کرپشن ،کک بیکس او رسو ارب ڈالرزان سوئٹزرلینڈ۔۔۔

حکیم لقمان ؒ کی ایک حکایت میں تحریر ہے کہ دو آدمی سفر میں کہیں ساتھ جارہے تھے راستے میں ایک آدمی نے زمین پر ایک کلہاڑی پڑی ہوئی دیکھی جو کوئی لکڑی کاٹتے وقت وہاں بھول گیا تھا اس آدمی نے کلہاڑی اُٹھائی اور اپنے ساتھی سے کہنے لگا دیکھو مجھے یہ کلہاڑی ملی ہے دوسرے آدمی نے کہا کہ یہ مت کہہ کہ مجھے ملی ہے بلکہ یہ کہہ کہ ہمیں ملی ہے اس لیے کہ ہم دونوں اس سفر میں تکلیف اور آرام دونوں میں برابر کے شریک ہیں تجھے چاہیے کہ اس کلہاڑی میں مجھے بھی شریک رکھ تو اس پر پہلا آدمی کہنے لگا کہ جو چیز مجھے ملی ہے اس پر تمہارا کوئی حق نہیں سفر میں وہ زرا دور ہی گئے تھے کہ کلہاڑی کا اصل مالک کلہاڑی کی گمشدگی کا سرکاری خط لیے وہاں سے گزرا اس نے جب اپنی کلہاڑی دیکھی تو ان کی طرف لپکا یہ دیکھ کر جس آدمی کو کلہاڑی ملی تھی وہ ڈر گیا اور اپنے ساتھی سے کہنے لگا اے دوست ہم پر بڑی آفت آگئی ہے اس پر دوسرے آدمی نے کہا کہ اب تم ایسا مت کہو کہ ہم پر آفت آئی ہے بلکہ کہو کہ یہ آفت مجھ پر آئی ہے جب تو نے مجھے نفع میں شریک نہیں کیا تو پھر میں تمہارے دکھ اور نقصان میں شرکت کیوں کروں ۔

قارئین گزشتہ شب راقم نے ایک انتہائی اہم موضوع پر پاکستان اور آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کا انٹرویو کیا آزادکشمیر ریڈیو ایف ایم 93کے پروگرام ”لائیو ٹاک ودھ جنید انصاری “انتہائی اہم موضوع ”کرپشن ،کک بیکس اور سو ارب ڈالرزان سوئٹزرلینڈ “پر ممبر قومی اسمبلی شاکر اعوان سربراہ تنظیم الاعوان پاکستان ،سردار عثمان عتیق مسلم کانفرنس ،مسلم لیگ ن کے رہنما ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق ،مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ عبدالرزاق آف سماہنی ،مسلم کانفرنس کے رہنما سردار خضر حیات ،وزیر امور دینیہ ،ذکوة وعشر افسر شاہد ایڈووکیٹ اور مسلم لیگ ن ڈڈیال کے رہنما راجہ اعجاز دلاور نے مذاکرے میں حصہ لیا ۔ایکسپرٹ پینل میں سینئر جرنلسٹ راجہ حبیب اللہ خان اور پاکستان ٹیلی ویژن کے نمائندہ اور کشمیر پریس کلب کے نائب صدر سردار عابد حسین شامل تھے ۔

ممبر قومی اسمبلی شاکر اعوان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ گزشتہ 64سالوں کے دوران پوری پاکستانی قوم کے وسائل اور اثاثہ جات بے دردی سے لوٹے گئے ہیں اوریہی وجہ ہے کہ آج ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اس بات کا انکشاف بھی کردیاہے کہ سوئٹزرلینڈ کے بینکوں میں پاکستانیوں کے ایک سو ارب ڈالرز جمع ہیں اور دیکھا جائے تو پاکستان کے ذمہ کل قرضہ ستر ارب ڈالرز کے قریب ہے یہ تمام رقم پاکستان کی ملکیت ہے اور حکمرانوں کو چاہیے کہ اس رقم کی واپسی کے لیے قانونی حل تلاش کرے ۔ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ مسلم کانفرنس کی سابق حکومتوں نے آزادکشمیر میں اس فنکاری کے ساتھ کرپشن کی ہے کہ آج زرداری ٹولہ بھی ان سے راہنمائی حاصل کرتا ہے اور اس کا واضح ثبوت مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیتے ہوئے دو متضاد جماعتوں پیپلزپارٹی اورمسلم کانفرنس کا غیر فطری اتحاد ہے آزادکشمیر کے ہر محکمہ میں کرپشن کی وہ وہ داستانیں موجود ہیں کہ جنہیں جان کر عقل دنگ رہ جاتی ہے غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں اور کرپٹ سیاستدان بیوور کریسی کی مدد سے لوٹ مار میں مصروف ہیں طارق فاروق نے لاہور میں عمران خان اور تحریک انصاف کے جلسے کو کامیاب جلسہ قرار دیا اور کہا کہ عمران خان کی اس کامیابی کی وجہ کرپشن کے حوالے سے پاکستان کی حکمران جماعت اور دیگر سیاسی قوتوں کا کوئی واضح حکمت عملی نہ ہوناہے وزیر امور دینیہ ذکوة وعشر افسر شاہدایڈووکیٹ نے ایک سو ارب ڈالرز کے حوالے سے قومی اخبار ات میں چھپنے والی خبر اور الیکڑانک میڈیا والی خبر سے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس بات کو کوئی بھی نہیں جھٹلا سکتا کہ 64سالوں کے دوران پاکستان او رآزادکشمیر میں حکمرانوں اور بیوروکریسی نے ملک کا ستیا ناس کرکے رکھ دیاہے ہم وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کے لیے ہر قدم اُٹھائیں گے ایک سوال کے جواب میں افسر شاہد ایڈوکیٹ نے کہا کہ وہ اپنے ڈیپارٹمنٹ میں ہونے والی ماضی کی ہر کرپشن کو بے نقا ب کریں اور اس حوالے ایک کمیٹی بنادی ہے جس میں ڈپٹی کمشنر بھی ممبر ہیں راجہ عبدالرزاق رہنما مسلم لیگ ن نے سماہنی کے حلقے میں محکمہ تعلیم میں دوسرے قریب ہونے والی تعیناتیوں کو بدعنوانی قرار دیتے ہوئے انہیں فی الفور ختم کرنےکا مطالبہ کیا انہوںنے کہا کہ ایم اے اور ایم ایس سی پاس نوجوان بیروزگار ہیں او رجوتے چٹخاتے پھررہے ہیں اور انڈر میٹرک اور جعلی ڈگریوں والوں کو اعلیٰ عہدے دیئے جارہے ہیں پیپلزپارٹی کایہ وطیرہ ہے کہ وہ ہمیشہ میرٹ کی پامالی کرتے ہیں اور اپنے عزیزوں اور دوستوں کو نوازنے کی کوشش کرتے ہیںسردار خضر حیات رہنما مسلم کانفرنس نے کرپشن کو ملک وقوم کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا اور شفاف طریقے سے حکومت کرنے کو ترقی کے لیے ضروری قرار دیا راجہ اعجاز دلاور راہنما مسلم لیگ ڈڈیال نے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں آئندہ آنے والی حکومت کے حوالے سے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت ماضی کی طرح کسی بھی بدعنوانی میں ملوث ہوئے بغیر ملک وقوم کی خدمت کرے گی مسلم کانفرنس کے رہنما اور مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کے پوتے اور سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان کے صاحبزادے سردار عثمان عتیق نے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کی جڑیں کھوکھلی کرنے میں سوفیصد کردار کرپشن کا ہے کک بیکس اور انڈر ہینڈ لیتے ہوئے اربوں ڈالرز کے سودے کرتے وقت غیر ملکی بینکوں میں اپنا حصہ وصول کرلیا جاتاہے اور سب سٹینڈرڈ مال خرید لیا جاتا ہے بدقسمتی سے اس حوالے سے ہم پوری دنیا میں بدعنوان ترین اقوام میں شامل ہوچکے ہیں -

قارئین یہ تووہ تمام باتیں ہیں جو ہماری سیاسی قیادت نے ہم سے کیں لیکن ہم صرف آپ سے یہ گزارش کرنا چاہتے ہیں کہ اگر آپ کی حسرت یہی ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں ہم ایک ترقی یافتہ اسلامی معاشرہ دیکھیں تو اس کیلئے ہمیں قیادت کا انتخاب کرتے ہوئے دیانت داری کا ثبوت دینا ہوگا بقول اقبال

ختم ہوجائے گا لیکن امتحاں کا دور بھی
ہیں پس ِ نُہ پردہءگردوں ابھی دور اور بھی
خفتہ خاک ِ پے سپر میں ہے شرار اپنا تو کیا ؟
عارضی محمل ہے یہ مشت ِغبار اپنا تو کیا ؟

اگر وطن بچاناہے تو پوری قوم کو سامنے آنا ہے شائد عمران خان کی صور ت میں ایک پرامن انقلاب پاکستان کے دروازے پر دستک دے رہاہے -

آگے آگے دیکھیے ہوتاہے کیا ۔۔۔۔؟
Junaid Ansari
About the Author: Junaid Ansari Read More Articles by Junaid Ansari: 425 Articles with 337452 views Belong to Mirpur AJ&K
Anchor @ JK News TV & FM 93 Radio AJ&K
.. View More