دنیا کا سب سے کم بلند گلیشیر

پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا ذکر یہاں کی عظیم برفوں کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا۔ دنیا کے ان بلند ترین علاقوں میں جہاں قراقرم، ہمالیہ، ہندوکش اور پامیر کے پہاڑی سلسلوں میں لاتعداد سربفلک پہاڑی چوٹیاں، منفرد ترین جنگلی حیوانات تیزرفتار و پرشور دریا اور حسین جنگلات وسبزہ زار ہیں وہاں دنیا کے طویل ترین گلیشئیر بھی شمالی علاقہ جات کی انفرادیت اور شہرت کا بڑا سبب ہیں۔ سیاچن، بیافو، بالتورو، بتورہ، ہسپر اور چوگولنگما وہ نام ہیں جوقطبی علاقوں کے برفانی خطے کے بعد دنیا میں برف کے سب سے بڑے ذخائر ہیں۔

image


بہت سے دیگر گلیشئیر بھی پاکستان اور شمالی علاقہ جات کے مختلف حصوں میں واقع ہیں اور یا تو ان گلیشئرز میں ملتے ہیں یا دیگر اطراف میں واقع ہیں۔یہ تمام گلیشئیر سلسلہ کوہ قراقرم اور پاکستان میں واقع ہیں۔ ان گلیشئیرز کے اطراف موجود برفانی چوٹیاں بھی اسی طرح اپنی بلندی اور خطرناکی کی وجہ سے تمام دنیا میں بے نظیر مانی جاتی ہیں اور مجموعی طور پر یہ علاقے ‘پہاڑوں کی سلطنت ‘ اور پہاڑ ‘پہاڑوں کے دیوتا ‘کہلاتے ہیں۔

image


عام طور پر کسی بھی گلیشئیر کی موجودگی کے لئے تمام سال ٹھنڈک کا ہونا ضروری ہے اور یہ یقینی طور پر نہایت بلندی کی وجہ سے ہی ممکن ہے۔ عمومی طور پر گلیشئیر 4 سے 5 ہزار میٹر کی بلندی پر کسی پہاڑی چوٹی کی بنیادوں سے شروع ہوتے ہیں اور 3000 میٹر کی بلندی تک ختم ہو جاتے ہیں۔ لیکن شمالی علاقہ جات میں گلگت کے ضلع نگر میں واقع ہوپر گلیشئر اس حیثیت سے منفرد ہے کہ یہ دنیا کا کم بلند ترین گلیشئیر ہے اور 2400 میٹر کی بلندی پر قائم ہے۔ اپنے ماخذ مشہور راکا پوشی سلسلے کی ایک چوٹی دیران پیک سے شروع ہونے والا یہ گلیشئیر ہوپر اس گاﺅں میں آکر ختم ہوتا ہے۔ ہوپر گلیشئیر کو ‘بالتر گلیشئیر’ بھی کہا جاتا ہے اور ان دونوں ناموں سے مشہور ہے۔ دیران پیک کے علاوہ اس گلیشئیر کے اطراف میں کیپل ڈوم ، شلتر اور متعدد دیگر چوٹیاں بھی ہیں جو یہاں کی خوبصورتی اور شہرت کا سبب ہیں۔

image


ہوپر میں داخل ہو کر آپ ہرگز یہ اندازہ نہیں لگا سکیں گے کہ آس پاس کوئی گلیشئیر بھی موجود ہے اور اگر ہے تو کس طرف ہے جب تک آپ کو بتایا نہ جائے اور آپ خود دیکھ نہ لیں۔ گاﺅں کے آخری سرے پر ایک نسبتاً بلند ٹیلے یا نزدیکی پہاڑی پر جا کر گلیشئیر کا مشاہدہ کرنا ایک ایسا دلچسپ، حیرت انگیز اور اچھوتا تجربہ ہے جسے کسی ایک جملے میں بیان کرنا ناممکن ہے۔ گلیشئیر کی سطح سے وقفے وقفے سے ابھرنے والی آوازیں جو یہاں کے پرسکوت ماحول میں واضح سنائی دیتی ہیں، برف کے نیچے بہنے والے پانی کی آواز، کسی پگھلتے ہوئے حصے پر پڑے چھوٹے بڑے پتھروں کا اچانک لڑھکنا اور کسی تاریک تہہ میں غائب ہوجانا۔ حیرت ہی حیرت ، کائنات کے کھلتے ہوئے اسرار! نئے ابھرتے ہوئے سوالات اور ذہن کو وسعت دینے والے مناظر جو ہر دفعہ دیکھنے پر کوئی نیا ہی رنگ لئے ہوں گے! گلیشئر کی سطح پر چلتی ہوئی نگاہ بل کھاتے گلیشئر کے ساتھ چوٹی تک جاتی ہے، اگر چوٹی بادلوں میں چھپی نہ ہو تو۔ ‘کبھی عیاں کبھی نہاں’ چوٹیوں کا معاملہ تو ایسا ہی ہے۔

image


ہوپر نا صرف ان چوٹیوں اور گلیشئیر کی وجہ سے سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز ہے بلکہ ایک گول وسیع ہموار وادی کی شکل میں جس کے اطراف بلند پہاڑی چوٹیاں ہیں اور سرسبز فصلوں کی موجودگی میں ایک حسین پہاڑی گاﺅں ہے۔ ہوپر گاﺅں ایک ایسے خطہ میں واقع ہے جہاں ہوپر گلیشئیر کے علاوہ بھی متعدد گلیشئیر واقع ہیں اور اسی لئے یہاں کا موسم گرمیوں میں بھی خنکی سے لبریز ہوتا ہے۔ان علاقوں میں گرمیوں کا موسم ایسا ہوتا ہے کہ سائے میں ہوں تو دھوپ کی خواہش ہوتی ہے اور اگر دھوپ میں ہوں تو سائے کی۔دھوپ نہ ہو تو ٹھنڈ ہوتی ہے۔

image


یہاں کے لوگ مہمان نواز اور سادہ ہیں اور زیادہ تر کاشت کاری، مویشیوں کی نگہداشت اور سیاحت کے پیشوں سے منسلک ہیں۔ گرمیوں میں یہ لوگ دیگر علاقوں کی طرح بلندی پر واقع چراہ گاہوں اور سبزہ زاروں میں اپنے جانوروں کو لے جاتے ہیں اور وہیں پر ان سے دودھ اور گوشت وغیرہ حاصل کر کے سردیوں کے موسم اور روزمرہ ضروریات کی تکمیل کے لئے جمع کرتے ہیں۔

image


بلند چراگاہوں میں جہاں ان حیوانات کو وافر چارہ اور سازگار ماحول میسرآتا ہے وہیں چند خطرات بھی ان جانوروں کی زندگی کو لاحق رہتے ہیں۔ برفانی چیتا جو برفانی چوٹیوں اور ناقابل پہنچ مقامات پر رہتے ہیں اپنی خوراک کے لئے ان بھیڑ بکریوں کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ مقامی لوگوں کو ان چیتوں سے بہت شکایت رہتی ہے۔ اصل میں یہ چیتے گوشت کم اور خون کے زیادہ شوقین ہیں اور اپنی پیاس بجھانے کے لئے ایک آدھ بھیڑ بکری کے بجائے کئی کئی جانوروں کو بیک وقت ختم کر ڈالتے ہیں۔ اس وجہ سے ان جانوروں کا گوشت ضائع ہوجاتا ہے اور لوگوں کو بہت نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

image


ہوپر سے آگے پہاڑوں کے اندر بہت سے علاقے ہیں جو سیاحوں کے لئے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ ہوپر گلیشئر سے تقریباً منسلک برپو گلیشئیر جو کئی کلومیٹر پر مشتمل ہے اور بعض دلفریب حصوں کے لئے روٹ سمجھا جاتا ہے۔ ان مقامات میں رش جھیل اور رش پہاڑی، سپانٹک پیک بیس کیمپ، میئر پیک، میئر گلیشئیر اور ہمدر وغیرہ شامل ہیں۔ ان مقامات میں رش جھیل اور رش پیک ٹریک سیاحوں کے لئے غیر معمولی دلچسپی کا حامل ہے۔ یہ نسبتاً مشکل ٹریک ہوپر سے دو دن کی مسافت پر واقع ایک بلند پہاڑی’رش’ تک لے جاتا ہے جہاں ایک نہایت دلفریب جھیل واقع ہے۔ اس بلندی والے مقام کی خاص ترین بات یہ ہے کہ یہاں سے ہنزہ اور نگر کے تمام اہم مقامات اور چوٹیاں واضح دکھائی دیتی ہیں جن میں راکاپوشی، بتورہ، التر اور پسو وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا کے طویل ترین گلیشئرز میں سے ایک ہسپر گلیشئر اور اس کے اطراف میں موجود دنیا کی مشہور اور بلند ترین چوٹیاں بھی دکھائی دیتی ہیں۔ ان چوٹیوں میں دستگیل سر، کنجوت سر، کنیانگ کش وغیرہ دنیا کی بلند اور مشہور چوٹیوں میں سے ہیں۔ اس کے علاوہ ہسپر گلیشئیر اپنی پچاس کلومیٹر تک طوالت اور ہیبت کے ساتھ ایک منفرد نظارہ پیش کرتا ہے۔ہوپر سے برپو گلیشئر کے ساتھ ساتھ ایک ٹریک پریہ گلیشئیر سفید چمکدار برف اور اطراف میں سرسبز چراہ گاہوں کے ساتھ ایک پرسکون اور خوشگوار سفر کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔ یہاں کی چراہ گاہوں میں گرمیوں کا موسم گزارنے کے لئے وقتی طور پر بنائے گئے گھروں میں مقامی لوگ روایتی مہمان نوازی اور سامان خورد ونوش کے ساتھ سیاحوں کی تواضع کرتے ہیں۔

YOU MAY ALSO LIKE:

The Hopar Valley is a beautiful scenic portion of the Nagar Valley in northern Pakistan. It is about 10 km away from Nagar Khas, the principal city of the Nagar Valley. Nature has made it full of high mountains,long glaciers, blue lakes and pastures.Golden peak. Miar peak, Rush peak and Kapal peak are the most famous peaks. Hoper glacier ( Bualter glacier) and Barpu glacier increase the beauty of the area and Rush lake is eye catching for hundreds of tourists through out the year.