فرار

مشعلوں کی سرخ روشنی اور سیاہ ماتمی پرچموں کے سایہ تلے جبل کی وہ بستی بہت ہی پراسرار لگ رہی تھی، رات خاصی ڈھل چکی تھی اور فضا پر سکوت چھا چکا تھا لیکن رتھ کے چوبی پہیوں کی تیز آوازیں اس سناٹے کا سینہ مجروح کر رہی تھیں ،مانینی گم صم بیٹھا ہوا تھا جیسے اس کی چندھیائی ہوئی آنکھیں مستقبل کی کوئی ناخو شگوار تصویر دیکھ رہی ہوں اور یک بیک اپنی اہمیت کا احساس ہونے پر میرا دل کھوپڑی میں دھمک رہا تھا،مجھے کچھ علم نہیں تھا کہ جبل والوں کو کسی سنگتراش کی تلاش کیوں ہے؟ آخر وہ میری موجودگی کی خبر پاتےہی اتنے مضطرب کیوں ہوگئے کہ رات گئے ان کے سالار نے سرائے کے گرد گھیرا ڈال دیا ، رتھ ہچکولے کھاتا خوابناک روشنی میں نہائی ہوئی اس سوگوار بستی کے راستوں پر بڑھا جا رہا تھا اور میں عجیب و غریب خیالات میں کھویا ہوا تھا ،کبھی تو مجھے مانینی کی روح فرسا قید سے نجات کی امید ہونے لگتی تھی اور کبھی میں یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتا تھا کہ اس خبث بڈھے کی پراسرار قوّتیں اب ہمیشہ میرے سر پر مسّلط رہیں گی ،مجھے اپنا وہ تلخ تجربہ خوب یاد تھا جب صحرائی سفر کے دوران میں،میں نے مانینی کے کارواں سے فرار ہونا چاہا تھا لیکن موقع پاتے ہی میرا اونٹ مجھے واپس مانینی کی جانب لے بھاگا تھا، میں اپنے خیالات کی دنیا سے اس وقت با ہر آیا جب وہ رتھ پتھروں کی بنی ہوئی ایک بلندوبالا مکان کے سامنے ایک جھٹکے کے ساتھ ٹھہر گیا، اس مکان کی سب سب سے اونچی فصیل پر بہت بڑا ماتمی پرچم صحرا سے آنے والی نمناک ہوا میں لہرا رہا تھا اور مکان کے با ہر مسسلّح جوانوں کا ایک چاق و چوبند دستہ پہرہ دینے پر مامور تھا، سپہ سالار میرا ہاتھ تھام کر نیچے اترا ،ہمارے عقب میں آنے والے شترسوار جوان راستہ کاٹ کر اس پر شکوہ پتھریلے مکان کے عقب میں روپوش ہوتے جا رہے تھے، پہرہ دینے والوں نے مخصوس انداز میں سپہ سالار کو تعظیم دی اور وہ سر کو جنبش دیتا ہوا مجھے اور مانیینی کو ہمراہ لئے اس پتھریلے مکان کے اونچے دروازے میں داخل ہوگیا، کشادہ دالان سے گزر کر سپہ سالار ہم دونوں کو ایک وسیع کمرے میں لے گیا، وہاں فرش پر قیمتی قالین بچھا ہوا تھا اور کمرے کے وسط میں ایک منقش انگیٹھی میں خوشبویات جل رہی تھیں، کمرے کی پتھریلی دیواروں پر جا بجآجانوروں کی قیمتی کھالیں لٹک رہی تھیں ، ایک جانب بیش قیمت مسند پڑی ہوئی تھی-
Amin Siddiq
About the Author: Amin Siddiq Read More Articles by Amin Siddiq: 3 Articles with 3549 views there is nothing spacial about me except i love those people who show mercy & kindness to the suffering humanity... View More