نائب وزیراعظم ہے تو۔۔۔ نائب صدر کیوں نہیں۔۔۔؟

سب سے پہلے تو میں عزت مآب نائب وزیراعظم پاکستان جناب چوہدری پرویز الہیٰ صاحب کو اُن کے نئے عہدے پر مبارک باد پیش کروں گاجس کے وہ مستحق ہیں۔ یہ اُن کی بہت بڑی سیاسی کامیابی ہے اور یقینا یہ اُن کی انتھک محنتوں کا نتیجہ ہے جو اُن کو ایک بہت بڑے عہدے کی صورت میں ملا ہے۔ نائب وزیر اعظم ہونا کو ئی معمولی بات نہیں۔ صرف نائب ہٹا دینے سے پورے کا پورا وزیر اعظم بن جاتا ہے۔ کیا ہوا اگر وہ عوام کے ووٹوں سے وزیر نہیں بن سکے تو۔۔زرداری صاحب ہیں نا۔۔ اُن کی تو عنایات ہی بڑی ہیں وہ جس کسی پر بھی مہربان ہو جاتے ہیں اُس کے اگلے پچھلے سب گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔وہ چاہے کتنا ہی بڑا دشمن کیوں نہ ہو۔قاتل ہی کیوں نہ ہو۔ چور لٹیرا اور ڈاکو ہی کیوں نہ ہو۔۔۔آصف علی زرداری صاحب کی عنایات کی چادر سب کے گناہ چھپا لیتی ہے۔وہی لوگ جو در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہوتے ہیںاعوانوں میں پہنچ جاتے ہیں۔ عوام کی نفرتوں کا نشانہ بننے والے اور گالیاں کھانے والے بہت بڑے معزز بن جاتے ہیںوغیرہ وغیرہ۔۔۔

اس ملک کو کسی وزیر اعظم کی ہو نہ ہو لیکن ایک عدد نائب وزیراعظم کی اشد ضرورت تھی۔اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ یہ ضرورت بھی اس جمہوری حکومت نے پوری کر دی اور عوام کے ساتھ کیئے ہوئے وعدوں میں سے ایک اور وعدہ بھی پورا کر دیا۔عوام کے دلوں میں اس جمہوری حکومت کی قدر پہلے سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہے ۔اب دیکھیئے گا ملک کتنی تیزی سے ترق کرے گا اگلے پچھلے سب کے سب ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔کئی سالوں سے رکے ہوئے منصوبے مکمل ہوں گے اور ایک نیا پاکستان وجود میں آئے گا ۔ مہنگائی کم ہو گی۔ روزگار بڑھے گا۔لوڈشیڈنگ کا نام و نشان تک نہیں رہے گا۔گیس اور پانی کے مسائل تک کا مستقل حل نکل آئے گا۔آٹا دال چینی چاول سب ضروریات زندگی کی اشیاءکی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گی ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ڈرون حملے رک جائےں گے ۔کراچی میں لگی ہوئی آگ بجھ جائے گی۔ بھتہ مافیا اور پرچی مافیاگینگ اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردیں گے۔اور سب سے اہم کام جو ہو گا وہ یہ کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قاتل بھی پکڑے جائیں گے۔

ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی بدولت اس بار سیلاب کے آنے سے ایک بھی گھر نہیں ڈوبے گا اور نہ ہی کوئی مویشی سیلاب کے ریلے میں بہے گا۔ہر طرف خوشحالی ہی خوشحالی ہو گی۔ بچے بوڑھے جوان سبھی خوشیوں کے ترانے گاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ انقلاب آئے گا انقلاب۔۔۔ایسا انقلاب جو تاریخ میں کبھی نہ آیا ہو۔یہ ساری کی ساری تبدیلیوں کا سہرا صرف اور صرف نائب وزیراعظم کے سر پر ہی ہو گا۔اس نائب وزیر اعظم کو بنانے میں اتنی دیر کیوں کر دی گئی یہ اچھا اور بہتر کام تو بہت پہلے ہی کر دینا چاہیئے تھا ۔چلیں خیر ۔۔ دیر آید درست آید۔۔میر ا زرداری صاحب کو ایک مشورہ ہے۔ مشورہ کیا ایک التجا ہے کہ لگے ہاتھوں ایک اور اچھا اور بہترین کام کر دیں تاکہ اس ملک کی تقدیر بدلنے میں جو کمی کوتاہی رہ گئی ہو وہ بھی پوری ہو جائے۔وہ اچھا اور بہترین کام یہ ہے کہ اس ملک کو ایک عدد نائب صدر کے تحفے سے بھی نواز دیا جائے ۔ تا کہ امریکہ جو ہمارے آگے اکڑ رہا ہے اُس کی اکڑ ختم ہو جائے اور وہ ہم سے معافی مانگنے پر مجبور ہو جائے۔ اس نائب صدر کے عہدے کے لیئے جو قابل احترام شخصیت ہے وہ ہے جناب چوہدری شجاعت حسین۔۔۔ چوہدری شجاعت حسین کو اس ملک کا نائب صدر بنا دینے سے اس ملک کی ترقی کی رفتار اتنی تیز ہو جائے گی کہ اُسے کوئی بھی نہیں روک سکے گا۔۔۔جب تک چوہدری صاحب خود مٹی نہ ڈال دیں۔
Ahmad Raza
About the Author: Ahmad Raza Read More Articles by Ahmad Raza: 96 Articles with 111243 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.