سبز چائے کے فوائد کے حوالے سے جاپان میں کی جانے والی ایک تحقیق میں
بتایا گیا ہے کہ گرین ٹی پینے والے عمر رسیدہ افراد اپنے ہم عمر افراد کے
مقابلے میں ممکنہ طور پر زیادہ چست ہوتے ہیں اور کم ہی کسی کے محتاج ہوتے
ہیں۔
جاپان میں سبز چائے کے استعمال کے حوالے سے کرائے گئے اس جائزے میں ان عمر
رسیدہ افراد کو شامل کیا گیا، جو روزانہ گرین ٹی کے کئی کپ پیتے ہیں۔ سبز
چائے میں ایسے نامیاتی اجزاء موجود ہوتے ہیں، جو مدافعتی نظام کے لیے اہم
سیلز کو بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ محققین کولیسٹرول اور کینسر
کے مریضوں پر بھی سبز چائے کے اثرات کے حوالے سے تحقیق کر چکے ہیں۔ تاہم اس
حوالے سے ملے جلے نتائج سامنے آئے ہیں۔ ایک امریکی طبی جریدے میں شائع ہونے
والے اس نئے جائزے میں محققین نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ کیا سبز چائے
استعمال کرنے والے افراد میں بڑھاپے کے وقت کمزور اور معذور ہونےکے خدشات
کم ہوجاتے ہیں؟
|
|
توہوکو یونیورسٹی سے طب کی ڈگری حاصل کرنے والے یاسوٹاکے ٹوماٹا نے 65 یا
اس سے زائد برسوں کی عمر کے تقریبا 14 ہزار افراد کا تین سال تک مشاہدہ کیا۔
ان کے بقول اگر بوڑھے افراد کی روزانہ کی مصروفیات، جیسے غسل کرنا، کپڑے
تبدیل کرنا یا گھر صاف کرنا وغیرہ کو دیکھا جائے، تو وافر مقدار میں سبز
چائے پینے والے افراد دوسروں کے مقابلے میں زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔ اس کا
مطلب یہ ہوا کہ روزمرہ کے کام کاج میں گرین ٹی پینے والے افراد زیادہ فعال
ہوتے ہیں اور ان کے معذور ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ جائزے کے مطابق وہ
افراد جو دن میں ایک کپ سے بھی کم سبز چائے پیتے ہیں، ان میں سے13 فیصد کو
کام کاج میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تاہم اس جائزے میں یہ امر
بھی واضح کیا گیا ہے کہ صرف سبز چائے ہی بڑھاپے میں اس پھرتی کی وجہ نہیں
ہوتی اور اس میں دیگر عوامل کا بھی عمل دخل ہو سکتا ہے۔
|
|
سبز چائے کے شوقین افراد عام طور پر صحت افزاء خوراک پسند کرتے ہیں۔ وہ
مچھلی، سبزی اور پھلوں کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے وہ دل کے
دوروں اور فالج کے کسی حملے کا کم ہی شکار ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی سماجی طور بھی
وہ بہت متحرک ہوتے ہیں۔ محققین کے مطابق سبز چائے کے پانچ یا اس سے زائد کپ
پینے سے جسمانی طور پر معذور ہونے کے خطرات ان افراد کے مقابلے میں کم ہو
جاتے، جو ایک کپ یا اس سے کم گرین ٹی پیتے ہیں۔ تاہم یہ امر واضح نہیں ہے
کہ سبز چائے میں ایسے کونسے اجزاء شامل ہے، جو جسم کو غیرفعال ہونے سے
روکتے ہیں۔ سبز چائے میں کافیئین کے علاوہ بہت معمولی سی مقدار میں وٹامن’
کے‘ موجود ہوتا ہے، جس کی وجہ سے رگوں میں خون جمنے نہیں پاتا۔
|