مستقبل کے اخبارات سے

وفاقی وزیر ریلوئے حاجی بلور نے چاند ایکسپریس کا افتتاح کردیا، پہلے ہی روز پاکستان ریلوئے کو اربوں کا فائدہ:
کراچی: (نمائندہ خصوصی)آخر کار وہ دن بھی آ پہنچا جس کا پاکستانی عوام کو شدت سے انتظار تھا۔کراچی سے پہلی ٹرین عازمین چاند کو لے روانہ ہو گئی ۔دودن کا سفر طے کرنے کے بعد یہ ٹرین چاند کے معیاری وقت کے مطابق رات کے دوبجے چاند پر پہنچے گی جہاں پر وفاقی وزیر ہاؤسنگ چاند انجم عقیل اس ٹرین کا استقبال کریں گے۔چاند پر اب تک پہنچنے والوں میں امریکہ،چین،روس اور بھارت شامل ہیں۔پاکستان ان سب سے بعد میں پہنچا یہ ممالک تقریباً پورے چاند پر قبضہ کر چکے تھے۔ان سے قبضہ چھڑوانے اور نئی کالونیاں آباد کرنے کے لئے رحمان ملک اور ذوالفقار مرزا کو مشترکہ ٹاسک دے کر بھیجا گیا جنہوں نے مفاہمت کی سیاست کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لئے برابری کی بنیاد پرچاند کا حصہ پاکستانی عوام کے لئے حاصل کر لیا۔ٹرین چاند کے راستے میں چار خلائی اسٹیشنوں پر قیام کرئے گی۔ان میں سے دو امریکہ ،ایک چائنا اور ایک بھارت کی ملکیت ہے۔افتتاح کے موقع پربلور صاحب گلاب کے پھولوںسے لدے پھندے مسکرا رہے تھے۔انہوں نے کہا پاکستان اپنی گولڈن جوبلی کے دن خلائی ٹرین چلانے والا پہلا ملک ہے ۔باقی ملک اب اس کی تقلید کریں گے۔اس موقع پر انہوں نے ریلوے کی ترقی کے لئے اپنے انداز میں دعا بھی کی۔

پاکستان سے خلائی ٹرین چاند پہنچ گئی۔رحمان ملک،ذوالفقار مرزا نے استقبال کیا:
چاند:(سپیشل اسا ئنمنٹ رپورٹر) خلائی ٹرین کا استقبال شازیہ خشک،حسن جہانگیرنے ڈھول کی تھاپ کے ساتھ کیا اس موقع پر حسن جہانگیر اپنے مخصوص لباس پیلے لاچے اور کرتے میں ملبوس تھے۔عدنان سمیع نے بتایا کہ وہ اپنی بیویوں کے آئے دن کے عدالتی کاروائیوں سے تنگ تھے اس لئے وہ مستقل چاند پر رہائش اختیار کر چکے ہیں۔شازیہ خشک کا اب دماغ خشک ہو چکا ہے وہ اپنا ہی گایا ہوا گانا دانے پہ دانا بار بار گاتی اور بھولتی رہیں۔جس پر عوام نے انہیں اب آرام کا مشورہ دیا ہے۔حسن جہانگیر کا ڈھول پر ناچتے ہوئے سانس پھول گیا۔بڑی مشکل سے مصنوعی تنفس کے ذریعے ان کی طبیعت بحال ہوئی۔چاند پر اترنے والی عوام کا جوش وخروش دیدنی تھا۔رحمان ملک، ذوالفقار مرزا اور انجم عقیل اپنا ٹاسک پورا کرکے اسی ٹرین پر واپس آ رہے ہیں۔

سستی روٹی سیکم چاند پر بھی جاری رہے گی۔ خادم اعلی پنجاب:
چاند:(نمائندہ خصوصی) خادم اعلٰی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ چاند پر بھی روٹی دو روپے میں دستیاب ہو گی۔اس موقع پر انہوں نے چاند کے رہائشیوں کے لئے ییلو کیب سکیم بھی متعارف کروانے کا اعلان کیاتاکہ چاند پر ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتیں میسر آ سکیں۔ٹرین سے چاند پر پہنچنے والوں مسافروں میں پنجاب حکومت کی طرف مفت روٹی پیش کی گئی ،جبکہ سالن کے پیسے لئے گئے۔

پاکستان نے صفائی کے میدان میں روبوٹ داخل کر دیئے:
اسلام آباد:(نامہ نگار) روبوٹ لاکھوں انسانوں کا ورزگار چھین لیں گے یہ کبھی قصہ کہانیوں کی باتیں تھیں۔صبح سویرے سوئیپر کے جھاڑو کی آواز ایک جھنکار کی طرح محسوس ہوتی تھی۔اب یہ کوئی آپ کے دروازے پر آکر نہیں کہے گا ۔بی بی جی کوڑا۔اور اگر رات کی بچی ہوئی کوئی روٹی پڑی ہو تو ذرا میری پیالی آپ کے چھجے پڑی ہے اس میں چائے ڈال دیں۔اور ہاں سگریٹ لینے ہیں کوئی پانچ روپے ہوں تو دے دیں۔

روبوٹ آپ کو صرف اور صرف صفائی ستھرائی کرتے نظر آئیں گے۔بلکہ ترقی یافتہ پاکستان میں رات تو روبوٹ سڑکیں دھوتے اور کوڑا اٹھاتے نظر آئیں گے۔تاکہ صبح سویرے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور تازگی کا ایک خوشگوار احساس ہو۔نہ ان کے منہ میں پان ،ہونٹوں میں سگریٹ ،نہ ایک دوسرے کے گھر کا حال پوچھتے،اور نہ ہی کوئی چائے کا کہہ کر گیا ہے میں ابھی آیا۔جو کمانڈ ان کو دی گئی ہے ۔اس کے مطابق کام کرتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے شہر پیرس اور لندن کے شہروں کی طرح جگمگا رہے ہیں۔

پاکستان صحت کے نئے میدان میں داخل ہو گیا ۔امسال کوئی بھی بیماری رپورٹ نہیں ہوئی:
کراچی (نمائندہ) اس سال ترقی یافتہ پاکستان میں پاکستانی مرد کی اوسط عمر سوسال اور عورت کی اوسط عمر ننانوے سال ریکارڈ کی گئی۔دوران سال نزلہ ،زکام اور بخار کے علاوہ کوئی خطرناک بیماری رپورٹ نہیں ہوئی۔ہر پاکستانی کو سال میں ایک دفعہ سرکاری خرچے پر چیک اپ اور فری علاج سہولت فراہم کی گئی ہے ۔چونکہ خالص خوراک،خالص ماحول،خالص ادویات نے پیچدہ بیماریوں کو پاکستان سے اکھاڑ پھینکا ہے۔اس لئے عوام کو دوائی کی ضرورت ہی نہیں پڑتی۔بہت سے بابے اولڈ ہوم میں عید کا انتظار کرتے ہیں جب ان کے بیٹے اور بہوان کے پوتوں کوملانے لائیں گے۔ اور اپنے ماں اور باپ کو یا د کرتے ہیں کہ وہ کتنی جلدی اللہ کو پیارے ہو گئے۔نہ جانے ہماری باری کب آئے گی۔

شازیہ خشک نے روبوٹ کے ساتھ دھمال ڈالی:
کراچی( شوبز رپورٹر)شازیہ خشک اپنے البم کی تیاریوں میں مصروف ہے اس سلسلے میں روبی سٹوڈیو میں روبوٹ کے ساتھ دھمال ریکارڈ کروائی۔ دھمال کے دوران ایک روبوٹ بطور خاص شازیہ خشک کو دھمال گا کر سناتا رہا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ شازیہ خشک اپنے گائے ہوئی گانوں بار بار بھول جاتی جس کے لئے ایک کمپنی نے ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جو شازیہ کی آواز میں گاتا رہتا ہے ۔شازیہ خشک اگر دھمال ڈالتے ہوئے سانس پھول جائے تو روبوٹ محسوس نہیں ہونے دیتا کہ وہ گا رہی ہے یا شازیہ خشک خود محو گانا ہے۔شازیہ خشک نے روبوٹ کمپنی سے ڈیمانڈ کی ہے کہ وہ ہوبہو شازیہ خشک کی طرح کا روبوٹ بنا دے ۔کیونکہ بوڑھی ہونے کی وجہ سے اب نہ ان سے گایا جاتا ہے اور نہ ہی دھمال ڈالی جاتی ہے۔باوثوق ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ روبوٹ آخری مراحل میں ہے۔اور اس میں پہلا گانا دانے پہ دانا فیڈ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی آخری جیل بھی بند کر دی گئی:
لاہور(کرائم رپورٹر) پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر پاکستان کی آخری جیل بھی بند کر دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے۔صدر پاکستان نے کہا آخر کار وہ دن آ پہنچا کہ جس دن کا میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا۔جب معاشرے میں کسی قسم کی معاشرتی ناہمواری نہیں ہو گی۔جب انصاف بکے گا نہیں بلکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر ملے گا تو پھر معاشرے میں جرم نہیں ہو گا۔آج پاکستان میں امیر اور غریب برابر ہوتے جا رہے ہیں۔آج ایک سویپر بھی اپنی ذاتی گاڑی میں آتا ہے۔اب صرف ایک انٹرنیشل جیل غیر ملکی لوگوں کے لئے ہے کیونکہ ترقی یافتہ پاکستان میں بہت سے لوگ بارڈر کراسنگ میں پکڑے جاتے ہیں۔اس موقع پر رہا ہونے والے آخری قیدیوں میں حکومت کی جانب سے تحائف دیئے گئے۔

یورپی یونین نے پی آئی اے کی خلائی سروس پر پابندی عائد کر دی:

کراچی ( نمائندہ خصوصی)یورپی یونین نے یہ پابندی مینو سے ہٹ کر ایک دلیا نامی کیمیکل سے متاثر ہ ایک بزرگ انگریزکی شکایت پر لگائی ہے۔اس پابندی میں تین ائر ہو سٹس تحریم،شگفتہ،فوزیہ بھی شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق چونکہ پاکستان سے چاند کا سفر سستا اور نزدیک بھی ہے ۔اس لئے ذیادہ تر غیر ملکی چاند کے سفر کے لئے پالستان کا رخ کرتے ہیں۔انگریز جوزف نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ دوران سفر شگفتہ نامی ائر ہوسٹس نے کھانے کا پوچھا مگر طبیعت خراب ہونے کی بنا پر میں نے کچھ بھی کھانے سے انکار کر دیا ۔اس پر دو اور ائر ہوسسٹس ان کے ساتھ شامل ہو گئیں۔میں نے بتیسی نہ ہونے کا بہانہ کر دیا۔اس پر ساٹھ سالہ بڑھیا شگفتہ نے باقاعدہ اپنی بتیسی منہ سے نکال کر مجھے پیش کی جس کو دیکھ مجھے بہت گھن آئی۔ان کا یہ امر بین القوامی صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی تھا۔انہوں نے مجھے ایک نرم غذا دلیا نامی پیش کی جسے میں نے دو یا تین چمچ ہی لگائے تھے ۔اس وقت سے میری طبیعت خراب ہے۔یورپی یونین کو اس بات پر تشویش ہے کہ دلیا نامی کیمیکل کیسے جہاز میں کیسے لے جایا گیا اور اس کی چیکنگ کیوں نہ ہو سکی۔ فوری طور پر پی آئی کی خلائی سروس پر پابندی عائد کر دی ہے ۔مزید تفتیش جاری ہے۔

حکومت ہند نے انفرادی طور پر کرنسی چھاپنے کی اجازت دے دی:
نئی دہلی (اکنامک رپورٹر)بھارت نے عوام کے باز نہ آنے کی صورت میں انفرادی کرنسی چھاپنے کو قانونی حیثیت دے دی۔ اس کام میں زیادہ تر سکھ شامل تھے۔جو کہ بار بار پکڑے جاتے تھے۔ایک سرکاری اعلامیے میں اداروں کو ہدایت کردی گئی ہے۔کہ وہ اس سلسلے میں کرنسی چھاپنے والے لوگوں سے تعاون کریں۔حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف قومی خزانے کو کرنسی چھاپنے کے اخراجات سے ریلیف حاصل ہو گا ۔کرنسی چھاپنے والے کو کرنسی کا پچاس فی صد حکومت کے خزانے میں جمع کروانا ہو گا۔اس اقدام سے حکومت اپنے دوسرے ضروری کاموں پر توجہ دے سکے گی۔یہ کرنسی صرف اپنے ملک میں استعمال ہو سکے گی ۔بیرونی ادل بدل کےلئے غیر ملکی کرنسی ہی استعمال ہو گی ۔اس سلسلے میں کرنسی چھاپنے والوں سے حکومت نے ہاتھ جوڑ کر استدعا کی ہے کہ غیر ملکی کرنسی چھاپنے سے گریز کریں۔نوٹ پر سیریل نمبرکی لسٹیں حکومت فراہم کرئے گی۔ نمایندے کے مطابق جعلی کرنسی نوٹ چھاپنے والے خوشی سے شادیانے بجا رہے ہیں۔

حکومت ہند نے عوام پرکرنسی چھاپنے پر پابندی عائد کر دی:
نئی دہلی (اکنامک رپورٹر)حکومت ہند نے یہ پابندی ایک کھرب روپے کے نوٹ چھاپنے پر لگائی ہے۔ایک کھرب کی ڈیمانڈ تو حکومت کی اپنی ہی تھی۔ مگر پابندی کیوں لگائی گئی اس بات کو کافی عرصہ راز میں رکھا گیا آخر ایک دن یہ راز بھی کھل گیا ۔اس کرنسی کو چھاپنے والے سنیل سنگھ کا موقف ہے کہ حکومت ہند اپنی کوتاہی کو چھپانا چاہتی ہے انہوں نے جیسی سیریل نمبر کی لسٹ فراہم کی میں نے وہی مشین کے کمپیوٹر میں فیڈ کر دیں۔ان ایک کھرب کے نوٹوں پر ایک ہی سیریل نمبر پرنٹ ہوا ہے۔سنیل سنگھ اپنی غلطی ماننے کے لئے تیار نہیں ۔اسی وجہ سے حکومت ہند نے اس کاروبار پر پابندی عائد کر دی ہے۔اس سلسلے میں سنیل سنگھ دیوالیہ ہو گیا اوربین الاقوامی کرنسی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کے لئے تیاریاں کر رہاہے۔
Khalid Mehmood
About the Author: Khalid Mehmood Read More Articles by Khalid Mehmood: 37 Articles with 32300 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.