آزاد تجارتی زونز کی اہمیت

دنیا کی دوسری بڑی معیشت کی حیثیت سے چین دنیا کے وسیع تر مفاد میں اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔چینی قیادت کا موقف بالکل واضح ہے کہ کھلا پن انسانی تہذیبوں کی ترقی کے پیچھے ایک اہم محرک قوت اور عالمی خوشحالی اور ترقی کی جانب ایک داخلی راستہ ہے۔ ادارہ جاتی کھلے پن اور دنیا بھر کے لیے مواقع لانے کے مقصد سے چین اپنے پائلٹ فری ٹریڈ ایریاز کو اپ گریڈ کرنے کی حکمت عملی پر بھی عمل پیرا ہے۔

دیکھا جائے تو چین میں پائلٹ فری ٹریڈ زونز (ایف ٹی زیڈ) ملک کی ادارہ جاتی اختراع کو آسان بنانے میں نمایاں خودمختاری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں ، جنہوں نے قوانین کے نفاذ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ کیا ہے۔انہی میں شیامین فری ٹریڈ زون بھی شامل ہے جس کا ابھی حال ہی میں دورہ کرنے کا موقع ملا۔ 43.78مربع کلومیٹر کے کل رقبے کے ساتھ ، شیامین فری ٹریڈ زون ، مشرقی چین کے صوبہ فوجیان میں شیامین بندرگاہی شہر میں واقع ہے۔

شیامین فری ٹریڈ زون 21 اپریل 2015 کو لانچ کیا گیا تھا ، تب سے یہ اعلی سطحیٰ کھلے پن کو فروغ دینے کے لئے بھرپور کوشاں ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی اور ریاستی کونسل کے ساتھ ساتھ سی پی سی فوجیان صوبائی کمیٹی اور فوجیان حکومت کے فیصلوں اور پالیسیوں پر عمل کرتے ہوئے زون نے متعدد جدید اقدامات اپنائے ہیں ہیں جن سے فری ٹریڈ زون کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ ملا ہے۔

آج یہاں اعلیٰ معیار کے ساتھ ادارہ جاتی اختراعات کو مسلسل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔گزشتہ دس سالوں کے دوران ، شیامین فری ٹریڈ زون نے 550 سے زائد جدید اقدامات متعارف کرائے ہیں ، جن میں 140 سے زائد ملک گیر اقدامات بھی شامل ہیں۔ ریاستی کونسل کی جانب سے ملک بھر میں 30 پائلٹ اصلاحات کے تجربات سے سیکھنے اور فروغ دینے کے لئے دستاویزات جاری کی ہیں۔اس ضمن میں شیامین انٹرنیشنل ٹریڈ سنگل ونڈو سمیت پانچ مثالی کیسز کو ملک بھر میں فری ٹریڈ زونز کے لیے "بہترین پریکٹس کیس" کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ مزید برآں، شیامین کی ترقی کے لئے ساٹھ سے زائد اہم کلیدی پالیسیوں کی منظوری دی گئی ہے.

یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ شیامین ایک عالمی معیار کا کاروباری ماحول تشکیل دے رہا ہے، ایسے میں شیامین فری ٹریڈ زون ، بین الاقوامی معیارات کے مطابق ، شیامین کے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لئے فعال نمونہ بن چکا ہے ۔ شیامین کی کاروباری ماحول کی درجہ بندی نے اپنے آغاز سے اب تک 46 درجے ترقی کی ہے ، جس سے یہ نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کی "چائنا بزنس انوائرنمنٹ رپورٹ" میں ایک بینچ مارک شہر بن گیا ہے۔گزشتہ برس 2024میں ، شیامین ایف ٹی زیڈ نے شہر کی جی ڈی پی میں 12.4 فیصد ، غیر ملکی تجارت میں 35.5 فیصد ، اور حقیقی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 30.6 فیصد حصہ ڈالا ، جس نے خطے کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو نمایاں طور پر آگے بڑھایا ہے۔

اس بات کا تذکرہ بھی لازم ہے کہ شیامین فری ٹریڈ زون نے چین کی پہلی بین الاقوامی ٹرین سروس کا آغاز بھی کیا جو ایک آزاد تجارتی زون سے شروع ہوتی ہے اور دنیا اسے چائنا۔یورپ (شیامین) ریلوے ایکسپریس کے نام سے جانتی ہے۔ تاحال ، یہ باقاعدگی سے تین اہم روٹس پر کام کر رہی ہے جن میں شیامین سے ہیمبرگ ، الماتی اور ماسکو شامل ہیں۔ یہ ٹرین سروس یورپ اور ایشیا کے 12 ممالک اور خطوں کو جوڑتی ہے اور 34 شہروں کا احاطہ کرتی ہے۔ اس نے یوریشین براعظم کو عبور کرتے ہوئے ایک نیا بین الاقوامی لاجسٹک کوریڈور قائم کیا ہے۔

شیامین فری ٹریڈ زون کاروباری اداروں کے مکمل الیکٹرانک قیام جیسے آسان اقدامات بھی متعارف کرا رہا ہے ، جو بڑی تعداد میں کمپنیوں کو یہاں آباد ہونے کی جانب راغب کرتے ہیں۔اسی طرح ، یہاں شیامین انٹرنیشنل ٹریڈ سنگل ونڈو کی تعمیر کی سطح کو بڑھایا جا رہا ہے ، تاکہ اعلیٰ درجے کی پورٹ پبلک انفارمیشن سروس ایکو سسٹم قائم کیا جاسکے۔ زون نے ایک ایئر کارگو الیکٹرانک فریٹ پلیٹ فارم تیار کیا ہے اور ملک بھر میں "سنگل ونڈو ایئر کارگو لاجسٹکس" ماڈل پیش کیا ہے۔

شیامین فری ٹریڈ زون نے ایک تین سالہ ایکشن پلان بھی متعارف کرایا ہے، جس میں ایوی ایشن مینٹی ننس ، مالیاتی لیزنگ، درآمد شدہ مشروبات، اور سرحد پار ای کامرس سمیت 15 کلیدی پلیٹ فارمز کی تعمیر کو فروغ دیا گیا ہے۔ان کلیدی پلیٹ فارمز کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ طاقتور انجن کے طور پر کام کرتے ہیں جو شیامین میں اعلیٰ معیار کی ترقی کو چلا رہے ہیں۔

سو ، کہا جا سکتا ہے کہ شیامین فری ٹریڈ زون جیسا آزاد تجارتی پلیٹ فارم دنیا کو دکھاتا ہے کہ چین تمام ممالک کے ساتھ مل کر حقیقی کثیر الجہتی پر عمل کرنے، کھلے پن کے لیے مزید اتفاق رائے پیدا کرنے، عالمی اقتصادی نمو کو درپیش مشکلات اور چیلنجوں پر مشترکہ طور پر قابو پانے کا خواہاں ہے تاکہ عالمی ترقی کے وسیع امکانات پیدا کیے جا سکیں اور آزاد تجارت کو بھرپور فروغ مل سکے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1489 Articles with 780934 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More