سعودی عرب کے ریجن عسیر کا صدر مقام ابھاء سطح سمندر سے 2270 میٹر(7500
فٹ) کی بلندی پر خوبصورت پہاڑوں میں گھرِا صحت افزاء تفریحی مقام ہے۔ جس کی
شاہراہوں کے کنارے انواع و اقسام کے خوبصورت سرسبز درخت ، رنگ برنگے پھول
اور آسمان قامت بلندعمارتوں کو دیکھ کرلگتا ہے کہ قدرت نے عطاء کیا اور
سعودی حکومت نے محفوظ کیا۔ کیونکہ اس قدرتی طور پر خوبصورت شہر کو مملکت
سعودیہ نے اللہ کے اِس احسان کی خوب قدر کرتے ہوئے اس کی سجاوٹ وصفائی میں
کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ شہر بھر میں کہیں بھی گندگی کا نام ونشان نہیں۔ تھوڑے
فاصلے پر کچرا ڈالنے کے کنٹینر نظر آئیں گے۔ ہر شاہراہ پر ورکر ہر وقت شہر
بھر کی صفائی کرتے ملیں گے۔
یہاں کی خاص بات پوری وادی میں پھیلے، 300سال قدیم ،پتھروں کو ایک خاص
ترتیب سے ایک دوسرے کے اوپر جوڑ کر بنائے گئے بلند بُرج ( واچ ٹاور) اور
وادی ابہا کے مختلف حصوں میں مٹی سے بنی صدیوں پرانی ،انتہائی پیاری
عمارتیں جو آج بھی اپنے دور کی خوبصورت ثقافت و عظمت کا ثبوت ہیں۔ ابہا شہر
کے وسط میں انتہائی خوبصورت لوکیشن ، سرسبز درختوں ،لہلہاتی فصلوں میں گھرے
حی النصب (Al-NasabDistric) جہاں 1279ہجری میں کچی مٹی سے تعمیر کئے گئے
مکانات اور مسجد حیرت انگیز طور اپنی اصلی حالت میں موجود ہے ۔آج کی جدید
طرزِ تعمیرعمارتوں کے باوجود قدیم عمارتیں اپنی الگ شناخت ،کشش اور اثر
رکھتی ہیں کہ نگاہ بار بار ان قدیم عمارتوں کی طرف ہی پلٹ جاتی ہے۔ |