دنیا کی دوسری سب سے بڑی فلم مارکیٹ کے طور پر، چین عالمی
سنیما کے منظر نامے کو نئی شکل دینے میں تیزی سے موثر کردار ادا کر رہا ہے.
صرف 2024 میں چین نے 30 سے زائد ممالک اور خطوں میں بین الاقوامی فلم
فیسٹیول کی میزبانی کی۔ دریں اثنا، چین نے گزشتہ سال 93 بیرونی فلموں کی
نمائش کی، اور گھریلو باکس آفس پر 9 بلین یوآن سے زیادہ کی کمائی کی.
تاہم، چین کی فلم مارکیٹ کی ترقی کے پیچھے ایک صدی سے زائد کی محنت ہے۔ سال
1905میں، بیجنگ کے ایک فوٹوگرافی اسٹوڈیو میں ایک ہاتھ سے چلنے والے کیمرے
نے ایک تاریخی لمحہ ریکارڈ کیا جو 30 منٹ کی ریل کے ساتھ چین کی پہلی خاموش
فلم کہلائی ۔آج، جدید پروڈکشن اسٹوڈیوز کے اندر اے آئی کی مدد سے فلم سازی
ایک انتہائی پیشہ ورانہ، تکنیکی اور اختراعی شعبہ بن چکا ہے۔خاموش فلموں سے
لے کر اے آئی کی قیادت میں بلاک بسٹرز تک، چین کا سنیما سفر بے حد جدت کا
سفر رہا ہے۔ یہ صنعت اب اپنی 5,000 سالہ بھرپور ثقافت کے ساتھ جدید
ٹیکنالوجی کو ملا رہی ہے، بصری طور پر شاندار کہانیاں تخلیق کر رہی ہے جو
عالمی طور پر گونجتی ہیں۔
رواں سال کے اسپرنگ فیسٹیول کی ہی بات کی جائے تو سُپرہٹ فلم 'نی ژا 2' نے
ناظرین کو اپنے دلفریب مناظر اور زبردست کہانی سے محظوظ کیا ۔ یہ چین کی اب
تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی اور عالمی باکس آفس چارٹ پر
پانچویں مقام پر پہنچ چکی ہے۔ کہا جا سکتا ہے کہ حالیہ عرصے میں چینی فلم
سازوں کے تخلیق کردہ عنوانات نے جدید تکنیکوں اور جدید بصریات کا استعمال
کرتے ہوئے قدیم چینی کہانیوں اور افسانوں کی بنیاد پر ترقی کا ایک نیا سفر
طے کیا ہے۔
فلم سازی سے وابستہ شخصیات کے نزدیک چین کی فلمی صنعت تین بنیادی عناصر میں
مہارت حاصل کرتے ہوئے صنعت کاری کی نئی بلندیوں پر پہنچ چکی ہے، جن میں
منظم پروڈکشن پائپ لائنز، فنکارانہ مہارت میں درستگی، اور عملی فلم بندی کے
ساتھ ڈیجیٹل امیجری کا شاندار امتزاج شامل ہے۔ چینی فلم ساز اپنی ثقافتی
جڑوں، شان دار کہانیوں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ، ملک کے قدیم اساطیر کو
دوبارہ زندہ کر رہے ہیں اور انہیں عالمی ناظرین کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔
اس کی ایک اور تازہ ترین مثال چینی بلاک بسٹر سائنس فکشن فلم 'دی ونڈرنگ
ارتھ 2' بھی ہے جس نے غیر ملکی باکس آفس پر 100 ملین یوآن (تقریباً 13.9
ملین امریکی ڈالر) سے زیادہ کی کمائی کی۔ اس کے حیرت انگیز مناظر، جیسے بڑے
پیمانے پر فیوژن ری ایکٹرز سے چلنے والی آسمان کو چھونے والی خلائی لفٹیں،
صنعتی گریڈ تھری ڈی پرنٹڈ پروپس اور کمپیوٹر سے تیار کردہ تصاویر ، چین کی
مہارت کو ظاہر کرتی ہیں۔
اس فلم کی کامیابی چین کی سائنس فکشن فلم کی ترقی کا واضح ثبوت ہے ۔خاص طور
پر، تھری ڈی پرنٹنگ اور کمپیوٹر عددی کنٹرول مشیننگ میں پیش رفت نے فلم
سازی کو اعلیٰ صنعتی گریڈ کے معیار تک بڑھا دیا ہے۔'دی ونڈرنگ ارتھ 2' کے
لیے پروڈکشن ٹیموں نے تھری ڈی پرنٹنگ کا استعمال کرتے ہوئے پیچیدہ اسپیس
سوٹس، کوانٹم اے آئی کمپیوٹرز اور روبوٹک آرمز تیار کیے، جس سے پروڈکشن کے
وقت کو ڈرامائی طور پر کم کیا گیا۔
جدید ترین تکنیکی ترقی کو چینی فلموں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ذریعہ اپنایا
جارہا ہے۔ ورچوئل سنیماٹوگرافی ، موشن کیپچر اور ہالی ووڈ طرز کی پائپ
لائنوں کو پروڈکشن کو معیاری بنانے کے لئے استعمال کیا گیا ہے۔یوں ، چینی
بصری اثرات کے حامل اسٹوڈیوز تیزی سے عالمی کھلاڑیوں کے طور پر ابھر رہے
ہیں ، جو بڑے بین الاقوامی بلاک بسٹر میں حصہ ڈال رہے ہیں۔
چینی فلم ساز اس حوالے سے بھی پراعتماد ہیں کہ وہ اپنی فلموں کے ذریعے دنیا
بھر میں جدید تخلیقی نقطہ نظر اور سنیما کی زبان کے ذریعے چین کی خوشحال
روایتی ثقافت اور فن کی وراثت کو پیش کر رہے ہیں اور دنیا بھر کے ناظرین کے
لیے اعلیٰ معیار کا مواد لانے کے لئے عالمی فلم سازی تعاون کو مزید گہرا
کرنے کے منتظر ہیں۔
|