جواہر البیان

تبصرہ کتب
مولانا محمد جہان یعقوب
جواہر البیان فی تفہیم القرآن:

قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہدایت ہے جو قیامت تک آنے والے تمام جن و انس کو دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی کی راہ دکھانے کیلئے اللہ تعالیٰ نے اپنے افضل ترین بندے حضرت سیدنا محمد مصطفی احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وسلم پر اپنے افضل ترین فرشتے حضرت جبرئیل علیہ السلام کے ذریعے نازل فرمائی۔ قرآن مجید کی تفسیر و تشریح کا سلسلہ اس کا نزول کے روزاول سے جاری ہے اور لاکھوں کتب اس حوالے سے اب تک شائع ہو چکی ہیں۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے اقوال و فرامین سے روشنی و رہنمائی لیتے ہوئے ہر دور کے علمائے کرام نے اس حوالے سے خلق خدا کی رہنمائی کی ہے۔ ہر وہ شخص جو ابدی کامیابی کا متمنی ہے وہ قرآن مجید سے رہنمائی لینے کا محتاج ہے، خواہ وہ کسی بھی دور اور کسی بھی طبقے کا فرد ہو۔ اس مشینی دور میں جبکہ ہر شخص کثرت مشاغل اور قلت اوقات کا شاکی ہے۔ علمائے کرام نے قرآن مجید کی طویل و ضخیم تفاسیر کے عمیق مطالعے اور اپنے تجربات کی روشنی میں قرآن مجید کے مفاہیم و مضامین اور بصائر و نصائح کو مختصر کتابوں اور کتابچوں کی صورت میں منظر عام پر لانے کا عظیم کام بھی سرانجام دیا ہے تاکہ مالا یدرک کلہ لا یترک کلہ کے مصداق مصروف لوگ اس مادبة اللہ اور مشکوٰة نبوت و ہدایت سے محروم رہ کر نفس و شیطان کے دام تزویر کا شکار ہو کر ہمیشہ کی ناکامیوں اور عذب و عتاب کے حق دار نہ بن جائیں۔ اس حوالے سے مختلف علمائے کرام کا علمی کام منظر عام پر آکر ہدایت کے دیے روشن کر رہا ہے۔

زیر تبصرہ کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور اس کے مولف جناب پروفیسر محمد سرور ارشد صاحب ہیں، جنہوں نے مستند قدیم وجدید اردو، عربی، سندھی، فارسی، پنجابی اور انگریزی تفاسیر کی روشنی میں تمام آیات قرآنیہ کا توضیحی ترجمہ کر دیا ہے۔ جس کے مطالعے سے قاری کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ کس آیت کا کیا مقصد و مفہوم اور کیا پیغام ہے، بعدازاں رحمة للعالمین ریسرچ سینٹر زمزمہ کلفٹن کراچی کے ریسرچ اسکالر جناب حضرت مولانا محمد وسیم میواتی صاحب نے اس پر نظرثانی کرتے ہوئے نہ صرف موجودہ مواد کی اصلاح و ترمیم کی ہے بلکہ ہر سورت کی وجہ تسمیہ، اس کا مختصر خلاصہ، ہرسورت کے بارے میں وارد ہونے والے فضائل اور حاصل شدہ نکات کے ضمن میں حکمت و ہدایت کا بھی اضافہ کر دیا ہے۔

کتاب سفید آفسٹ کاغذ پر چھاپی گئی ہے، مضبوط جلد اور چار رنگے خوب صورت و دیدہ زیب ٹائٹل نے کتاب کی افادیت کو مزید دوبالا کر دیا ہے تاہم جا بجا بکھری لفظی اغلاط اور آخری صفحات کا مدہم پرنٹ اخذ مطلب میں مخل محسوس ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں عنوانات کے تنوع اور نیرنگی سے اندازہ ہوتا ہے کہ تصنیفی اصولوں کے تحت چند طے شدہ عنوانات پر کام کرنے کی بجائے ضرورت کا لحاظ رکھا گیا ہے۔ بحیثیت مجموعی یہ کتاب جو 500 صفحات پر مشتمل ہے، ظاہری و معنوی خوبیوں سے آراستہ اور عوام کے ساتھ ساتھ خطبائے کرام کیلئے مفید ہے۔ رمضان المبارک میں تراویح کے بعد تلاوت کیے جانے والے سپارے کا خلاصہ بیان کرنے والوں کیلئے خاصے کی چیز ہے۔ کتاب کو مکتبہ المیوات 5-J نیو کراچی سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
اسماءاللہ عزوجل (جلد دوم)

زیر تبصرہ کتاب، جس کا پورا نام ”اسماءاللہ عزوجل قرآن و حدیث کے مطابق“ ہے، رحمة للعالمین ریسرچ سینٹرکے بانی و روح رواں جناب رشید اللہ یعقوب صاحب کی کاوش ہے۔ محترم رشید اللہ یعقوب صاحب نے متعدد منفرد موضوعات پر قلم اٹھایا ہے (جن کا تذکرہ ان سطور میں وقتاً فوقتاً ہوتا رہتا ہے) جو ان کے ذوق تحقیق کا آئینہ دار ہے۔ آپ نے قبل ازیں اس کتاب کی پہلی جلد مرتب کی تھی، جس کے بعد اب دوسری جلد بھی منظرعام پر لائے ہیں، عام طور پر عوام ہی نہیں حلقہ ¿ علم میں بھی یہی بات مشہور ہے کہ اللہ تعالیٰ کے ایک کم سو (99) صفاتی نام ہیں۔ یہ بات، جس کی سنن ترمذی کی ایک حدیث سے بھی تائید ہوتی ہے، اپنی جگہ، بالکل درست اور صحیح ہے، تاہم اس سے زائد اسمائے پاک کی نفی نہیں ہوتی۔ مختلف علما و محققین نے اس حوالے سے کام بھی کیا ہے۔ جناب رشید اللہ یعقوب صاحب نے اس کتاب میں نہ صرف ان تمام محدثین، محققین اور علمائے کرام کے کام کو یکجا کر دیا ہے، بلکہ عربی زبان میں اس موضوع پر ہونے والے اس وقیع علمی کام سے بھی استفادہ کیا ہے جو تاحال شائع نہیں ہوا اور مخطوطوں کی شکل میں ہے۔ انہوں نے ایک مخلص خادم دین و علم کی حیثیت سے اللہ تعالیٰ کے عطاکردہ وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ عظیم خدمت انجام دی ہے، تاہم اس قدر بڑا کام کرنے کے باوجود وہ کسی خودپسندی کے پندار میں مبتلا نہیں ہوئے اور نہ ہی ان کا یہ دعویٰ ہے کہ ”ہم چنیں دیگرے نیست“۔۔۔ بلکہ جلد اول کے مقدمے میں انہوں نے ان تمام علما و محققین کا تذکرہ کیا ہے، جنہوں نے اس موضوع پر کام کیا ہے، چنانچہ انہوں نے لکھا کہ ڈاکٹر احمد الشرباصی نے قرآن مجید سے اللہ تعالیٰ کے تین سو (300) اور ڈاکٹر عبدالمنعم الحفنی نے 232 نام نکالے ہیں۔ اسی طرح شیخ محمد صالح الغثمین نے قرآن مجید سے اللہ تعالیٰ کے 81 جبکہ احادیث نبوی علیٰ صاحبہا الصلوٰة والسلام سے 21 نام نکال کر حدیث میں وارد ہونے والی 99 کی تعداد پوری کی ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر عبداللہ بن صالح، ڈاکٹر مردان ابراہیم القیسی، سعید بن علی اور محمد المحمود النجدی وغیرہ تمام محققین کی خدمات کا مختصر تذکرہ کیا ہے۔ آپ روایتی معاصرانہ چشمک اور علمی تحاسد و تباغض سے بھی کوسوں دور ہیں، جس کا ثبوت یہ ہے کہ آپ نے اہل تحقیق کو نہ صرف صلائے عام دی ہے، بلکہ اپنے کتب خانے (رحمة للعالمین ریسرچ سینٹر، جس میں 13000 کے قریب کتب موجود ہیں) میں، اس موضوع پر موجود کتب سے استفادے کی بھی دعوت بلکہ اجازت دی ہے۔ یقین نہیں آتا کہ ایک اس قدر مصروف شخص نے، جو تقریباً ہر نئے دن کسی دوسرے ملک یا شہر میں ہوتا ہے، ایسی عمیق تحقیق کیلئے کیسے وقت نکال لیا، یقیناً یہ اللہ تعالیٰ کی دین ہی ہے، جس پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم اور محتاط عالم دین حضرت مولانا محمد عبیداللہ صاحب مدظلہ کے الفاظ میں یوں خراج تحسین پیش کیا جا سکتا ہے: ”ایک ایسا شخص جو بظاہر نہ عالم ہے، نہ عربی داں ہے نہ فقیہ ہے نہ محدث ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس سے وہ کام لے لیا جو کسی بڑے ادارہ کے علماءاور محققین سے شاید اس انداز میں نہ ہو سکتا“

ترجمان القرآن اور بیدار ڈائجسٹ کا اسے اردو میں اس موضوع پر پہلی جامع کتاب کہنا بجا ہے ایں سعادت بزور بازو نیست

محترم رشید اللہ یعقوب جو کام بھی کرتے ہیں ڈوب کر کرتے ہیں، سو انہوں نے یہ کتاب بھی ڈوب کر لکھی ہے، جس کیلئے انہوں نے قدیم و جدید کتب و مخطوطوں کا ڈوب کر مطالعہ کیا، اندرون و بیرون ملک اسفار کیے، لائبریریاں دیکھیں، کتب خانے چھان مارے، اور اپنا حاصل تحقیق و مطالعہ آپ کی خدمت میں پیش کر دیا۔

کتاب کی جلد اول ان دنوں دستیاب نہیں ہے، جبکہ یہ جلد دوم کا ایڈیشن ہے جس میں ہر شے خوب ہی نہیں بلکہ خوب تر ہے۔ مواد، مواد کی ترتیب، مافی الضمیر کی تعبیر، اسمائے حسنیٰ کی تحقیق و تشریح، کیلی گرافی اور گوشوارے.... غرض یہ کہ ہر کام خوب تر ہے۔

اللہ کرے زور قلم اور زیادہ
M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 280737 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More