہے تو لاریوں میں بیٹھے انتظار کرتے رہنے سے سوائے نقصان کے کچھ حاصل نہ ہوگا لہذا پیچھے چلے جانا بہتر ہے۔ وہ کشمیر سے نہیں بھاگنا چاہتے تھے لیکن وہ انتظار کسی اور جگہ کرنا چاہتے تھے۔ لہذا5 نومبر 1947 ء کی رات تک قبائلی لشکر کا بیشتر حصہ اوڑی تک پیچھے ہٹ آیا۔ اوڑی سرینگر سے 65 میل دور اور بارہ مولہ سے 30 میل پیچھے ہے۔ اگلی صبح 6 نومبر 1947 ء کو قبائلی ٹولیوں میں کشمیر سے ہی نکلنے لگے''۔

نومبر 1947 ء کے پہلے ہفتے میں بھارتی فوج اور آزادمجاہدین میں ہر محاذ پر باقاعدہ جنگ شرو ع ہوئی ۔ بھارتی افواج دنیا کے جدید ترین اسلحہ سے مسلح تھی اور آزاد مجاہدین ان کے مقابلہ میں تقریباً نہتے تھے۔ مگر انہوں نے بھارتی آرمی کا مردانہ وار مقابلہ کیا ۔
Athar Massood Wani
About the Author: Athar Massood Wani Read More Articles by Athar Massood Wani: 777 Articles with 701726 views ATHAR MASSOOD WANI ,
S/o KH. ABDUL SAMAD WANI

Journalist, Editor, Columnist,writer,Researcher , Programmer, human/public rights & environmental
.. View More