میرے والد – شخصیت کا درخشاں چراغ

میرے والد ایک ایسا چراغ ہیں، جس کی روشنی نہ صرف ہمارے گھر کو منور کیے ہوئے ہے بلکہ اردگرد کے ماحول میں بھی سکون، راحت اور امید کی کرنیں بکھیر رہی ہے۔ ان کی شخصیت کی تابانی ہر اندھیرے کو چھانٹ کر نئے راستے روشن کر دیتی ہے۔ ان کے لہجے کی چاشنی، محبت بھرے الفاظ اور دھیما انداز کہیں اور نہیں پایا۔ وہ جب بولتے ہیں تو ان کی باتوں سے شفقت جھلکتی ہے، جیسے بہار کی نرم ہوا روح کو تازگی بخشتی ہو۔

میرے والد کا سراپا بھی ان کی باوقار شخصیت کا آئینہ دار ہے۔ روشن پیشانی ان کی ذہانت اور تجربے کی علامت ہے۔ ہلکی براؤن آنکھیں جو ہمیشہ محبت اور شفقت سے بھری رہتی ہیں، ان میں زندگی کی سچائیاں بھی چھپی ہوئی ہیں۔ تیکھے نین نقش، گلابی ہونٹ، سرخ و سفید رنگت اور متناسب قد و قامت ان کی وجاہت کو اور نمایاں کرتی ہے۔ وہ ایک ایسی شاندار شخصیت کے مالک ہیں کہ جو بھی ان سے ملتا ہے، متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتا۔
ان کے کردار اور اخلاق نے ہمیشہ مجھے متاثر کیا ہے۔ دیانت، سچائی، صبر اور شکر گزاری ان کی زندگی کے اصول ہیں۔ انہوں نے ہمیں یہی سکھایا کہ کامیابی کا راز ایمانداری اور محنت میں پوشیدہ ہے۔ دوسروں کے کام آنا، ان کی تکلیف کو بانٹنا، ان کی طبیعت کا خاصہ ہے۔

میرے والد پاک فوج کا حصہ رہ چکے ہیں، یہ پہلو ان کی شخصیت کو مزید باوقار اور باعزت بناتا ہے۔ فوجی زندگی کی سختیوں نے ان میں نظم و ضبط، صبر، جرات اور قربانی کا جذبہ پیدا کیا ہے۔ ان کی زندگی میرے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ بنی رہی ہے۔ میں ان پر بے حد فخر کرتی ہوں اور دل سے خواہش رکھتی ہوں کہ میں بھی ان جیسا بن سکوں۔ ان کا وجود میرے لیے باعثِ فخر اور رحمت ہے
 

SALMA RANI
About the Author: SALMA RANI Read More Articles by SALMA RANI: 52 Articles with 22493 views I am SALMA RANI . I have a M.PHILL degree in the Urdu Language from the well-reputed university of Sargodha. you will be able to speak reading and .. View More