قوم کے شاہینوں کے نام

قوم کے شاہینوں کے نام
تحریر:ڈاکٹرظہوراحمددانش

میراتعلق ایک فوجی گھرانے سے ہے ۔میری فیملی کے ڈیفنس فورسسز کو جوائن کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں ۔میں نے جب سے آنکھ کھولی ہے ۔گھروں میں دفاع ،جیت ،جنگ ،فتح ،بری ،بحری ،فضائی ،ٹینک ،مارٹر ،اٹرلی ،تارپیڈو جیسی اصطلاحیں سنتاتھا۔یعنی آپ کہ سکتے ہیں کہ میں دفاع سے تعلق رکھنے والی معلومات کچھ نہ کچھ سنتاآیاہوں ۔اسی کی وجہ سے ایک ذوق کو جذبہ طبیعت میں ہمیشہ سے رہا۔جس کا اظہار میں نے قلمی میدان کیا اور اپنے حصے کی کوشش کرتارہتاہوں ۔
مئی 2025پاکستان کی تاریخ کی شاید سخت ترین مہینا تھا۔جب خفیہ دشمن ،ظاہری دشمن اور دوست کے لباس میں دشمن پاکستان کو گھیرے ہوئے تھے ۔لیکن کائنات کا مالک یہ سب منظر دیکھ رہاتھا۔بات طویل ہوجائیگی آج جی کررہاہے کہ میں بے خودی میں پاک فضائیہ پاک آرمی پاک نیوی کو سلام عقیدت پیش کروں اور شاہینوں کے نام کچھ لکھوں ۔بس جس میں میرے لفظ خود بڑھ بڑھ کر عقیدتوں کے پھول چُن چُن کر ان عظیم سپوتوں کے ذوق و جذبے کا ہار بن جائیں ۔
پیارے قارئین :
فضا میں جب باز اپنی پرواز دکھاتا ہے، تو زمین پر موجود ہر آنکھ اسے حیرت سے دیکھتی ہے، اور جب شاہین پرواز کرتا ہے، تو ہواؤں کی رفتار بھی اس کے عزم کے سامنے جھک جاتی ہے۔ یہی مثال ہے پاکستان ائیر فورس (PAF) کی، جو نہ صرف وطن عزیز کی فضا کی محافظ ہے، بلکہ پاکستان کی عزت، وقار اور غیرت کی روشن علامت بھی ہے۔
پاکستان ائیر فورس صرف ایک عسکری ادارہ نہیں، یہ ایک نظریہ ہے، ایک جذبہ ہے، ایک حوصلہ ہے، جو اپنے پروں سے دشمن کے ارادوں کو چیر دیتا ہے۔ یہ وہ قوت ہے جو نہ صرف دفاع کرتی ہے، بلکہ دشمن کے دل میں ایسا خوف بٹھا دیتی ہے کہ وہ حملہ کرنے سے پہلے ہزار بار سوچتا ہے۔ہمارے شاہینوں نے ہمیشہ اس بات کو ثابت کیا ہے کہ اعداد و شمار کی جنگ میں ہمیشہ ہتھیاروں کی گنتی نہیں، بلکہ دل کی جرات، حوصلے کی آگ، اور ایمان کی طاقت جیتتی ہے۔
یاد کیجیے 1965 کی جنگ — جب بھارت نے رات کی تاریکی میں حملے کا منصوبہ بنایا، تو صبح کی روشنی میں پاکستانی فضائیہ نے دشمن کے ارادوں کو ملیامیٹ کر دیا۔یاد کیجیے کارگل کا معرکہ — جب دنیا حیران تھی کہ اونچے پہاڑوں پر کیسے دفاع ہوگا، تو شاہینوں نے ثابت کیا کہ پاکستانی فضائیہ صرف زمین پر نہیں، بلکہ ہر بلندی پر فتح کا نشان گاڑ سکتی ہے۔اور حالیہ دنوں میں فروری 2019 کا واقعہ — جب بھارتی طیارے پاکستانی حدود میں داخل ہوئے، تو ہمارے شاہینوں نے ان کا انجام دنیا کے سامنے رکھ دیا؛ دشمن کے طیارے گرے، اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔
پیارے دوستو!!
پاکستان ائیر فورس کے جوان صرف پائلٹ نہیں ہوتے، وہ ہوا کے رکھوالے، فضاؤں کے سلطان، اور شہداء کی صف میں شامل جرات مند سپوت ہوتے ہیں۔ ان کی تربیت، ان کا ضبط، ان کی پیشہ ورانہ مہارت دنیا بھر میں مشہور ہے۔ وہ دن ہو یا رات، بارش ہو یا طوفان — شاہین ہر وقت وطن کی فضاؤں میں چوکنے کھڑے رہتے ہیں۔وہ جدید ترین لڑاکا طیاروں میں بیٹھ کر دشمن کے خواب چکناچور کرتے ہیں، اور ضرورت پڑے تو اپنی جان کی بازی لگا کر بھی وطن کی عزت پر آنچ نہیں آنے دیتے۔
قارئین :ذرا سوچئے!!ایک نوجوان پائلٹ، جو ہر صبح والدین کی دعاؤں کے سائے میں گھر سے نکلتا ہے، مگر اپنی منزل جانتا ہے — وطن کی حفاظت!ایک مادرِ وطن، جو اپنے بیٹے کو وردی میں دیکھتی ہے اور کہتی ہے: “جا بیٹا! وطن کی عزت تیرے پروں کی پرواز میں چھپی ہے۔ شاہینوں کی بہادری، قربانی اور غیرت کو سلام پیش کرتی ہے۔
پاکستان ائیر فورس وہ بازو ہے جس پر پاکستانی قوم کو ناز ہے۔ یہ ادارہ صرف ہتھیاروں سے نہیں، اپنے ایمان، پیشہ ورانہ مہارت، اور بے مثال جذبے سے طاقت حاصل کرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے شاہینوں کی عزت کریں، ان کی قربانیوں کو یاد رکھیں، اور نئی نسل کو یہ سبق دیں کہ وہ بھی ایک دن شاہین بن کر اس وطن کی فضا کو محفوظ رکھیں۔
میرے وطن کا بچہ ،بوڑھا ،جوان ،مردو زن سب ایک قوم بن جائیں ۔اپنے باہمی اختلاف کو ختم کرکے اس وطن کی سالمیت کے لیے اپنے حصے کی کوشش کریں ۔اس جنگ نے ہمیں سبق دے دیاہے کہ جس ملک کا دفاع مضبوط نہیں ہوتا۔وہاں انسان کیڑے مکوڑوں کی طرح مار دیے جاتے ہیں ۔آئیں ہم عہد کریں کہ ہم ایک قوم بن کر جئیں گے ۔ہم ایک قوم بن کراس وطن کی ترقی و سالمیت کے لیے کوشش کریں گے ۔
میں پھر اپنی پاک آرمی ،ائیر فورس ،نیوی کو سلام پیش کرتاہوں ۔بہترین قیادت بھروقت فیصلے اور تاریخ ساز جواب ۔قوم آپ پر فخر کرتی ہے ۔
یہ جو زمین ہری بھری ہے
یہ جو پرچم لہرا رہا ہے
یہ جو مسجد میں اذان گونجتی ہے
یہ جو مدرسے میں کتاب کھلتی ہے
یہ جو مٹی میں خوشبو ہے
یہ سب تمہارے دم سے ہے
اے سرفروش جوانو،
ہماری محبتوں کا سلام تم پر،
ہماری عقیدتوں کا سلام تم پر!
سلام اے وطن کے نگہبانوں!!
سلام اے شاہینوں! تمہیں ہمارا دل، ہماری دعائیں، اور ہماری محبت پیش ہے۔

DR ZAHOOR AHMED DANISH
About the Author: DR ZAHOOR AHMED DANISH Read More Articles by DR ZAHOOR AHMED DANISH: 405 Articles with 631216 views i am scholar.serve the humainbeing... View More