عالمی ادبِ اطفال اُردو ڈائریکٹری (حصّہ اوّل)


عالمی ادبِ اطفال
اُردو ڈائریکٹری
(حصّہ اوّل)

مرتبین:
ذوالفقار علی بخاری
فاکہہ قمر

جائزہ: شجاعت علی راہی

زندگی کی نمو پذیر قوّتوں میں اپنی معنویت کے باوصف ادبِ اطفال ہمارے اہلِ قلم اور ناقدین کی ترجیحات میں وُہ مقام رکھتا ہے جو ہمارے سیاسی اور اقتصادی فیصلے کرنے والوں کی نظر میں شعبۂ تعلیم کا ہے۔ہمارے صفِ اوّل کے اربابِ قلم کو بچوں کے لئے ادب تخلیق کرنے کی توفیق ہی نصیب نہیں ہوتی۔ نقد و نظر کا اہتمام کرنے والے نستعلیق لوگ بچوں کے ادب سے صرفِ نظر کرتے دکھائی دیتے ہیں اور محققین بھی ادبِ اطفال کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ یوں ہمارے ادبی منظرنامے میں بچوں کے ادب کو اُس کے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔

تاہم کچھ عرصے سے باشعور نوجوان لکھاریوں کی ایک کھیپ نے بچوں کے ادب کے پلڑے میں اپنا وزن ڈالنا شروع کر دیا ہے اور اپنی تخلیقی توانائیوں سے ادبِ اطفال کو تقویّت دینے کا بیڑا اٹھایا ہے۔
۔۔ایسے میں ذوالفقار علی بخاری اور فاکہہ قمر کی ترتیب دی ہوئی اُردو ڈائریکٹری “عالمی ادیبِ اطفال”کا طبع ہونا نئی نسل کے ان تازہ دم ادیبوں اور محققین کی جوڑی کی قابلِ صد تحسین کاوش ہے۔ یہ کتاب نئے لکھنے والوں کو بالواسطہ تحریک دلائے گی اور نونہالوں کے لئے پوری کومٹمنٹ کے ساتھ لکھنے والوں کو باہمی طور پر رشتۂ اخوّت کی لڑی میں پرو دے گی۔ چراغ سے چراغ جلتا ہے سو یہ ڈائریکٹری روشنی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے اور ادبِ اطفال کے ارتقائی عملُ کو تیزتر کرسکتی ہے۔

مرتبین نے بڑی محنت و مشقّت سے پاکستان، بھارت اور دیگر ممالک میں رہائش پذیر ان لکھاریوں کے کوائف اکٹھے کئے ہیں جنہوں نے بچوں کے ادب میں اپنے اپنے طور پر اضافہ کیا ہے۔ یہ ڈائیریکٹری ان سینئر اور جونیئر اربابِ قلم کے ضروری کوائف ہم تک پہنچاتی ہے ، مثلا” ان کی تاریخِ پیدائش، جائے پیدائش، تعلیمی قابلیت، پیشہ، پتا، رابطے کا نمبر،برقی پتا، علمی ادبی مصروفیات، مطبوعہ تصنیفات کی تفصیل، ادبی اعزازات اور ایوارڈز، مشاغل، حالیہ مصروفیات وغیرہ۔

ایسے کوائف کو انفرادی طور پر یک جا کرنا کتنا کٹھن کام ہے، یہ وہی لوگ جانتے ہیں جنہوں نے کبھی اس نوعیت کا کوئی بھاری بھرکم یا ہلکا پھلکا کام کیا ہو۔ یہ کام دراصل ادبی اور تحقیقی اداروں کا ہے جو بالعموم اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں کوتاہی برتتے ہیں اور سہل انگا ری کا شکار رہتے ہیں۔

سید ذوالفقار علی بخاری اور فاکہہ قمر نے لگن کے ساتھ یہ تحقیقی ذمہ داری نباہی ہے ۔ اُن کی یہ لگن اور جاں کاہی قابلِ داد و تحسین ہے ۔ ایسے “طوفانِ بلا خیز “ میں قدم جمانے کی صلاحیت ہر کس و ناکس میں نہیں ہوتی۔ آفریں باد بریں ہمتِ مردانۂ تُو۔

یہ کام سالہا سال کی ہمّتِ شاقہ کا متقاضی ہے جسے مرتبین نے کم سے کم مدت میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا ہےاور ابھی اس میں مزید اضافہ کرنے کرنے کا کام پائپ لائن میں ہے۔

 

Shujaat Ali Rahi
About the Author: Shujaat Ali Rahi Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.