چین میں چائے کی صنعت: ثقافتی ورثے سے عالمی مسابقت تک
(Shahid Afraz Khan, Beijing)
|
چین میں چائے کی صنعت: ثقافتی ورثے سے عالمی مسابقت تک تحریر: شاہد افراز خان ، بیجنگ
زرعی اور غذائی صنعتیں کسی بھی ملک کی معیشت، ثقافت اور سماجی ڈھانچے میں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ بدلتے ہوئے عالمی حالات، صارفین کی نئی ترجیحات اور ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے تناظر میں یہ ضروری ہو گیا ہے کہ روایتی صنعتوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، تاکہ نہ صرف ان کی معاشی افادیت میں اضافہ ہو بلکہ ثقافتی ورثے کو بھی پائیدار بنیادوں پر محفوظ رکھا جا سکے۔
چین کو دنیا میں چائے کا آبائی وطن سمجھا جاتا ہے۔ ہزاروں برس سے چائے چینی تہذیب، معاشرت اور روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ رہی ہے۔ مہمان نوازی، سماجی میل جول، روحانی سکون اور صحت بخش عادات میں چائے کو مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے۔ اسی تاریخی اور ثقافتی پس منظر کے باعث چائے کی صنعت محض ایک زرعی سرگرمی نہیں بلکہ ایک تہذیبی ورثہ بھی ہے، جس کی حفاظت اور ترقی قومی سطح پر اہمیت رکھتی ہے۔
انہی حقائق لو مدںظر رکھتے ہوئے چین نے چائے کی صنعت کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے جامع رہنما اصول جاری کر دیے ہیں، جن کا مقصد اس قدیم اور ثقافتی طور پر اہم شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ ان رہنما اصولوں کے تحت یہ ہدف مقرر کیا گیا ہے کہ سال 2030 تک چائے کی مکمل صنعتی زنجیر کا مجموعی حجم 1.5 ٹریلین یوان تک پہنچایا جائے۔ یہ اقدام نہ صرف زرعی صنعت کی ترقی کی علامت ہے بلکہ دیہی معیشت، برآمدات اور ثقافتی شناخت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
یہ رہنما اصول متعدد سرکاری اداروں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کیے گئے ہیں، جن میں چین کی وزارتِ صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔ ان دستاویزات کا بنیادی مقصد چائے کی صنعت کے معیار اور پیداواری افادیت میں نمایاں بہتری لانا ہے، تاکہ ایک ایسا صنعتی نظام قائم کیا جا سکے جو پیداوار کے لحاظ سے مستحکم، ماحول دوست، ذہین ٹیکنالوجی سے لیس اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل ہو۔
رہنما اصولوں میں مرحلہ وار اہداف بھی متعین کیے گئے ہیں۔ سال 2028 تک روایتی چائے پیدا کرنے والے بڑے علاقوں میں ترقی کے تسلسل، مقامی خصوصیات رکھنے والی چائے کی صنعتوں کے معیار میں بہتری اور پیداوار کی افادیت بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صنعتی زنجیر کی جدیدکاری، مصنوعات کی اقسام میں وسعت اور چائے کے استعمال کے نئے طریقوں کو فروغ دینے کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق چائے کی صنعت کی ترقی کو محض زرعی پیداوار تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے جدید صنعتوں سے جوڑا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے سائنسی اور تکنیکی جدت کو مضبوط بنانے، کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی اور مخصوص صنعتی کلسٹرز کے قیام کو ترجیح دی گئی ہے۔ چائے کے خام مال اور اس کے اجزا کو گھریلو استعمال کی اشیا، روزمرہ کی کیمیائی مصنوعات، زیبائش و آرائش، اور صحت سے متعلق شعبوں میں استعمال کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے، تاکہ اس قدیم فصل کی معاشی قدر میں اضافہ ہو سکے۔
نئے رہنما اصول اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ چین اب چائے کی صنعت کو روایتی انداز سے نکال کر جدید صنعتی ڈھانچے میں ڈھالنا چاہتا ہے۔ ذہین پیداواری نظام، ماحول دوست کاشت، معیاری برانڈ سازی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ایسے عوامل ہیں جو آئندہ برسوں میں چائے کی صنعت کی سمت کا تعین کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق نئی مصنوعات اور استعمال کے طریقے متعارف کرانا بھی اس حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
چائے کی صنعت کی یہ جدیدکاری دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے، کسانوں کی آمدنی میں اضافے اور علاقائی معیشتوں کو مستحکم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ صنعتی زنجیر کی توسیع کے نتیجے میں کاشت سے لے کر پراسیسنگ، پیکجنگ، فروخت اور خدمات تک ایک ہمہ گیر ترقی کا امکان پیدا ہو گا، جو مجموعی قومی معیشت کے لیے مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
یہ کہا جا سکتا ہے کہ چائے کی صنعت کے لیے جاری کیے گئے یہ رہنما اصول چین کی طویل المدتی صنعتی اور زرعی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہیں۔ یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح ایک قدیم ثقافتی ورثے کو جدید سائنسی، تکنیکی اور معاشی تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے عالمی مسابقت کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ اگر یہ اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے گئے تو چائے نہ صرف چین کی ثقافتی شناخت کی علامت رہے گی بلکہ ایک مضبوط اور جدید صنعتی ستون کے طور پر بھی ابھرے گی۔ |
|