صالح آصف، پاکستان کا ذہین چہرہ

دنیا بھر میں ٹیکنالوجی انقلاب کی ایک خاموش لیکن مضبوط لہر چل رہی ہے جس میں بہت سارے نوجوان تخلیق کی دنیا میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں ،ٹیکنالوجی کے سمندر کی لہروں پر ایک پاکستانی نوجوان، صالح آصف بھی بڑی خود اعتمادی سے سوار ہے۔ شاید آپ نے ان کا نام نہیں سنا ہو، لیکن اگر آپ ٹیکنالوجی کی دنیا سے دلچسپی رکھتے ہیں تو جان لیجیے کہ صالح آصف ان چند نوجوان دماغوں میں سے ایک ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا مستقبل تشکیل دے رہے ہیں۔

صالح آصف کا سفر کراچی کی گلیوں سے شروع ہوا، جہاں وہ ایک عام نوجوان کی طرح زندگی گزار رہا تھا۔ لیکن اس نوجوان میں کچھ خاص تھا یہی وجہ تھی کہ وہ ہر بات میں بہت سارے سوالات کرتا تھا،مسائل کا حل تلاش کرتا تھا اور کچھ نیا سیکھنے کی پیاس رکھتا تھا۔ یہی لگن اُسے انٹرنیشنل میتھمیٹکس اولمپیاڈ تک لے گئی جہاں اس نے پاکستان کی نمائندگی کی اور یہ وہ لمحہ تھا جب دنیا نے اسے پہلی بار سنجیدگی سے دیکھا اور سنا۔

صالح نے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں سے ایک، MIT (Massachusetts Institute of Technology) سے کمپیوٹر سائنس میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ MIT میں تعلیم صرف نصاب تک محدود نہیں رکھا بلکہ یہ تخلیق، تجزیہ اور تجربہ کی دنیا ہے اور صالح نے وہاں وہی کیا یعنی سوچا، تخلیق کیا اور نئی راہیں نکالیں۔

آج وہ Cursor AI کے شریک بانی ہیں، ایک ایسا AI کوڈنگ پلیٹ فارم جو سلیکون ویلی میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ یہ صرف ایک کوڈ ایڈیٹر نہیں، بلکہ ایک ذہین معاون ہے جو کوڈ لکھنے والے کی عادات، تاریخ اور ترجیحات کو سمجھ کر اس کے ساتھ مکالمہ کرتا ہے، تجاویز دیتا ہے، اور پیچیدہ مسائل کو حل کرنے میں مدد دیتا ہے۔

بلوم برگ اور دیگر اداروں کی رپورٹس کے مطابق، Cursor AI کی ویلیوایشن 5 سے 10 ارب امریکی ڈالر کے درمیان ہے، یعنی پاکستانی کرنسی میں ہزاروں ارب روپے۔

صالح آصف کی کامیابی صرف ٹیکنالوجی بنانے میں نہیں، بلکہ ایک وژن اور فلسفے میں ہے: شور شرابے سے دور رہنا، محنت سے کام کرنا، اور سادہ انداز میں بڑی تبدیلی لانا۔ وہ سوشل میڈیا پر نمایاں نہیں، ان کے بارے لوگ زیادہ نہیں جانتے ،وہ کوئی دعوے نہیں کرتے، لیکن جو کام کرتے ہیں، وہ کام بولتا ہے۔

صالح آصف کی کہانی صرف ایک شخص کی کامیابی نہیں، بلکہ پاکستان کے اُن لاکھوں نوجوانوں کی نمائندگی ہے جنہیں اگر مواقع، رہنمائی اور اعتماد دیا جائے تو وہ دنیا میں کسی سے کم نہیں۔ Cursor AI ایک علامت ہے اس بات کی کہ اگر عزم ہو، تو کراچی تو بڑی بات ہے ملک کے کسی بھی کونے یا کسی بھی پسماندہ علاقے سے نکل کر بھی دنیا کو ٹیکنالوجی کے میدان میں متاثر کیا جا سکتا ہے۔

اس کی حالیہ مثال پاکستان اور بھارت کے درمیان "معرکہ حق" ہے جس میں پاکستان نے ٹیکنالوجی کے میدان میں بہترین پرفارمنس دکھا کر اپنے آپ کو ثابت کر دیا ۔
یہ وقت ہے کہ ہم ایسے نوجوانوں کو پہچانیں، ان پر فخر کریں، اور ان کی کہانیوں کو نئی نسل تک پہنچائیں تاکہ کل کا پاکستان صرف ماضی پر فخر نہ کرے، بلکہ مستقبل پر بھی اعتماد کرے۔

 

Fazal khaliq khan
About the Author: Fazal khaliq khan Read More Articles by Fazal khaliq khan: 81 Articles with 74008 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.