صاف ستھرا ماحول انسانی صحت، خوشی، اور خوشحالی کے لیے
نہایت ضروری ہے،صاف ستھرا ماحول نہ صرف ہماری جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے
بلکہ ذہنی سکون بھی فراہم کرتا ہے،صاف ستھرا ماحول انسان کو خوش، متحرک اور
کامیاب بنانے میں اہم کرداراداکرتا ہے۔ صوبہ پنجاب، پاکستان کا سب سے بڑا
اور سب سے گنجان آباد صوبہ ہے جو اقتصادی، ثقافتی، اور تاریخی لحاظ سے
انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ صوبہ پنجاب کو ماحولیاتی مسائل،کچرے کی بڑھتی
ہوئی مقدار اور آلودگی جیسے چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ ان مسائل کے حل کے لیے
حکومت پنجاب نے (ستھرا پنجاب) کے نام سے ایک اہم منصوبہ شروع کیا ہے۔ اس
پروگرام کا مقصد ماحول کی صفائی، کچرے کی بہتر ترتیب، اور عوامی آگاہی کو
فروغ دینا ہے۔ستھرا پنجاب۔ پروگرام کا بنیادی مقصد پنجاب کے شہروں اور
دیہات میں صفائی کی حالت کو بہتر بنانا اور ماحول کو صاف رکھنا ہے۔ اس
اقدام کا مقصد شہریوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانا، صحت کے مسائل کو کم
کرنا، اور قدرتی وسائل کو تحفظ دینا ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں کچرے کی
بڑھتی ہوئی مقدار نے عوامی صحت اور ماحول پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کچرے کو مناسب طریقے سے جمع کرنے، منتقل کرنے
اور اس کی بازیافت کے نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں کچرا
اٹھانے کے لیے جدید گاڑیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے، اور کچرے کو ری
سائیکل کرنے کے لیے خصوصی پلانٹس قائم کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام میں عوامی
آگاہی کا بھی خاصا عمل دخل ہے۔ شہریوں کو صفائی کے فوائد، کچرے کے صحت پر
پڑنے والے مضراثرات اور ری سائیکلنگ کے اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا
ہے۔ تعلیمی اداروں، کمیونٹی سنٹرز، اور میڈیا کے ذریعے لوگوں کو صفائی کے
فوائد سے آگاہ کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے آس پاس کے ماحول کو صاف رکھنے کے
لیے فعال طور پر حصہ لیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پنجاب کے مختلف شہروں
میں پارکوں، سڑکوں، اور عوامی مقامات کی صفائی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی
گئی ہیں۔ ان مقامات پر صفائی کو یقینی بنانے کے لیے ہفتہ وار صفائی مہم
چلائی جاتی ہیں۔ستھرا پنجاب پروگرام صرف صفائی تک محدود نہیں ہے بلکہ اس
میں سبز انقلاب کا بھی عمل دخل ہے۔ اس پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ درخت
لگائے جا رہا ہیں تاکہ ماحول کو بہتر بنایا جا سکے اور آلودگی کو کم کیا جا
سکے۔ شہر کے مختلف حصوں میں درختوں کی شجرکاری کے پروگرامز بھی چلائے جا
رہے ہیں۔حکومت پنجاب کے(ستھرا پنجاب) پروگرام کے نتائج اب تک مثبت دکھائی
دے رہے ہیں۔ شہریوں میں صفائی کے حوالے سے آگاہی میں اضافہ ہوا ہے۔کچرے کے
انتظام میں بہتری آئی ہے اور آلودگی میں کمی آئی ہے۔ سبز انقلاب کے تحت
درختوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جس سے ماحول صاف ہوا ہے۔ عوامی مقامات
کی صفائی کے معیار میں بہتری آئی ہے۔لاہورصوبہ پنجاب کادارالحکومت اورگنجان
آبادشہرہے جہاں صفائی ستھرائی کے انتظامات وہ بھی عید جیسے بڑے تہوار کے
موقع پرکسی چیلنج سے کم نہیں۔ عیدالفطرکے موقع پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی
(ایل ڈبلیو ایم سی) نے شہرکوصاف ستھرارکھنے کیلئے جس لگن اورمہارت کے ساتھ
کام کیا ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی ۔عید الفطر خوشیوں کا تہوار ہے جو
نہ صرف خاندانوں کے لیے محبت اور سکون کا پیغام لاتا ہے، بلکہ اس دن کی
خوشیاں تب دوگنی ہو جاتی ہیں جب ہمارے گرد و نواح صاف ستھرے ہوں۔ لاہور
جیسے بڑے شہر میں جہاں کی آبادی انتہائی کثیر ہے اور صفائی کے انتظامات میں
ہمیشہ مسائل پیش آتے ہیں، وہاں عید کے دن صفائی کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
اس بار لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے اس چیلنج کا
کامیابی سے مقابلہ کیا۔ ایل ڈبلیو ایم سی نے عید سے قبل ہی صفائی کے خصوصی
انتظامات کی تیاری کی اور شہر کے مختلف علاقوں میں اضافی سینٹری ورکرز
تعینات کیے، جدید مشینری کا استعمال بڑھایا اور موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے
شہریوں کی شکایات کو فوری حل کرنے کی کوشش کی۔ ایل ڈبلیو ایم سی نے عید سے
پہلے ہی شہر بھر میں صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم چلائی تاکہ عوام کو کچرا
صحیح جگہ پر پھینکنے کی ترغیب دی جا سکے۔ مختلف مساجد، بازاروں اور رہائشی
علاقوں میں بینرز لگائے گئے اور سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو صفائی کے
اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، عید کے دنوں میں خصوصی اسکواڈز تشکیل
دیے گئے جنہوں نے شہر بھر میں صفائی کی نگرانی کی۔ایل ڈبلیو ایم سی کا یہ
اقدام لاہور کے شہریوں کے لیے خوشی کا باعث بنا اور انہوں نے سوشل میڈیا پر
تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ایل ڈبلیو ایم سی کی کوششوں کو سراہا۔ اس کے
علاوہ، شہریوں نے اپنے طور پر بھی صفائی میں تعاون کا عزم ظاہر کیا اور صاف
ستھرا ماحول فراہم کرنے میں مدد کی۔یہ بھی سوال اٹھتا ہے کہ کیا صفائی کا
ذمہ صرف حکومت اور انتظامیہ کا ہے یا شہریوں کو بھی اس میں اپنا کردار ادا
کرنا چاہیے؟ حقیقت یہ ہے کہ عوام اپنی ذمہ داری سمجھیں اور صفائی کے عمل
میں تعاون کریں تو کوئی بھی شہر گندگی کا شکار نہیں ہو سکتا۔ حکومت کا کام
یہ ہے کہ وہ صفائی کے بہترین انتظامات فراہم کرے، عوام کا تعاون بھی بہت
ضروری ہے تاکہ شہر صاف ستھرا رہے،ترقی یافتہ ممالک کی مثال لیں تو وہاں
صفائی کا بہترین نظام عوامی تعاون کی بدولت ہی ممکن ہوتا ہے۔ ہر شہری اپنی
ذمہ داری کو سمجھتا ہے اور حکومت کے ساتھ مل کر صفائی کے عمل میں حصہ لیتا
ہے۔ ہمیں بھی اپنے ملک میں صفائی کے اصولوں پر عمل کرنا چاہیے تاکہ ہم اپنے
ملک کو بہتر اور صاف ستھرا بنا سکیں۔ایل ڈبلیو ایم سی نے عید کے دوران جو
شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیااس پر کمپنی کی انتظامیہ اور سی ای او
مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ان کی کوششوں سے یہ ثابت ہو گیا کہ نیت صاف ہو تو
شہر کو صاف رکھا جا سکتا ہے۔ عید کے موقع پر ایک مثبت پیغام بھی ہے کہ ہم
سب مل کر کام کریں تو پاکستان کو ایک صاف، سرسبز اور خوشحال ملک بنایا جا
سکتا ہے۔ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی قائدانہ صلاحیتوں
اوردوراندیشی کامظہرہے جس کا مقصد نہ صرف ماحول کو بہتر بنانا ہے بلکہ
عوامی صحت کو بھی بہتر بنانا ہے۔اس پروگرام کو مزید بہتر طریقے سے نافذ کیا
جائے اور عوام کا تعاون حاصل ہو تو پنجاب میں صفائی اور ماحول کی حالت میں
نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے حکومت، مقامی ادارے
اور عوام کا مشترکہ تعاون ضروری ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام
عوام کو آلودگی،گندگی اورمضرصحت ماحول سے محفوط رکھنے کیلئے اہم منصوبہ
ثابت ہوگا !
|