بیچ کا مسلمان

آپ کرسچن ہیں یا مسلمان؟

جی مسلمان۔۔۔ماشاءاللہ۔۔۔ماشاءاللہ۔۔۔ شیعہ یا سنی؟ جی میں شیعہ ہوں نہ ہی سنی، خالی مسلمان۔۔۔ شیعہ تو تم نہیں لگ رہے ۔۔۔ جی میں مسلمان ہوں۔۔۔

سنی ہو یا ۔۔۔ میرا مطلب ہے کونسے مسلک سے ہو ؟ جی میں بس مسلمان ہوں۔۔۔ میاں !تو تم کو پتا ہی نہیں ہے کہ تم کونسے مسلمان ہو۔ کیا مطلب؟ چھا !میں بتاتا ہوں، آپ نماز کونسی مسجد میں پڑھتے ہیں؟ جی کسی میں بھی پڑھ لیتا ہوں۔۔۔ نماز کونسی پڑھتے ہو ؟ پانچ وقت کی جو نماز ہوتی ہے، ظاہر ہے وہی پڑھتا ہوں۔۔۔

اوہو! نہیں بھائی صاحب!میں طریقے کا پوچھ رہا ہوں۔۔۔ جی ! وہی طریقہ جو اللہ اور اس کے رسول نے بتایا ہے۔۔۔ یار!! آپ سمجھ نہیں رہے۔۔۔ میں پوچھ رہا ہوں کہ سینے پہ ہاتھ باندھتے ہو یا ناف پہ؟ جی بیچ میں۔۔

غلط بلکل غلط۔۔۔ اچھا! امام مسجد کے پیچھے نماز پڑھتے ہوئے سورہ فاتحہ کے آخر میں زور سے آمین کہتے ہو یا۔۔۔؟ کبھی ذرا اونچی آواز سے اور کبھی دل میں ہی۔۔۔ یار !تم ناں مجھے کنفیوز کر رہے ہو۔۔۔ اب تو لازمی پتا چل جائے گا۔ اچھا یہ بتاؤ! والدین زندہ ہیں؟ نہیں ! فوت ہوگئے ہیں۔۔۔ ان کے لئے فاتحہ پڑھتے ہو؟ جی۔۔۔ ان کی بخشش کے لئے نذر نیاز دیتے ہو؟ جی! کیا مطلبَ۔۔۔ یار! (جھنجھلاتے ہوئے) اچھا جب فاتحہ پڑھتے ہو تو کوئی کھانا وغیرہ آگے رکھ کے پڑھتے ہو یا خالی فاتحہ ؟ جی سر ! کبھی کھانا سامنے پڑا ہوتا ہے کبھی نہیں بھی ہوتا۔۔۔

اوووف! تم تو کچھ بھی نہیں جانتے اسلام کے بارے میں۔۔۔ اچھا بتاؤ! قرآن ترجمے سے پڑھتے ہو؟ جی کوشش کرتا ہوں۔۔۔ کونسے ترجمے والا؟ سر کبھی غور نہیں کیا بس ترجمے سے پڑھ لیتا ہوں، کبھی موبائل پر کبھی لیپ ٹاپ پر ، کبھی مسجد میں اور کبھی گھر پر جو بھی مل جائے (اوہ میرے اللہ!!!) بھائی تو تو پورا ہی بھٹکا ہوا لگ رہا ہے۔۔ایسے ہی تو بھٹکتے ہیں۔۔۔

جی میں سمجھا نہیں۔۔ اچھا چھوڑو ! یہ بتاؤ !مزاروں پر جاتے ہو؟ جی۔۔ چلو شکر ہے! اب پتا چل جائے گا یہ کون ہے۔۔۔ کیسا لگتا ہے وہاں جاکر ؟ اور کیا کرتے ہو وہاں جاکر؟ جی ! مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔۔ مجھےتاریخی عمارتیں بہت پسند ہیں دراصل اور ان کا آرکیٹیکچر تو بہت ہی عمدہ ہوتا ہے۔۔۔ سجاوٹ ہوتی ہے،رنگ برنگی دیواریں۔۔دئیے ۔۔ پھولوں کی خوشبو ۔۔تو بس یہی کچھ۔۔۔۔اوہ بھائی جی! میں یہ نہیں پوچھ رہا۔۔وہاں جاکر فاتحہ پڑھتے ہو؟ ہاں جی،بلکل۔۔چلو جی پتا چل ہی گیا آخر کار! کچھ مانگتے ہو یا۔۔۔؟ نہیں جی مانگتا نہیں ہوں۔۔۔ کیا؟ کیا کہہ رہے ہو ؟ جی میں مانگتا نہیں ہوں لیکن کچھ لوگ خود ہی پتاسے، کھجوریں کالے چنے،ریوڑیاں اور چاول وغیرہ ہاتھ میں رکھ دیتے ہیں۔۔۔بہت مزے کی چیزیں ہوتی ہیں۔۔۔

اوہو!میرے سر میں درد ہوگیا ہےیار!۔۔۔پیروںفقیروں کو مانتے ہو؟ جی !جی! جی میں کئی دفعہ کچھ مساجد میں گیا وہاں پِیر صاحب آئے ہوئے تھے لوگ ان کو پیسے دے رہے تھے میں نے بھی ان کی بات مانی اور میری جیب میں جو تھے دے دئیے اور فقیر جو بھی ملتا ہے کچھ نہ کچھ دے دیتا ہوں۔اوہ بھائی صاحب !کیا بکواس کر رہے ہو۔۔۔بچے تم سیدھے جہنمی ہو۔۔جنت میں جانے کے لئے کسی نہ کسی کا فیض حاصل کرنا ہوگا۔۔کسی ایک کا راستہ چننا ہوگا ۔۔۔کسی جماعت کو اپنانا ہوگا۔۔تم تو راستے کے شروع میں ہی کھڑے ہوگئے ۔۔۔ جنت ایسے نہیں ملے گی۔۔جناب! مجھے ڈر لگتا ہے جس جنت کی آپ بات کر رہے ہیں اگر وہاں کھائی ہوئی اور وہ دوذخ کی طرف گئی تو پھر میرا کیا بنے گا۔۔۔ مجھے بیچ میں کھڑا رہنے دیں ۔۔۔ میں بیچ میں ہی ٹھیک ہوں۔۔۔

azra faiz
About the Author: azra faiz Read More Articles by azra faiz: 47 Articles with 93222 views I am fond of writing stories, poetry, reading books.
I love to help and motivate the people who are for some reason helpless. I want to raise the vo
.. View More