صرف یہود نہیں، ہم بھی

اکثر ہم یہود و نصاریٰ کی مذہبی قیادت پر تنقید کرتے ہیں کہ وہ دین کے نام پر عوام کا مال کھاتے ہیں، ان کی سادگی اور عقیدت کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور دنیا کی آسائشیں سمیٹتے ہیں۔ بلاشبہ یہ حقیقت ہے، لیکن کیا ہم نے کبھی اپنے گریبان میں جھانکا ہے؟

یاد رکھیں، صرف یہود و نصاریٰ ہی اہلِ کتاب نہیں، مسلمان بھی اہلِ کتاب ہیں۔ بدقسمتی سے مسلمانوں میں بھی وہی بیماری سرایت کر چکی ہے جس کی نشان دہی قرآن نے کی تھی۔ آج ہمارے اپنے علما، شیخ، پیر، مبلغ اور دینی رہنما دین کی خدمت اور تبلیغ کے نام پر چندہ، زیور، عطیات اور تحائف اکٹھے کرتے ہیں۔ ان میں سے کئی لوگ وہ دولت بیرونِ ملک جائیدادیں خریدنے اور اہل و عیال سمیت وہاں مستقل منتقل ہونے پر خرچ کرتے ہیں، پھر بڑے فخر سے خود کو "بین الاقوامی مبلغ" قرار دیتے ہیں۔

یہی نہیں، ان کے بچے مہنگی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں، خود قیمتی لباس اور اعلیٰ طرزِ زندگی اختیار کرتے ہیں، جبکہ پیروکاروں کو کفایت شعاری، قناعت اور مالی قربانی کا درس دیتے ہیں۔ ان کے اپنے لیے دنیا، اور عوام کے لیے دین — یہی ان کا اصول بن چکا ہے۔ یہ کھلی منافقت اور دنیا پرستی ہے، جسے دین کا لبادہ اوڑھا دیا گیا ہے۔

ایسے علما اور رہنما حقیقت میں دین کے خادم نہیں، بلکہ دین کو دنیا کمانے کا ذریعہ بنا چکے ہیں۔ قرآن نے ایسے لوگوں کو سخت تنبیہ کی ہے جو سونا چاندی جمع کرتے ہیں اور اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے۔ قیامت کے دن یہی مال ان کے لیے عذاب بنے گا، اور ان کی ظاہری دینداری کا پول کھل جائے گا۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ظاہری لبادے اور بلند دعووں کے بجائے کردار اور عمل کو دیکھیں۔ جو شخص دین کا سچا خادم ہو، اس کی زندگی میں سادگی، اخلاص اور قربانی نظر آئے گی۔ جو محض دعوے کرے، دنیا کمائے اور عوام کو دھوکہ دے، وہ دین کے نہیں، اپنے مفاد کے لیے کام کرتا ہے۔

مسلمان اگر واقعی دین کے خیر خواہ ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ ایسے فریب کاروں سے ہوشیار رہیں، دین کو دنیا کا کاروبار بنانے والوں کو پہچانیں اور ان سے بچیں۔ دین کی خدمت، قربانی اور تبلیغ صرف زبان سے نہیں، کردار اور عمل سے ظاہر ہوتی ہے۔

 

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 213 Articles with 196732 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.