اسمارٹ اور ذہین خدمات
(SHAHID AFRAZ KHAN, Beijing)
|
اسمارٹ اور ذہین خدمات تحریر: شاہد افراز خان ،بیجنگ
اس وقت چین بھر کے شہر ڈیجیٹل مہارت کے ساتھ اسمارٹ ترقی کے لئے زبردست کوششیں کر رہے ہیں جو روزمرہ زندگی، شہری انتظام اور دیگر شعبوں کی ترقی کو فروغ دے رہے ہیں۔آج چین کے بڑے شہروں میں انفارمیشن و کمیونی کیشن ٹیکنالوجی کے عمدہ اطلاق کی بدولت نظام زندگی ذہین اور اسمارٹ ہوتا جا رہا ہے۔
جنوبی چین کے صوبہ گوانگ دونگ کے شینزین شہر میں، اسمارٹ خدمات روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہیں۔ ڈرون کھانے کا آرڈر ملنے کے 10 منٹ کے اندر ڈیلیور کر دیتے ہیں۔ ہوٹلوں میں روبوٹ کھانے براہ راست کمرے تک پہنچاتے ہیں۔ خودکار چلنے والی بسیں مقررہ راستوں پر کام کر رہی ہیں۔
شینزین میں دنیا کی پہلی روبوٹ 6S شاپ کھل رہی ہے، جو روبوٹس کی فروخت، مرمت اور اپ گریڈ جیسی جامع خدمات پیش کرے گی۔ شہر میں ایک "روبوٹ تھیٹر" اور "روبوٹ ڈسٹرکٹ" بھی بنایا جا رہا ہے۔ آج شینزین کے مختلف علاقوں میں لوگ روبوٹ مساج، روبوٹ موکسا تھراپی، روبوٹ سے بنے کھانے، روبوٹ باربی کیو، اور روبوٹ سے چلنے والی فارمیسیز جیسی خدمات کا تجربہ کر رہے ہیں۔
اسمارٹ شہر کی ترقی میں شینزین کو ایک بے مثال ماڈل کے طور پر سراہتے ہوئے گذشتہ سال نومبر 2024 میں اسپین کے شہر بارسلونا میں منعقدہ 2024 اسمارٹ سٹی ایکسپو ورلڈ کانگریس میں شینزین کو "سٹی ایوارڈ" سے بھی نوازا گیا ہے۔ 64 ممالک اور خطوں کے 429 امیدوار شہروں میں سے منتخب ہونے والے شینزین کا یہ اعزاز چین کی اسمارٹ شہر کی ترقی میں نمایاں صلاحیت اور وسیع امکان کو ظاہر کرتا ہے۔
جیوری کمیٹی نے کہا کہ شینزین نے ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، توانائی اور ماحول، گورننس، انڈسٹری اور معیشت، رہائش پذیری، اور شمولیت جیسے اہم شعبوں میں جامع اختراعی کامیابیاں اور قابل ذکر حل پیش کیے ہیں۔
تاہم یہ بات مدنظر رہے کہ شینزین چین کا واحد اسمارٹ شہر نہیں ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں میں چین نے اسمارٹ شہروں کی تعمیر میں مستحکم ترقی کی ہے، اور اس کا اثر پورے ملک میں نظر آتا ہے۔ اس وقت چین میں تقریباً تمام پریفیکچر لیول یا اس سے اوپر کے شہروں نے ڈیجیٹل شہری انتظامی پلیٹ فارم قائم کر لیے ہیں۔ ان میں سے بہت سے شہر اسمارٹ ٹیکنالوجیز سے اپ گریڈ ہو چکے ہیں، جس سے شہری انتظام کی ذہانت کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
مثال کے طور پر، چھونگ چھنگ شہر میں ڈیجیٹل اربن آپریشن اینڈ گورننس سینٹر شہر کے لیے "شہری دماغ" کے طور پر کام کر رہا ہے، جو پہلے منتشر ڈیٹا کو یکجا کرتا ہے تاکہ پانی، بجلی، گیس، مواصلات، پل، سرنگیں اور پائپ لائنز جیسے اہم اشاریوں کی واضح تصویر فراہم کر سکے۔ یہ متعدد شعبوں میں جامع نگرانی، تجزیہ، اور درست انتظام کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
صوبہ شاندونگ کے شہر چھنگ دائو میں، 50 سے زائد بلدیاتی محکمے اور 600 سے زیادہ یونٹس شہر کے آپریشن مینجمنٹ سروس پلیٹ فارم کے ذریعے ایک ذہلی کمانڈ اور ڈسپیچ سسٹم میں ضم ہو چکے ہیں۔ صوبہ ہینان کے شہر دینگ فینگ میں، گرڈ۔بیسڈ گورننس اور ڈیجیٹل بااختیار بنانے کے امتزاج نے ثقافتی اور سیاحتی خدمات کی درستگی اور معیار کو مزید بہتر بنا دیا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ سائنسی اور تکنیکی انقلاب کا ہر دور نئے انفراسٹرکچر کو متعارف کرائے گا جبکہ انفراسٹرکچر کی تعمیر کا ہر دور معاشی تبدیلی میں بہتری لائے گا۔یہی وجہ ہے کہ چین نے حالیہ برسوں کے دوران نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جس سے گزشتہ ایک دہائی کے دوران ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں زبردست مدد ملی ہے۔
آج ،چین کے شہر شہری "مرکزی دماغ" کی تعمیر پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مقامی کمیونٹیز، خاص طور پر پرانے شہری رہائشی علاقوں، میں اپ گریڈ کو تیز کر رہے ہیں۔ بزرگوں کی دیکھ بھال اور پارکنگ جیسی اسمارٹ خدمات کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ رہائشیوں کو زیادہ درست، متنوع، اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔
|
|