احیاء العلوم الدین (از امام محمّد غزالی رح):

حجۃ الاسلام امام ابو حامد محمد الغزالی رحمہ اللہ جن کے علم و فضل کی شہرت چار سُو پھیلی ہوئی ہے ۔ فقہ، تصوف اور مختلف علوم و فنون پر پوری دسترس حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے آپ کو حسنِ تحریر، سہولت بیان، تحریر میں فصاحت اور حسنِ اشارت، شرافتِ نفس، حسنِ کردار، استقامت، زہد، سادگی اور تواضع جیسی صفات سے نوازا تھا، علمی رسوخ میں آپ اپنے معاصرین پر ممتاز تھے ۔ آپ نے اپنی زندگی درس و تدریس، طالبانِ حق اور سالکانِ طریقت کی تربیت میں گزاری۔ ’’احیاء علوم الدین عربی ‘‘ آپ کی زندۂ جاوید تصنیف ہے جس میں اسرارِ شریعت و طریقت، اخلاق و تصوف، فلسفہ و مذہب، حکمت و موعظت، اصلاحِ ظاہروباطن، تزکیۂ نفس اور اسلامی تعلیمات کو بیان کیا گیا ہے ۔ ہر دور کے مشاہیر، علماء و صوفیاء اس کتاب کی تعریف میں رطب اللسان ہیں اور اسلامی لائبریری اپنی بے پناہ وسعت کے باوجود اس کتاب کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے ۔ زیرِ نظر کتاب ’’احیاء العلوم‘‘ میں امام غزالی کی اس معرکۃ الآراء تصنیف کا بامحاورہ اردو ترجمہ جو ہندوستان کے نامور لکھنے والے فاضل دارالعلوم دیوبند مولانا ندیم الواجدی صاحب کا کیا ہوا ہے ، پیش کیا جا رہا ہے ۔ مترجم نے مصنف کے مضامین کو پوری دیانت و امانت کے ساتھ منتقل کیا ہے ۔ مشکل مضامین کی تسہیل کی گئی اور حاشیہ میں جابجا تشریحات شامل کر کے اسے اردو داں طبقہ کے لیے مفید بنا دیا ہے ۔ دارالاشاعت کراچی نے اس نسخہ کی اشاعت مترجم مدظلہم سے ایک معاہدے (جلد اوّل صفحہ ۲۴ ملاحظہ فرمائیں ) کے تحت کر کے اعلیٰ معیار پر کی ہے ۔ اس جدید نسخہ میں ایڈیٹنگ اور عنوانات کا مذید اضافہ بھی کرایا گیا تا کہ یہ مذید مفید ہو سکے ۔ عنوانات کا جہاں مذید اضافہ کیا گیا ہے اسے ممتاز کرنے کے لیے حاشیہ پر نشان لگا دیا گیا ہے ۔ اب بلا تأمل کہا جا سکتا ہے کہ الحمدللہ بازار میں دستیاب تراجم کے مقابلہ میں یہ سب سے معیاری نسخہ ہے ۔ اللہ تعالیٰ ہماری کوششوں کو اپنے فضل و کرم سے دنیا و آخرت میں شرف قبولیت بخشے ۔ آمین

https://islamicbookslibrary.wordpress.com/2012/02/27/ahya-ul-uloom-ud-deen-by-imam-muhammad-ghazali-r-a-urdu-translation-mazaq-ul-aarifeen-by-shaykh-nadeem-al-wajdi
Uzair Muzaffar
About the Author: Uzair Muzaffar Read More Articles by Uzair Muzaffar: 10 Articles with 38299 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.