غربت کس کو کہتے ہیں

ہماری دوستی کالج کے دنوں میں پروان چڑھی۔ وہ ایک خاموش مزاج، سنجیدہ اور محنتی نوجوان تھا۔ زندگی نے اسے آسان راستے نہیں دیے تھے، مگر اس کے حوصلے ہمیشہ بلند رہے۔ کالج کے دنوں میں ہی مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ اس کا تعلق ایک نہایت کمزور مالی پس منظر سے ہے۔ اس کا والد دیہاڑی دار مزدور تھا، اور خاندان کے باقی افراد اس قدر تنگ نظر تھے کہ رشتے داری تسلیم کرنے کو بھی تیار نہ تھے۔

میرا دوست نے بچوں کو ٹیوشن پڑھاتااور روزی کا بندوبست کرتا۔ وہ دن رات محنت کرتا رہا۔ بی ایس سی کرنے کے بعداسے ایک جاپانی کمپنی میں ملازمت ملی۔ قسمت نے بھی اس کی محنت کا ساتھ دیا اور کمپنی نے اپنے خرچ پر اسے جاپان اعلیٰ تعلیم کے لیے بھیجا۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ واپس آیا تو اس کی زندگی تبدیل ہو چکی تھی، مگر اس کے اصول وہی تھے: محنت، سادگی اور خودداری۔

ان سالوں میں اس نے صرف اپنی زندگی سنواری، بلکہ اپنے چھوٹے بھائیوں اور بہنوں کو بھی سہارا دیا۔ وہ سب ایک ایک کر کے تعلیم یافتہ اور خود مختار ہو گئے۔ مگر یہ سب کرنے کے باوجود وہ آج بھی کرائے کے گھر میں رہ رہا تھا۔

زندگی کا ایک اور موڑ اس وقت آیا جب 48 سال کی عمر میں اس نے اپنی کولیگ سے شادی کی۔ وہ خود بھی ایک اچھی ملازمت پر تھی اور پوش علاقے میں اس کا اپنا ذاتی گھر تھا۔ شادی کے بعد دونوں وہاں منتقل ہو گئے۔ اب ان کا طرزِ زندگی ایسا تھا جسے دیکھ کر رشک آتا تھا — ایک کنال کا گھر، تین ملازم، کمپنی کی گاڑیاں، اور مالی طور پر بظاہر ہر سہولت موجود۔

مگر ایک دن کی ملاقات نے میرے تمام اندازے بدل دیے۔

کافی دیر تک بات چیت کے بعد اس نے کہا:
"گھر کے اخراجات پورے نہیں ہوتے۔"
میں چونک گیا۔ پوچھا: "آمدن کتنی ہے؟"

اس نے بتایا: "میری تنخواہ پانچ لاکھ سے زیادہ ہے، بیوی کی ساڑھے تین لاکھ ہے۔"

یعنی دونوں کی کل آمدن آٹھ لاکھ روپے ماہانہ۔ پھر بھی اخراجات پورے نہ ہونا؟ حیرت زدہ ہو کر میں خاموش ہو گیا۔

اس نے کہا:
"میری ماں کرائے کے گھر میں، نہایت کم آمدنی میں ہمیں کبھی محرومی کا احساس نہیں ہونے دیتی تھی۔ آج ہم دونوں اتنا کما رہے ہیں، پھر بھی ہم احساسِ محرومی کے ساتھ زندہ ہیں۔"
پھر اس کی وہ بات، جو میرے دل پر نقش ہو گئی:
"غریب وہ نہیں ہوتا جس کی آمدن کم ہو، اصل غربت احساسِ محرومی ہے۔"
میرا کہنا ہے

"گھر میں ماں ہو یا بیوی اگر وہ احساس محرومی میں زندہ ہے تو پورا گھرانہ غریب ہی رہے گا "
 

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 161 Articles with 186640 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.