ابھی حال ہی میں چین میں دوسری چائنا انٹرنیشنل سپلائی
چین ایکسپو کا انعقاد کیا گیا۔ ایکسپو میں 210 سے زائد تجارتی معاہدوں پر
دستخط ہوئے جن کی مالیت 152 ارب یوآن (تقریباً 21.17 ارب امریکی ڈالر) سے
زائد رہی۔پانچ روزہ نمائش کے دوران تقریباً 70 ممالک اور خطوں سے تعلق
رکھنے والے 600 سے زائد نمائش کنندگان نے 37 ہزار سے زائد اپ سٹریم اور
ڈاؤن اسٹریم سپلائرز کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات قائم کیے۔
ایکسپو نے نمائش کنندگان اور زائرین کے لئے 6 ہزار سے زیادہ میچ میکنگ
سیشنز کا شیڈول طے کیا ، جس سے 6700 سے زیادہ تعاون کے ارادوں کو آگے
بڑھانے میں مدد ملی۔رواں سال کی ایکسپو نے دو لاکھ سے زیادہ زائرین کو اپنی
طرف متوجہ کیا ، جس میں گزشتہ ایکسپو کے مقابلے میں تقریباً ایک تہائی
اضافہ ہے۔
سپلائی چین پر توجہ مرکوز کرنے والی دنیا کی پہلی قومی سطح کی نمائش کے طور
پر ، اس ایونٹ نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کی جانب سے نمایاں دلچسپی حاصل کی ہے۔
اس سال نمائش کنندگان کا تقریبا ایک تہائی بیرون ملک سے آیا، جو پچھلے سال
کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ ہے۔ جی ای ہیلتھ کیئر اور ایس اے پی سمیت بڑے
عالمی کھلاڑی پہلے ہی ایکسپو کے تیسرے ایڈیشن میں اپنی شرکت کی تصدیق کر
چکے ہیں۔
ایکسپو میں ملٹی نیشنل کمپنیوں نے جدید مینوفیکچرنگ میں چین کے ساتھ جیت
جیت تعاون کے امکانات کے بارے میں مثبت توقعات کا اظہار کیا۔عالمی سپلائی
چین میں ، چین کے بڑھتے ہوئے کردار، اعلیٰ درجے کی ذہین مینوفیکچرنگ پر ملک
کی توجہ، اور استحکام پر زور ، یہ وہ عوامل ہیں جن کے باعث عالمی کمپنیاں
تعاون اور باہمی ترقی کے لئے چینی مارکیٹ میں اہم مواقع دیکھتی ہیں.
ایکسپو میں ہائی ٹیک سے لے کر کنزیومر گڈز تک کے شعبوں میں پھیلی ملٹی
نیشنل فرمز نے اس بات پر زور دیا کہ وہ کس طرح چین کے وسیع مینوفیکچرنگ
ایکو سسٹم، ڈیجیٹل تبدیلی اور اپنی عالمی سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لئے
پائیداری کے عزم سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ شرکاء نے اس اقدام کو مضبوط بین
الاقوامی تعاون قائم کرنے کی کلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سی چینی
کمپنیاں ، خاص طور پر جدید مینوفیکچرنگ میں ، عالمی شراکت داروں کے ساتھ
بہتر طریقے سے مشغول ہونے اور اپنے شراکت داروں کے نقطہ نظر سے سوچنے پر
توجہ مرکوز کر رہی ہیں۔
امید کا ایک اور عنصر مینوفیکچرنگ میں چین کی ڈیجیٹل تبدیلی ہے۔ ایکسپو میں
کمپنیوں نے دکھایا کہ کس طرح چین کی جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز عالمی
سپلائی چین کے منظر نامے کو نئی شکل دے رہی ہیں۔ چائنا انٹرنیشنل سپلائی
چین ایکسپو نے عالمی برانڈ کے اثر و رسوخ اور چینلز کی توسیع کے لحاظ سے
بہت فائدہ پہنچایا ہے ، جس سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو اپنے برانڈز کو بین
الاقوامی سطح پر لے جانے اور ہم آہنگ کرنے کی اجازت ملی ہے۔
شرکاء کے نزدیک ، "میڈ ان چائنا" ہمیشہ عالمی سپلائی چین کا ایک اہم حصہ
رہا ہے ، جو رسد اور طلب کو متوازن کرنے میں ایک کلیدی قوت ہے۔ چین کی
مینوفیکچرنگ عالمی پیداوار کا 30 فیصد سے زیادہ حصہ رکھتی ہے، جو ایک قابل
ذکر کامیابی ہے۔تاہم ، عالمی شرکاء کے نزدیک انہوں نے چینی مینوفیکچررز کے
کردار میں حالیہ تبدیلی کا مشاہدہ کیا ہے۔چینی ادارے اب مزید اسمارٹ جدت
طرازی اور برانڈ کی ترقی پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں ، جس سے ان کی عالمی
مسابقت کو تقویت مل رہی ہے۔ اس رجحان کے باعث عالمی سپلائی چین میں ، چین
کی پوزیشن میں ایک بڑی تبدیلی آئی ہے۔
شرکاء نے ایکسپو کو چین کو دنیا کے ساتھ جوڑنے ، جدت طرازی کو فروغ دینے
اور مارکیٹ انضمام کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیا ۔علاوہ
ازیں ،چینی حکام نے یہ باور کروایا کہ ایکسپو ملکی اور بین الاقوامی
کمپنیوں کے لئے اپنی اختراعات کو ظاہر کرنے، بامعنیٰ کاروباری مباحثوں میں
مشغول ہونے اور سپلائی چین تعاون کو مضبوط بنانے پر خیالات کا تبادلہ کرنے
کے لئے ایک پلیٹ فارم ہے۔چین اس ایونٹ کی افادیت کو مزید بڑھانے اور اس کی
رسائی کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے ، جس کا مقصد صنعتی اور سپلائی چین کی
ترقی پر زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی اتفاق رائے کو فروغ دینا ہے۔
|