سرائے اردو ادبی فورم: ایک جائزہ

سرائے اردو ادبی فورم کا فیس بک پیج
https://www.facebook.com/groups/saraiurdu

تحریر: ذوالفقار علی بخاری
سلیقے سے ہواؤں میں،جو خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں،جو اردو بو ل سکتے ہیں
ادبی تنظیم ”سرائے اردو“کے قیام کا بنیادی مقصد اردو زبان کا فروغ اور ادیبوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اُن کی صلاحیتوں کو قومی اوربین الاقوامی سطح پر متعارف کروانا،ادیبوں کو اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پرادبی دنیا میں مقام بنانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اردو زبان کے فروغ کے لیے ادب اطفال پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے جسے ماضی میں نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔
ادبی تنظیم ”سرائے اردو“ کے مقاصد کچھ یوں بیان کیے جا سکتے ہیں۔
٭ نوجوان نسل میں مثبت سوچ کو بیدار کرنا۔
٭ طلبہ میں مطالعے کے رجحان میں اضافہ کرنا۔
٭ نئے لکھنے والوں کی رہنمائی اور اُنھیں آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کرنا۔
٭ نئے قلم کاروں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے آن لائن و آف لائن تربیتی نشستوں کا انعقاد۔
٭ کم قیمت اور معیاری کتب کی اشاعت کو یقینی بنانا۔
٭ نونہالوں میں خود اعتمادی، مثبت سوچ اورمحنت کا جذبہ بیدار کرنا۔
سرائے اردو ادبی فورم پاکستان میں محترمہ عیشا صائمہ مرکزی صدر، بہر ام علی وٹو اوردانیال حسن چغتائی نائب مرکزی صدور کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
”سرائے اردو۔ادبی فورم“ ایک ایسے کارواں میں تبدیل ہو چکا ہے جس میں شمولیت اختیار کرنے والے خود کو خوش نصیب تصور کرتے ہیں کہ اردو زبان کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔اردو زبان سے محبت کی وجہ سے آن لائن محفل (فیس بک گروپ) کاقیام عمل میں آیا جسے رفتہ رفتہ پذیرائی ملی۔اِس کے آغاز سے ہی ایک متاثرکن نام کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔اِس کے پیچھے وجہ یہی تھی کہ مختصر نام ایسا ہو جو زبان زد عام ہو جائے۔”سرائے اردو“کا نام جوں ہی منتخب کیا گیا،ایک انقلابی تبدیلی رونما ہوئی۔ اِس میں شامل احباب کی تعداد تیس ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
سرائے اردو ادبی فورم کے تحت اب تک درج ذیل مقابلے کروائے جا چکے ہیں۔
٭ عید کہانی مقابلہ ٭ دفا ع وطن۔افسانہ نگاری مقابلہ
٭ جاسوسی کہانی مقابلہ ٭ سفرنامہ مقابلہ
٭ تشہیرکہانی مقابلہ ٭ مختصرآپ بیتی مقابلہ
”مختصرآپ بیتی“ مقابلے میں پچاس سے زائد اور”عید کہانی“ مقابلے میں ستر سے زائد تحریریں محض تین دنوں میں مقابلے میں پیش ہوئیں جن میں بھارت کے ادیب بھی شامل تھے۔
دل چسپ امر یہ ہے کہ اِن مقابلوں کی بدولت کئی نوجوان قلم کار سامنے آئے جنھوں نے افسانچہ نگاری،ا دب اطفال اورشاعری کے میدان میں اپنی ایک پہچان بنائی ہے۔آخرالذکر مقابلے (مختصرآپ بیتی)میں شامل آپ بیتیوں پر مبنی خاص نمبر”مختصرآپ بیتیاں نمبر1“ ماہ نامہ انوکھی کہانیاں، کراچی کے دسمبر2021اور”مختصرآپ بیتیاں نمبر2“ جنوری2022کے شمارے میں شائع ہوئیں۔
تشہیرکہانی مقابلے کی بدولت کئی قلم کار تشہیری کہانیاں لکھ چکے ہیں جس نے تشہیرکہانی کو بطورموضوعاتی صنف متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔سرائے اردو ادبی فورم پاکستان کے تحت اب تک 56 گوگل میٹ پروگرامزہو چکے ہیں۔جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت افراد کے انٹرویوز، اہم موضوعات پر گفتگو اورمختلف کتب کی تقریب رونمائی شامل ہے۔اِن نشستوں کے علاوہ Content Writingکے حوالے سے آن لائن خصوصی نشستیں روزنامہ اساس کے میگزین ایڈیٹر اورنامور صحافی جناب ناصر مغل کی سرپرستی میں تسلسل کے ساتھ ہو رہی ہیں۔بچوں کے لیے ”آؤ کہانی سنائیں“ کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے جس میں بچے مختلف رسائل، اخبارات اورویب سائٹس پرموجود کہانیوں کے علاوہ اپنی لکھی کہانیاں سناتے ہیں۔ اِن نشستوں کے انعقاد سے کئی ہونہار بچوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے اوراردو زبان سیکھ بھی رہے ہیں۔
ادیبوں میں ایک سوچ پائی جاتی ہے کہ مہنگی کتب شائع کرنے والے ناشران کا مقابلہ ادیب اپنا اشاعتی ادارہ بنا کر سکتے ہیں۔اِس حوالے سے ماضی میں کئی ادیبوں نے کام کیا ہے۔اِسی حوالے سے منظم منصوبہ بندی کے تحت سرائے اردو پبلی کیشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔یہ بے حد خوشی کی بات تھی کہ ایک بہترین اورمخلص رہنما کے بھرپور تعاون نے خواب کو سچ کر دکھایا کہ کم قیمت کتب شائع کی جا سکتی ہیں۔سرائے اردو پبلی کیشن کے قیام میں جناب جعفر خونپوریہ نے پہل کی اوربعدازاں اولین کتب ”قسمت کی دیوی“ اور”انمول خزانہ“ کی اشاعت نے ادارے کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ادارے کا قیام محض چند ادیبوں کی کتب کی اشاعت تھا لیکن سرائے اردوپبلی کیشن کوکئی ادیبوں نے اولین انتخاب قرار دیا اور ستمبر2022سے تاحال سو سے زائد کتب شائع ہو چکی ہیں۔سرائے اردو پبلی کیشن نوجوان باصلاحیت ادیبہ فاکہہ قمر کی زیر سرپرستی ملکی و بین الاقوامی سطح پر پہچان بنا چکا ہے۔ سرائے اْردْو پبلی کیشن، سیالکوٹ کم قیمت اور معیاری کتب کی اشاعت کی بدولت ادیبوں کے دلوں میں گھر کر رہا ہے۔ماسوائے دو کتب کے تمام کتب اردو زبان میں شائع ہوئی ہیں جن میں نوجوان ادیبوں کی کتب زیاد ہ ہیں۔
سرائے اردو پبلی کیشن سے سہ ماہی ”باغیچہ اطفال“، سیالکوٹ جولائی 2023سے تسلسل کے ساتھ شائع کیا جا رہا ہے۔اِس کے مدیران میں دانیال حسن چغتائی، عیشا صائمہ اور فاکہہ قمر شامل ہیں۔ سہ ماہی باغیچہ اطفال، سیالکوٹ کے 8شمارے منظرعام پرآئے ہیں۔جن میں جھوٹ نمبر(جولائی تا ستمبر2023)، دوست نمبر دو حصوں میں (اکتوبر تا دسمبر2023اورجنوری تا مارچ2024)، بچپن نمبر(اپریل تا جون 2024)،اسکول نمبر(جولائی تا ستمبر2024 (، پھول نمبردو حصوں میں (اکتوبر تا دسمبر2024اورجنوری تا مارچ2025) اورنظم نمبر (اپریل تا جون2025 (شامل ہیں۔ ”نظم نمبر“ اپریل2025میں شائع ہو چکاہے جس میں نامور شعراء کی بچوں کے لیے لکھی گئی نظمیں شامل ہیں۔سہ ماہی باغیچہ اطفال کی بدولت کئی نئے لکھنے والے منظرعام پر آئے ہیں۔ اِن شماروں میں اسکولوں کے بچوں کی تصاویر، اقوال زریں، لطائف اوردیگردل چسپ تحریریں،ادیبوں، نونہالوں اوراساتذہ کے انٹرویوز، انعامی مقابلے شامل ہوتے ہیں۔
سہ ماہی ”سرائے اردو“، سیالکوٹ کاکتاب نمبر(جنوری تا مارچ2023 (، خطوط نگاری نمبر(اپریل تا جون 2023)اور ادیب نمبر (اکتوبر تا دسمبر2023) شائع ہو چکے ہیں۔ادیب نمبر کے سرورق پر حکیم محمد سعید (شہید پاکستان)،سعادت حسن منٹو، احمد اقبال،سراج عظیم، خان حسنین عاقب، شفیع الدین نئیر، اشتیا ق احمد، محترمہ تسنیم جعفری اورڈاکٹر سیما شفیع موجود ہیں تو بیک ٹائٹل پر عطاء السلام سحر، عرفان حیدر، فاکہہ قمر، نعمان عارف صدیقی،بہرام علی وٹو،یاسر فاروق، عثمان یاسینٰ، عیشا صائمہ، اقراء اعجاز، علیزہ آصف اور ذوالفقار علی بخاری موجود ہیں۔ سہ ماہی سرائے ”سرائے اردو“ کا ”آشیانہ نمبر“ اگست 2025میں شائع کیا جا رہا ہے۔
سرائے اردو پبلی کیشن اورسرائے اردو ادبی فورم کے باہمی اشتراک سے عالمی ادیب اطفال اردو ڈائریکٹری کے دو حصے شائع کیے گئے ہیں جو کہ 2024میں یکے بعد دیگرے منظرعام پر آئے ہیں۔جس میں دو سو ستر سے زائد بچوں کے ادیبوں کی معلومات شامل ہوئی ہیں جو پانچ ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، اسی ڈائریکٹری کا تیسرا حصہ مستقبل میں منظرعام پر لایا جائے گا۔جنوری 2025میں سرائے اردو پبلی کیشن اورسرائے اردو ادبی فورم کے باہمی اشتراک سے ”نقش اول“ کے نام سے ادیبوں کی اولین تخلیقات پر مبنی انتھولوجی کتاب منظرعام پر آئی ہے۔ جس میں پچاس سے زائد ادیبوں کی تحریریں شامل ہیں۔اِس سے قبل ختم نبوت پر”خاتم النبین ﷺ“ کتاب شائع ہو چکی ہے۔
آ پ اگر آن لائن یا آف لائن سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے تعاون کرنا چاہتے ہیں یاتجاویز دینے کے خواہاں ہیں تو درج ذیل ای میل پر ارسال کر سکتے ہیں:
[email protected]
سرائے اردو ادبی فورم کے تعاون سے رعایتی نرخ پر رسائل اور کتب تعلیمی اداروں کو فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ بچے معیاری ادب پڑھیں اوراردو زبان سیکھتے رہیں۔
سرائے اردو ادبی فورم شعور بیداری اورمطالعے کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی سرگرم رہے گا۔ان شاء اللہ تعالیٰ

بشکریہ
روزنامہ سرینگرجنگ، جموں
بتاریخ ٢٧ جون ٢٠٢٥
Zulfiqar Ali Bukhari
About the Author: Zulfiqar Ali Bukhari Read More Articles by Zulfiqar Ali Bukhari: 402 Articles with 564943 views I'm an original, creative Thinker, Teacher, Writer, Motivator and Human Rights Activist.

I’m only a student of knowledge, NOT a scholar. And I do N
.. View More