چین کی وسیع مارکیٹ

چین کی وسیع مارکیٹ
تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ

جوں جوں عالمی سپلائی چینز نئے سرے سے ڈھل رہی ہیں، چین غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک بڑھتی ہوئی پرکشش منزل کے طور پر ابھر رہا ہے۔اس حوالے سے ایک حالیہ رپورٹ بتاتی ہے کہ کس طرح ملک کے جامع، کثیر جہتی اسٹریٹجک فوائد اور پھیلتی ہوئی مارکیٹ کی صلاحیت ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لیے اس کی کشش کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

مختلف مواقع کا یہ سنگم چینی مارکیٹ کو طویل مدتی طور پر زیادہ قدر فراہم کرنے، پائیدار سرمائے میں اضافے اور عالمی مسابقت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ 2024 کے اختتام تک، غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 1.23 ملین سے زیادہ ادارے قائم کیے تھے، جن میں غیر ملکی سرمائے کا استعمال 20.6 کھرب یوآن (2.87 کھرب ڈالر) تک پہنچ چکا ہے۔

ابھی حال ہی میں ،دنیا کی معروف جہاز ساز کمپنی ایئربس نے چین کے ساتھ شراکت داری کی چار دہائیوں کا جشن منایا۔ حالیہ برسوں میں، چین ایئربس کی تجارتی طیاروں کے حوالے سے سب سے بڑا انفرادی مارکیٹ بن چکا ہے۔ آج یہ شراکت طیارے کی پوری لائف سائیکل پر محیط ہے جس میں ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ سے لے کر آپریشنل سپورٹ اور ریٹائرمنٹ کے بعد ری سائیکلنگ تک ، کے امور شامل ہیں۔ ایئربس کی 2025 کی عالمی مارکیٹ پیش گوئی کے مطابق، چین اگلے 20 سالوں میں دنیا کی سب سے بڑی ہوائی نقل و حمل کی مارکیٹ بن جائے گا، جسے 9570 نئے طیاروں کی ضرورت ہوگی، جو عالمی سطح پر مجموعی مانگ کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہوگا۔

اسی طرح جرمنی کی عالمی شہرت یافتہ الیکٹریکل کمپنی "فینکس کانٹیکٹ"، جو چین میں طویل عرصے سے موجود ایک اور ملٹی نیشنل کمپنی ہے، نے چین کے صوبہ جیانگسو کے شہر نانجنگ میں ایک ارب یوآن (تقریباً 140 ملین ڈالر) کے کل سرمائے سے ایک میگا فیکٹری کی بنیاد رکھی ہے۔ مکمل ہونے کے بعد، یہ سہولت اگلے پانچ سالوں میں اپنی پیداواری صلاحیت تین گنا کر دے گی۔کمپنی حکام کے مطابق چین کا مارکیٹ سکیل اور وسعت نمایاں ترقی کی صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ نئی توانائی اور انٹیلی جینٹ مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں کی تیز رفتار ترقی کمپنی کے کاروباری فوکس سے قریب سے ہم آہنگ ہے۔

معاشی ماہرین کے خیال میں، چین کی بڑی اور کثیر سطحی مارکیٹ غیر ملکی کاروباروں کے لیے بہت سے تجارتی مواقع پیش کرتی ہے۔ سپلائی سائیڈ پر، چین ایک مکمل صنعتی نظام اور مضبوط مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کا مالک ہے، جس نے دنیا کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریلوے اور ایکسپریس وے نیٹ ورک، نیز عالمی معیار کے بندرگاہوں کے جھرمٹ اور انتہائی موثر لاجسٹکس سسٹم تعمیر کیے ہیں۔ اس سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو اخراجات کم کرنے اور آپریشنل کارکردگی بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔

اسی طرح ایک مستحکم پالیسی فریم ورک اور بڑھتا ہوا کھلا ماحول چین کی سرمایہ کاری پروفائل کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔یہ اعتماد ملٹی نیشنلز کے مسلسل سرمایہ کاری کے نمونوں میں جھلکتا ہے، جس کی ایک اور مثال جرمن صارفی اشیاء کی معروف کمپنی "ہینکل" ہے۔اس کمپنی نے 2021 میں شنگھائی میں ایک انوویشن سینٹر قائم کرنے کے لیے 500 ملین یوآن سے زیادہ مختص کیے، 2023 میں چین کے صوبہ شانڈونگ کے یانتائی ہوانگ۔بوہائی نیو ایریا میں چیپ دار اشیاء کی نئی مینوفیکچرنگ سہولت کا آغاز کیا، اور اس سال مارچ میں جیانگسو کے تائی کانگ میں اپنے کاسمیٹکس برانڈز چائنا فیکٹری کا افتتاح کیا۔

ہینکل حکام کے خیال میں سرمایہ کاری کی موجودہ لہر مارکیٹ کی حرکیات، حکومتی حمایت، اور کاروباری ماحول میں مسلسل بہتری سے چل رہی ہے۔چینی حکومت فعال طور پر کھلے پن کو آگے بڑھا رہی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے منفی فہرست ہر سال مختصر ہو رہی ہے، اور 2024 میں، مینوفیکچرنگ سیکٹر میں تمام پابندیاں مکمل طور پر ختم کر دی گئیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے نئی پالیسیوں کا ایک سلسلہ بھی متعارف کرایا گیا ہے۔

متعدد غیر ملکی کمپنیوں نے چین کے متحرک اطلاقی منظرناموں اور اختراعی رفتار کو نئے کاروباری ماڈلز اور جدید ترین ٹیکنالوجیز متعارف کرانے کے لیے لانچ پیڈ کے طور پر منتخب کرنے کی اہم وجوہات کے طور پر بیان کیا ہے۔ آج، چین منظرناموں پر مبنی اطلاق کے لیے دنیا کا سب سے بڑا اختراعی ماحولیاتی نظام رکھتا ہے۔

چینی مارکیٹ میں 38 سال کی ترقی کے بعد، توانائی کے انتظام اور صنعتی آٹومیشن میں عالمی شہرت یافتہ کمپنی "شنیڈر الیکٹرک" نے چین کو اپنی عالمی سطح پر دوسری سب سے بڑی مارکیٹ اور اپنے سب سے اہم سپلائی چین اڈوں میں سے ایک بنا لیا ہے۔کمپنی نے بیجنگ اور شنگھائی جیسے شہروں میں پانچ تحقیق و ترقی سہولیات قائم کی ہیں۔ 2019 سے، چین میں اس کے تحقیق و ترق اخراجات 18 فیصد سے زیادہ کی سالانہ مرکب شرح سے بڑھ رہے ہیں۔

جاپانی الیکٹرانکس بنانے والی کمپنی "سیکو ایپسن کارپوریشن" نے بھی اسی طرح کی حکمت عملی اپنائی ہے، جو ٹیکنالوجی کی مہارت کو مقامی تقاضوں کے ساتھ جوڑتی ہے۔مصنوعی ذہانت کے دور کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کے جواب میں، یہ کمپنی فعال طور پر چین کے ترقیاتی راستے اور اختراعی ماحولیاتی نظام میں ضم ہو رہی ہے۔

چائنیز اکیڈمی آف انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ اکنامک کوآپریشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، غیر ملکی سرمایہ کاری والے ادارے حالیہ برسوں میں چین میں اپنی تحقیق و ترقی کی موجودگی کو تیزی سے بڑھا رہے ہیں۔ مئی 2025 تک، شنگھائی میں 603 غیر ملکی فنڈ شدہ تحقیق و ترقی مراکز موجود تھے۔ صرف 2024 میں، بیجنگ نے 110 سے زیادہ نئے غیر ملکی فنڈ شدہ تحقیق و ترقی مراکز کی منظوری دی، جس سے شہر میں مجموعی مراکز کی تعداد 221 ہو چکی ہے ، جو محض ایک مختصر عرصے میں دوگنا سے زیادہ ہے۔

ماہرین اتفاق کرتے ہیں کہ چین کا طویل مدتی سیاسی اور سماجی استحکام، مسلسل پالیسی عمل درآمد کے ساتھ مل کر، غیر ملکی کاروباروں کے لیے ایک قابل اعتماد اور قابل پیشین گوئی آپریٹنگ ماحول پیدا کرتا ہے۔ خاص طور پر، چین کا رضاکارانہ اور یکطرفہ دونوں طرح کے کھلے پن کے لیے ایک مربوط نقطہ نظر نے ملٹی نیشنل ترقی کے لیے ایک پیشگی اور لچکدار گنجائش پیدا کی ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1552 Articles with 829791 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More