اگر چار بندے مر گئے تو کونسی قیامت آ گئی

ایبٹ آباد اور ہزارہ ڈویژن خون میں نہا گیا۔۔۔ لاٹھیوں گولیوں سے زخمیوں اور لاشوں کے ڈھیر لگ گئے ۔۔۔ ANP کے کرتا دھرتا الیاس بلور نے الیکٹرونک میڈیا پر آ کر کہا :
” اگر چار بندے مر گئے تو کونسی قیامت آ گئی “
واہ بلور صاحب ! خوب کہی آپ نے ۔۔۔ آپ کی نظر میں تو یہ مرنے والے سڑکوں پر رینگتے ہوئے کیڑے مکوڑے تھے ناں جو چلتے ہوئے پاؤں کے نیچے آ کر کچلے گئے تو کسی کا کیا بگڑا بلکہ دھرتی کا بوجھ ہی ہلکا ہوا ۔۔۔ بلور صاحب ! آپ کے لئے تو قیامت تب ٹوٹتی جب ان کیڑے مکوڑوں کا تعلق آپ کے خاندان سے ہوتا ۔۔

ANP اپنے آپ کو صوبہ سرحد کی نمائیندہ جماعت نہ جانے کب سے سمجھنے لگی ۔ صرف اور صرف ۱۱٪ حمایت حاصل کرنے پر نہ جانے اتنی بڑی خوش فہمی کا شکار کیوں ہو گئے ہیں ۔۔۔ اگر آپ بھول گئے ہوں تو میں آپ کو یاد کرواتی چلوں کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دورِ حکومت میں صرف چند سیٹیں لینے کے باوجود آپ کی پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کو خیرات میں سرحد کی وزارتِ اعلٰی عطا کر دی تھی ۔ یہ بات الگ ہے کہ بہت جلد بے آبرو ہو کر اس کوچے سے نکلنا پڑا ۔۔۔ اور اب آپ اپنی سیاست چمکانے کے لئے میری پاک دھرتی اور اس میں بسنے والوں کو آگ و خون کے حوالے کرکے یہ کہتے ہیں کہ ” اگر چار بندے مر گئے توکونسی قیامت آ گئی “ اگر بے حسّی کا یہی عالم رہا تو پاکستان میں کرغیزستان جیسا انقلاب آنے کو کوئی روک نہیں پائے گا ۔۔۔ زرہ باہر نکل کر تو دیکھو ! ۔۔۔ عوام سڑکوں پر حکمرانوں کی نمازِ جنازہ ادا کر رہی ہے ۔۔۔ سرِ عام ٹیکس کی ادائیگی اور بِل جمع کروانے سے انکاری ہیں ۔۔۔ پاکستان کا کوئی گلی کوچہ ایسا نہیں ہے جہاں احتجاج نہ ہو رہا ہو ۔ یہ احتجاجی کسی بھی سیاسی پارٹی کے کارندے نہیں ہیں ۔بلکہ اپنی ضرورتوں کے مارے ہوئے ہیں ۔اور حکمرانوں کو یہ باور کروانے کے لئے سڑکوں پر نکلے ہیں کہ وہ وقت عنقریب آنے والا ہے کہ جب تمہارے تخت دھڑام سے گرا دئیے جائیں گے ۔ تب تم خوابِ غفلت سے بیدار ہو گے ۔ابھی بھی وقت ہے ۔۔۔اپنی غلطیوں کو سدھار لو ۔۔۔ ورنہ پچھتانے کا بھی موقع ہاتھوں سے گنوا بیٹھو گے ۔ ( پروفیسر رفعت مظہر )
Prof Riffat Mazhar
About the Author: Prof Riffat Mazhar Read More Articles by Prof Riffat Mazhar: 901 Articles with 671024 views Prof Riffat Mazhar( University of Education Lahore)
Writter & Columnist at
Daily Naibaat/Daily Insaf

" پروفیسر رفعت مظہر کالمسٹ “روز نامہ نئی ب
.. View More