چینی حکام نے حالیہ دنوں ایک نیا تعلیمی بلیوپرنٹ جاری
کیا ہے جس میں 2035 تک ایک مضبوط تعلیمی نظام کی تعمیر کا عہد کیا گیا ہے
تاکہ ملک کی جدید کاری کی مہم اور قومی احیاء میں مدد مل سکے۔ چین کو تعلیم
کے شعبے میں صف اول کا ملک بنانے کے لیے 2024-2035 کا ماسٹر پلان کمیونسٹ
پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل نے مشترکہ طور
پر جاری کیا تھا۔ دستاویز کے مطابق مضبوط تعلیمی نظام، جس کی جڑیں چینی
خصوصیات کے حامل سوشلزم میں ہیں، طاقتور نظریاتی اور سیاسی قیادت، باصلاحیت
مسابقت، سائنسی اور تکنیکی مدد، معاش کے تحفظ، سماجی ہم آہنگی اور بین
الاقوامی اثر و رسوخ پر مشتمل ہوگا۔
جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم کے میدان میں ایک سرکردہ ملک
کی تعمیر چینی قوم کی ہمیشہ خواہش رہی ہے جسے 2022 میں سی پی سی نے 2035 تک
حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ بلیوپرنٹ کے مطابق، 2027 تک، ابتدائی طور
پر ایک اعلیٰ معیار کا تعلیمی نظام قائم ہونے کی توقع ہے، اور ٹیلنٹ کی
آزادانہ نشوونما کو بہتر بنایا جائے گا، جس کے نتیجے میں نمایاں، جدت طراز
افراد کا مستقل سلسلہ وجود میں آئے گا۔
2035 ء تک اعلیٰ معیار کا تعلیمی نظام مکمل طور پر قائم ہو جائے گا۔ بنیادی
تعلیم تک رسائی اور معیار دنیا میں بہترین میں سے ایک رہے گا۔ تعلیمی
بلیوپرنٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک مکمل طور پر ترقی یافتہ لرننگ سوسائٹی
قائم ہوگی اور مجموعی طور پر تعلیمی جدت حاصل کی جائے گی۔ یہ پہلا قومی
ایکشن پلان ہے جس میں چین کو تعلیم کے میدان میں ایک سرکردہ ملک بنانے پر
توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ ہر لحاظ سے ملک کی جدیدکاری کی حمایت کی جاسکے۔
اعلیٰ تعلیم پر مبنی دستاویز کے مطابق، چین جدید تحقیقی یونیورسٹیوں کی
ترقی کو تیز کرے گا، سائنس اور انجینئرنگ میں اعلیٰ سطح کی غیر ملکی
یونیورسٹیوں کو چین میں پروگرام پیش کرنے کی ترغیب دے گا، اور پیشہ ورانہ
پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگراموں کو بھرپور طریقے سے فروغ دیا جائے گا. دستاویز
میں کہا گیا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے ساتھ ساتھ ملک کی
قومی حکمت عملی کے مطابق مضامین اور میجرز کو ایڈجسٹ کرنے کے لئے ایک
میکانزم قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بلیوپرنٹ فوری طور پر لازمی مضامین اور میجرز کے قیام کے لئے غیر معمولی
کوششوں کا مطالبہ کرتا ہے اور بنیادی ، ابھرتے ہوئے اور بین الشعبی مضامین
کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتا ہے ، جبکہ خطرے سے دوچار اور کم مقبول
شعبوں کی بھی حمایت کی گئی ہے۔ دستاویز میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ
چین ایک ایسے ماحول کو فروغ دے گا جو جستجو کی حوصلہ افزائی کرے اور ناکامی
کو برداشت کرے گا، جس کا مقصد اعلیٰ صلاحیتوں والے فیکلٹی اور ماسٹر
اسکالرز کو تیار کرنا ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ چین نے قومی حکمت عملی کے لیے 1673 انڈرگریجویٹ
پروگراموں کو فوری طور پر شامل کیا ہے اور 2024 میں معاشی اور سماجی ترقی
سے مطابقت نہ رکھنے والے 1670 پروگراموں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ نئے بڑے
شعبہ جات میں ذہین سمندری سازوسامان، ذہین مواد کی ٹیکنالوجی اور
انٹرڈسپلنری انجینئرنگ شامل ہیں۔ چین میں 1308 انڈر گریجویٹ یونیورسٹیاں
ہیں ، جو 12 زمروں میں 93 ذیلی زمرہ جات میں 816 میجرز میں تعلیم دیتی ہیں۔
2012 سے اب تک تعلیمی حکام نے 21 ہزار انڈر گریجویٹ پروگراموں کا اضافہ کیا
ہے اور 12 ہزار کو منسوخ یا معطل کیا ہے۔
نئے تعلیمی خاکے میں کھلے پن پر بھی نمایاں توجہ دی گئی ہے۔ چین عالمی
ٹیلنٹ کو تربیت دینے اور راغب کرنے، چین اور دیگر ممالک کے درمیان نوجوانوں
کے تبادلوں کو وسعت دینے اور بین الاقوامی سمر اسکول پروگراموں پر عمل
درآمد کے لئے اپنی صلاحیت میں اضافہ کرے گا۔
دستاویز میں بنیادی تعلیم میں اسکول جانے کی عمر کے مختلف گروہوں میں
آبادیاتی تبدیلیوں کی نگرانی کرنے ، لازمی تعلیم میں اعلیٰ معیار ، متوازن
ترقی اور شہری دیہی انضمام کو فروغ دینے اور زیادہ سے زیادہ ماہر کاریگروں
اور انتہائی ہنر مند کارکنوں کو تیار کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی گئی
ہے۔
چین کی کوشش ہے کہ اگلے تین سالوں میں 800 اہم بین الاقوامی سمر اسکول
منصوبوں کا آغاز کیا جائے۔ مزید برآں، چین اگلے پانچ سالوں میں 50 ہزار
امریکی نوجوانوں اور اگلے تین سالوں میں 10 ہزار فرانسیسی نوجوانوں کو مدعو
کرے گا. دستاویز کے مطابق، ملک باقی دنیا کے ساتھ تعلیمی تبادلوں اور
تعلیمی اور تحقیقی تعاون کو وسعت دے گا، جبکہ بین الاقوامی سائنسی
پروگراموں کو شروع کرنے اور اس میں حصہ لینے میں اپنی یونیورسٹیوں کی مدد
کرے گا۔
چینی سائنس دانوں نے ویسے بھی بین الاقوامی ہائی پروفائل منصوبوں میں رہنما
کردار ادا کیا ہے جن میں ڈیپ ٹائم ڈیجیٹل ارتھ اور اوشن منفی کاربن اخراج
شامل ہیں۔ چین نے یہ عزم بھی ظاہر کیا ہے کہ وہ عالمی تعلیمی نظم و نسق میں
فعال طور پر حصہ لے گا جس سے چین جیسے ایک بڑے ملک کے ذمہ دارانہ کردار کی
بخوبی عکاسی ہوتی ہے۔
|