آج کے کالم کے آغاز ہی میں سب سے
پہلے ممتاز احمد بھٹی چیئرمین پاکستان کالم نویس ایسوسی ایشن کا مشکور ہو ں
کہ جنکی محبت اور آپ قارئین کی دعاﺅں سے مجھے وائس چیئرمین پاکستان کالم
نویس ایسوسی بنا دیا گیا۔علاوہ ازیں میرے جیسے ”بے ادب“ کالم نویس و شاعر
کو گاﺅں کنجاہ گجرات کے پیارے ادبی حضرات نے سال2012کے شریف کنجاہی ادبی
ایوارڈ کے لئے نامز د کر لیا ہے،اللہ تعالٰی کنجاہ والوں کو بھی علمی و
عملی میدان میں سرخرو کرے آمین۔
٭پاک سعودیہ ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائیگا۔ فردوس عاشق
اعوان
اللہ کرے کہ ہماری چار سالہ ناکام حکومت سعودی ثقافت کے ساتھ ساتھ سعودی
قوانین بھی یہاں رائج کرے اور خود بھی آئین کی فرمانبرداری کرے اور اپنے
خلاف تمام الزامات کے حق میں مستعفی ہو کر عوام کے سامنے جواب دہ ہو۔ہمیں
تو یہ ڈر ہے کہ کہیں خدانخواستہ سعودی ہماری موجودہ ”بے ایمان“ سیاست کو
دیکھ کر ہمارے سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے منہ نہ موڑ لیں۔
٭فوجی کارروائی ایران کیخلاف فائنل آپشن ہے ۔ براک اوبامہ
عراق کی تباہی اور افغانستان کی بربادی کے بعد اب ایران ہی ہمارا”ایسا“
پڑوسی ملک ہے جس کے ساتھ امریکہ دو دو ہاتھ کرنے کی پچھلے کئی سالوں سے
ٹھان رہا ہے۔ایران ہی وہ واحد ہمسایہ ہے کہ جس کے علاقے پر قبضہ کر کے
امریکہ کو ”فری تیل“ مل سکتا ہے۔آخر انہوں نے اپنی گاڑیاں، ٹینک اور جہاز
بھی تو چلانے ہیں ۔براک اوبامہ اب ایران کا بھی مامہ بننا چاہتا ہے۔
٭شعیب ملک کی پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی ضرور ہوگی۔ ثانیہ مرزا
بالکل جی !عوام تو آپ سے شادی کے بعد سے بڑی حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہی
ہے کہ ثانیہ جی کی پاکستان واپسی ضرورہو گی مگر آپ تو سسرال ایسے آتی ہیں
جیسے کوئی خاتون میکے جاتی ہے۔انشاءاللہ جب آپ پاکستان آ جائیں گی تو شاید
شعیب ملک ٹیم میں کوئی جگہ بنا لے مگر ایسا ممکن نہیں نہ آپ پاکستان ٹھہریں
گے او ر نہ شعیب بھائی ٹیم میں ٹھہریں گے؟
٭عوام سے ایک اور مذاق، پیٹرول قیمتوں میں محض 2 روپے کی کمی خبر
عوام کے ساتھ یہ مذاق ملک بننے سے لیکر اب تک مسلسل جاری ہے۔آج سے پانچ سال
پہلے جو پٹرول 30یا 35روپے لٹر تھا اب تو مزدور کی ایک دن کی مزدوری سے بھی
بڑھتا جا رہا ہے۔موجودہ حکومت کا سب پر احسان ہونے جارہا ہے اور یہ حکومت
ہم سب پاکستانیوں کو چائنا کی طرح سائیکلوں پرلانے کا زبردست پروگرام ”سٹ“
کر رہی ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہمارے بوڑھے، نوجوان اور بچے اپنی اپنی ماﺅنٹین
بائیک کے ساتھ پانی کی بوتلیں باندھ کر شہر شہر ،گاﺅں گاﺅں ”سرکار“کو
دعائیں پھریں گے۔سائیکل بھی زبردست سواری ہے ”فیول فری“ اور صحت کے لئے
”ورزش بھی فری“ ۔ عوام کو یہ بھی پتہ ہے کہ ہر پندرہ دن بعد قیمت زیادہ
ہونے کا نوٹیفیکشن بھی آئیگا۔
٭جرائم میں ملوث وزرا کے خلاف کارروائی کا حکم خبر
فیصلہ بہت اچھا ہے اور اگر اس پر عمل درآمد ہو گیا تو شاید ہماری غریب اور
بے آسراپاکستانی عوام شکرانے کے نفل بھی اد ا کرے۔ہر روز ملک میں نجانے
کتنے جرم ہوتے ہیں اور نجانے اس میں کتنے مجرم اپنی ”اجارہ داری“ کی وجہ سے
صاف ”بچ“ نکلتے ہیں۔جو مارے جاتے ہیں جو کچلے جاتے ہیں وہ صرف اور صرف غریب
،غرباءاور بے کس ہوتے ہیں۔آئین تو انصاف کا فیصلہ دیتا ہے لیکن اس پر عمل
داری کرانے والے بھی تو ”کم“ ہیں کاش یہاں حکمران بھی ۔
٭بھارتی فوج پر حکومت کیخلاف بغاوت کی کوشش کا الزام خبر
انشاءاللہ نہتے کشمیریوں پر ظلم کرنے والے اور پاکستانیوں کے ساتھ ناروا
رویہ رکھنے والے ایک دن اپنی ہی فوج کے ہاتھوں اپنے ہی محاذ پر مار کھائیں
گے اور پھر پوری دنیا تماشہ دیکھے گی۔بے ایمانی ایک دن کسی بھی ملک یا فرد
کو رسوا ضرور کرتی ہے پھر ایک دن وہی بے ایمانی ”ریت کی دیوار“ ثابت ہوتی
ہے اور بے ایمان کو بچنے کا کوئی راستہ نہیں ملتا۔
٭وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے نواز شریف کو منا لیا خبر
میرے محترم میاں نواز شریف واقعی بہت شریف شہری ہیں۔ان کوخوب پتہ ہے کہ پی
پی پی والوں سے ان کا اور ان کی جماعت کا نظریاتی اختلاف ہے مزید یہ کہ
حدیثِ نبویﷺ کے مطابق کوئی بھی مومن ایک سوراخ سے دوبارہ نہیں ڈسا جاتا ۔
مگر نواز شریف اتنے بھولے ہیں کہ بار بار گیلانی صاحب کی منت سماجت کرنے پر
ان کے آگے سر جھکا دیتے ہیں اور دوسری طرف زرداری سمیت ان کی پوری ٹیم ان
کے ساتھ”گیم“ کر جاتی ہے۔کبھی وہ شریف برادران کو ملنے والی ”چمک“ کو اپنی
چمک کا مالک قرار دیتے ہیں اور کبھی پنجاب والوں کی گردن سے سریہ نکالنے کی
”ماٹھی“ دھمکی دیتے ہیں۔حکومت کی چار سالہ ناکامیوں کے بعدمیاں نواز شریف
جو کہ مجھ سمیت تمام پاکستانیوں کے آئیڈیل اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں
انہیں کم از کم گیلانی یا زرداری صاحب کی دہری شخصیت سے باخبر ہونا چاہیئے
بلکہ ملکی و عوامی مفاد کو مدنظر رکھ کے ان سے اختلاف رکھنا چاہیئے۔وہ
اپوزیشن لیڈر ہیں اورانہیں زرا ”پوزیشن بنا کر“ کر عوام کی نمائندگی کے لئے
اٹھنا چاہیئے اب تو عوام کے پاس آہوں کے سوا کچھ باقی نہیں۔کم بخت مہنگائی
نے غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں ، پٹرول ،گیس اور بجلی ملک میں ناپید
ہے۔
٭امریکہ نے حافظ سعید کی گرفتاری پرایک کروڑ ڈالر کا انعام رکھ دیا۔ خبر
لگتا ہے امریکہ کے پاس ڈالر بہت ہیں مگر بڑے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ
امریکہ کے زیادہ ڈالرز منفی سرگرمیوں پر ہی خرچ ہوتے ہیں جیسے کہ کسی گاﺅں
میں شریف چوہدری کو بدعا تھی کہ وہ جیسے ہی لٹھے کا نیا سوٹ پہن کر لٹک لٹک
کر نازو نخرے میں گھر سے باہر نکلتا رستے میں وہ کسی کیچڑ پر پھسل کر اپنا
سوٹ داغدار کرکے گھر لوٹتا اورپورا گاﺅں والے اسے شریف چوہدری کی بجائے
”شریفا کیچڑ“ کہتے تھے۔ امریکہ بھی دنیا میں ایک ایسا ملک ہے جو دہشت گردی
ختم کرنے کی بجائے یہودی مسلمان دشمن لابی کو سپورٹ کرتا ہے اور مسلمانوں
کو دہشت گردی میں پھنسا کر کے اپنے ڈالرز خرچ کرتا ہے پھر دنیا میں نام
نہاد چوہدراہٹ بنانے کے لئے وہاں کے وسائل پر قبضہ کرتا ہے اور کئی بے
گناہوں کا قتل عام کرتا ہے ۔پاکستان نے نیٹو سپلائی بند کی تو اس پر اتنے
سیخ پا ہوئے کہ ہماری پی آئی اے کے مسافروں اور ائیر لائنز کی سکریننگ بڑھا
کر بلیک میلنگ کا نیا رستہ نکالا اوران پر باپندیاں بڑھا دیں تاکہ ہماری یہ
واحدائیر لائن کمپنی بند ہو جائے یا ہماری حکومت ان کے سامنے گھٹنے ٹیک دے۔
واہ اوئے امریکہ کیچڑ۔ |