صدیوں پرانے سوال کہ پہلے مرغی آئی تھی یا انڈا میں ایک نیا رخ سامنے
آیا ہے۔ اور یہ نیا رخ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں آیا جہاں ایک
مرغی نے انڈے کے بغیر چوزے کو جنم دیا۔ بجائے اس کے کہ مرغی انڈا دیتی اور
اس پر بیٹھ کر حرارت دیتی، یہ انڈا اکیس روز تک مرغی کے اندر ہی رہا اور اس
کو مصنوعی حرارت ملتی رہی۔ اور مرغی کے اندر ہی پلتا رہا۔
اطلاعات کے مطابق چوزا صحت مند ہے لیکن مرغی مرگئی ہے۔
اس علاقے کے جانوروں کی دیکھ بھال کے سرکاری افسر پی آر یاپا کا کہنا ہے کہ
انہوں نے کبھی ایسا ہوتے ہوئے نہیں دیکھا۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے مرغی
کی باقیات دیکھی ہیں۔
|
|
پی آر یاپا کے مطابق انڈے کی افزائش مرغی کے اندر ہی ہوئی ہے۔ مرغی کے پوسٹ
مارٹم سے معلوم ہوا ہے کہ مرغی کی ہلاکت اندرونی زخم کے باعث ہوئی ہے۔
کولمبو میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے ذرائع ابلاغ
نے اس واقعے کو نمایا طور پر کوریج دی ہے۔ اور سری لنکا کے اخبار ڈیلی مرر
نے سرخی لگائی ہے: ’مرغی پہلے آئی تھی نہ کہ انڈا۔‘
|