چین کا نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کا پلان

چین میں قیام کے دوران آئے روز نت نئی پالیسیوں سے آگہی ملتی ہے جنہیں دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ چینی قیادت اپنے عوام کو کس قدر مقدم رکھتی ہے۔ ملک میں تمام تر پالیسی سازی کا مطمع نظر عوام نظر آتے ہیں اور ان کے مفاد کو آگے بڑھانا اولین مقصد کہلاتا ہے۔مفاد عامہ کی کوششوں کو آگے بڑھاتے ہوئے ابھی حال ہی میں چین نے نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے جس میں معیاری اور سستی سہولیات کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کے لیے مزید ثمرات کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ چینی حکام بچوں کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید جامع، سستا اور قابل اعتماد بنانا چاہتے ہیں۔ ملک بڑے شہروں میں اگلے دس سالوں میں نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کی جامع سہولیات کی کوریج 80 فیصد تک پہنچانے کا ہدف رکھتا ہے۔ یہ منصوبہ عوامی بہبود کو بڑھانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔

اس ضمن میں نوزائیدہ بچوں اور بزرگ شہریوں دونوں کے لیے سستی اور جامع دیکھ بھال کی سہولیات کو ترجیح دی جائے گی۔سستی سہولیات کی فراہمی بڑھانے اور معیاری، کم لاگت اور پائیدار دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کی حمایت کی جائے گی۔بچوں کی بہتر دیکھ بھال کو مدنظر رکھتے ہوئے پبلک چائلڈ کیئر سپیسز کو مختلف ذرائع سے بڑھایا جائے گا، خاص طور پر کمیونٹی اور خاندانی بنیادوں پر دیکھ بھال کے اختیارات کو فروغ دیا جائے گا۔

اسی طرح مناسب سہولیات رکھنے والے کنڈرگارٹنز (پری اسکولز) کو بھی بچوں کی نگہداشت کی سہولیات فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔جامع چائلڈ کیئر سروسز کو کاروباری اداروں اور سرکاری دفتروں کے ملازمین کی بہبود کے نظاموں میں شامل کیا جائے گا۔ ان سہولیات پر ہونے والے اخراجات ملازمین کے بہبود فنڈز میں شمار کیے جائیں گے۔ مزید سپورٹ کے لیے یونین فنڈز بھی استعمال کیے جا سکیں گے۔

ایسا نہیں ہے کہ چین کی جانب سے اب ان اقدامات کو فروغ دیا جا رہا ہے بلکہ اس شعبے میں حالیہ برسوں میں ملک نے چائلڈ کیئر سروسز کو سستا، قابل اعتماد اور معیاری بنانے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔پالیسی نظام کی بہتری کو دیکھا جائے تو چینی حکام نے
3 سال سے کم عمر بچوں والے خاندانوں کے لیے آمدنی محصول (ٹیکس) میں خصوصی رعایت دی ہے تاکہ دیکھ بھال کے اخراجات کم ہوں۔ملک کے نصف سے زائد صوبوں نے چائلڈ کیئر کو اہم عوامی فلاحی منصوبہ قرار دیا ہے۔ 1,315 کاؤنٹیز (شہروں/اضلاع) نے چائلڈ کیئر اداروں کی تعمیر اور چلانے کے لیے سبسڈیز، اور خدمات کی قیمتیں کم کرنے کے لیے کھپت کوپن (کنزیومر واؤچرز) جیسے اقدامات متعارف کرائے ہیں۔

اسی طرح معیارات اور ضوابط کا نفاذ بھی کیا گیا ہے تاکہ بچوں کے بہتر تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔چائلڈ کیئر اداروں کے انتظام، بچوں کی حفاظت، چوٹوں سے بچاؤ، آگ سے حفاظت اور غذائیت کے معیارات طے کیے گئے ہیں۔طبی اداروں کو معاہدہ شدہ خدمات فراہم کرنے کی حمایت کی گئی ہے، جس میں بچوں کی صحت کی دیکھ بھال، غذائیت اور بیماریوں سے بچاؤ کی خدمات شامل ہیں۔ اس سے خدمات کا معیار یقینی بنایا گیا ہے۔

چینی حکام نے اپنی اس اہم ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے سہولیات کی فراہمی میں بھی اضافہ کیا ہے۔مرکزی فنڈز کے ذریعے جامع چائلڈ کیئر سینٹرز اور پبلک چائلڈ کیئر سہولیات کی تعمیر میں رہنمائی اور مدد کی گئی ہے۔سماجی اداروں کو جامع چائلڈ کیئر خدمات (پورے دن، آدھے دن، گھنٹہ وار اور عارضی نگہداشت) فروغ دینے کی ترغیب دی گئی ہے۔کامیاب شہروں کو نمونہ (ماڈل) بنانے اور چائلڈ کیئر کے معیار کو مجموعی طور پر بڑھانے کے لیے مرکزی حکومت کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ان کوششوں کے نتیجے میں چین میں نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کا ایک بنیادی نظام قائم ہو چکا ہے جو عوام کی مسلسل بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

جہاں تک مستقبل کے منصوبوں کا تعلق ہے تو چین "عوامی فلاح و بہبود" پر مبنی ترقیاتی فلسفے پر عمل جاری رکھتے ہوئے ایک جامع چائلڈ کیئر سروس سسٹم کی تعمیر کرے گا ، ایک جامع نیٹ ورک تشکیل دیا جائے گا جس کا مرکز جامع سروس سینٹرز ہوں گے اور اس میں چائلڈ کیئر ادارے، کمیونٹی سروسز، کنڈرگارٹن کلاسز، اداروں کے اندر دیکھ بھال اور خاندانی چائلڈ کیئر پوائنٹس شامل ہوں گے۔دوسرا ،ابتدائی تعلیم اور نگہداشت کے باہمی انضمام کو یقینی بنایا جائے گا ،مقامی تجربات سے سیکھتے ہوئے نوزائیدہ بچوں کے لیے دستیاب وسائل کو مربوط کیا جائے گا اور سپورٹ پالیسیوں کو بہتر بنایا جائے گا۔مناسب سہولیات رکھنے والے کنڈرگارٹنز کو چائلڈ کیئر کلاسز شروع کرنے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ پری اسکول تعلیم اور چائلڈ کیئر سروسز کا ہم آہنگ اور پائیدار فروغ ممکن ہو۔

تیسرا ،خدمات کے معیار میں بہتری لائی جائے گی، طبی اداروں کی حمایت حاصل کی جائے گی۔مقامی حکومتوں کی رہنمائی کی جائے گی کہ وہ چائلڈ کیئر سروسز کو جدید سہولیات، معیاری تشخیص، عملے کی تربیت اور سخت حفاظتی معائنے کے ذریعے زیادہ معیاری اور پیشہ ورانہ بنائیں اور بچوں کی حفاظت اور صحت کو یقینی بنایا جائے گا۔

وسیع تناظر میں یہ اقدامات چین کی نوجوان نسل کی بہتر پرورش اور خاندانوں پر بچوں کی دیکھ بھال کے بوجھ کو کم کرنے کی حکومت کی سنجیدہ کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں، جس سے یقیناً چینی عوام کے لیے بے پناہ ثمرات کا حصول ممکن ہو گا۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1525 Articles with 808033 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More