سرکاری شہزادہ

راولاکوٹ آزاد کشمیر کے ڈپٹی کمشنر راجہ طارق محمود کے بار ے میں زبان زد عام قصے مشہور تھے کہ موصوف دل پھینک اور صنف نازک کے ساتھ ساتھ انگور کی بیٹی سے دل بہلانے میں خاصے شہرت یافتہ ہیں جمعرات کے روز عیاشوں کی جنت پیرا ڈائیز ہوٹل جہلم میں راولا کوٹ کے مالک سرکاری گاڑی پر عید الاضحی کی خوشیوں کو دوبالا کر نے پہنچ گئے لیکن اس بار اُنہیں جہلم کے ASPعرفان سے پالا پڑ گیا ، اور دو تھانہ جات کی پولیس نے ہوٹل میں چھاپہ مار کر داد عیش کےلئے لائی جانے والی 3خواتین اور ان کے ساتھ ایک بین المذاہب کمیٹی کے صدر الحاج منور حسین کو گرفتار کر لیا لیکن آزاد کشمیر کے DMGگروپ کے شہزاد ے راجہ طارق سپائیڈر مین بن کر ہوٹل کی کھڑکی سے لڑ کھڑاتے ہوئے فرار ہو گئے اور سرکاری گاڑی کی چابیاں دادعیش والے کمرے میں چھوڑ گئے ، جہلم کی پولیس نے مقدمہ درج کر کے گاڑی بھی ضبط کر لی یہ تو تھی اخباری خبر کیا پتہ ہمارے ڈپٹی کمشنر پر یہ بہتان ہو کہ وہ دادعیش کےلئے جنت میں آئے تھے ، آزاد کشمیر میں DMGگروپ کے حوالہ سے طر ح طرح کی باتیں ہر روز سامنے آتی رہتی ہیں ، آزاد کشمیر کے قیامت خیز زلزلہ کے بعد میرپور میں فنڈ ریزنگ کےلئے فلمی ستاروں کے میوزیکل شو میں بھی موصوف نے ادارہ ترقیات کے ایک ملازم کے تعاون سے خوب ”جنت “کمائی تھی ، آزاد کشمیر کے سرکاری ادارہ جات کا قبلہ درست کرنے کےلئے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمو د چوہدری نے احتساب کمیشن بنایا اور سابق جسٹس شیخ بشارت اسکے سربراہ بننے ، بعد ازاں اسے کمیشن سے بیورو بنا دیا گیا ، اس ادارہ نے اپنے قیام سے لیکر آج تک اپنے اخراجات بھی پورے نہ کیے اور توپ سے مچھر مارنے کا سلسلہ جاری رکھا ، آزاد کشمیر میں سرکاری ادارہ جات کے بعض ذمہ داران نے قومی وسائل کو لوٹنے کا ایسا سلسلہ شروع کئے رکھاہے ، جو کہ آج تک تھمنے کا نام نہیں لیتا ، جہلم میں حکومت آزا دکشمیر کی کارکردگی راجہ طارق کی شکل میں کھل کر سامنے آگئی ہے ، آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے خرابیاں ختم کرنے اور کرپٹ عناصر کا احتساب کرنے کا نعرہ دیکر کشمیری عوام سے ووٹ حاصل کیے ، DMGگروپ کے راجہ طارق محمود کے حوالہ سے اب نہ جانے وزیراعظم کیا رائے رکھتے ہوں گے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری سے منسوب ایک نیوز ایجنسی نے خبر جاری کی کہ اُنہوں نے جہلم کی انتظامیہ سے سرکاری گاڑی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے اگر یہ بات واقعی درست ہے تو چوہدری عبدالمجید کو اس بابت بھی سوچنا پڑے گا کہ ”مجّاں مجّا ں دیاں بھیناںنیں“وزیراعظم نے متعدد جلسہ عام اور پریس کانفرنسز میں بیانگ دہل کہہ رکھا ہے کہ سرکاری ادارہ جات سے کرپشن کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا ، آزاد کشمیر میں سرکاری وسائل کو نوچنے کا عمل سواد اعظم کے سابقہ اداور سے آج تک شروع ہے میرپور میں کرپشن کا پیراڈائز میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہے ، اور جہلم میں جنسی درندوں کا پیر اڈائیز ان کا سواگت کر نے کےلئے ہمہ وقت تیار رہتا ہے ، میرپور کے شرفاءعزت بچا کر پیراڈائیز میں جا کر بنت حوا اور شیرنی کے دودھ سے پوتر ہو کر دنیا و مافیا ءسے چند گھنٹوں کےلئے الگ تھلگ ہو جاتے ہیں ، لیکن اُنہیں اپنے اس عمل کےلئے خاص دلالوں سے میرپور کے اس ادارہ میں ہی رابطہ ہو جاتا ہے ، آزادکشمیر بھر کے سرکاری ملازمین کی عزت داﺅ پر لگانے والے سرکاری شہزادہ کی گاڑی جہلم پولیس کے پاس تلوار بے نیام کے طور پر موجود ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر کا اب اپنے فرمودات پر عمل کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ، اور کشمیریوں کی توہین کرانے والے ناسور کو سرکاری ملازمت اب ہر گز زیب نہیں دیتی ، ہاں اگر راجہ طارق کے خلاف سازش ہو ئی تو پھر اس کا ازالہ ہونا چاہیے لیکن شہرت بنیادی کردار ادا کرتی ہے جس کے موصوف انکار نہیں کر سکتے ۔
Amin Butt
About the Author: Amin Butt Read More Articles by Amin Butt: 8 Articles with 4979 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.