لبرٹی حملہ!بھارت کی سازش

آخر بھارت کامیاب ہوگیا۔ بھارت ایک عرصے سے جو پاکستان کو دہشت گرد اور ناکام ریاست ثابت کرنا چاہتا ہے۔اس مقصد میں کامیاب ہوگیا ہے۔اس کی پلاننگ تو ایک عرصے سے جاری تھی لیکن صحیح طریقے سے اس پر عمل ممبئی کے مشتبہ حملے کے بعد ہوا۔اور ممبئی حملہ کے بعد بھارت نے پاکستان پر دباؤ بڑھانا شروع کیا،اس کا سلسلہ یہاں تک پہنچا کہ آخر کار مشیر داخلہ رحمٰن ملک نے بہت بڑی بیوقوفی کرتے ہوئے ممبئی حملہ کی سازش کی پلاننگ کا کچھ حصہ پاکستان میں تیار ہونے کا اقرار کیا۔اس وقت بھی تجزیہ نگار یہ کہہ رہے تھے کہ یہ بہت بڑی بیوقوفی کی گئی ہے،اور اب یہ بات ثابت ہوگئی ہے۔ کیوں کہ جب ہم نے خود تسلیم کرلیا کہ دہشت گردی کا تعلق پاکستان سے ہے تو اب ہم لاکھ کہتے رہیں کہ یہ بھارت سازش ہے پوری دنیا میں کوئی بھی تسلیم نہیں کرئے گا ویسے تو ہمارے ارباب اختیار بھارت اور را کا نام لیتے ہوئے نہ جانے کیوں گھبراتے ہیں

یہ بات طے شدہ ہے کہ بھارت ایک عرصے سے پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوںمیں ملوث رہا ہے ۔کشمیر سنگھ ،سربجیت سنگھ،اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد را کے ایجنٹوں کی گرفتاری کے بعد کسی کو اس بات میں شک نہیں ہونا چاہیے لیکن ہمارے ارباب اختیار اس بات کو تسلیم نہیں کرتے ہیں
 
لبرٹی حملے کے فوراً بعد ریٹائرڈ جنرل حمید گل اور دیگر نے اس کا الزام بھارت پر عائد کیا۔ اور ماضی میں بھارت کی اسی کاروائیوں کے ثبوت بھی دیئے۔اس حوالے سے سب سے دھماکہ خیز رپورٹ معروف صحافی انصار عباسی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ جنوری کے اواخر میں انٹیلی جنس سے ایک رپورٹ صوبائی حکومت کے حوالے کی تھی جس کے مطابق ٢٢ جنوری ٢٠٠٩ کو اینٹیلی جنس نے یہ رپورٹ دی تھی کی را کے ایجنٹ یہاں موجود ہیں اور ان کی پلاننگ ہے کہ وہ سری لنکن ٹیم جب پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے آئے گی تو اس کو ہوٹل سے گراؤنڈ آتے جاتے نشانہ بنایا جائے گا۔ سابقہ صوبائی حکومت اس حوالے سے بہت حساس تھی اور اس نے اس کی بیخ کنی کے لیے اقدامات بھی کیے تھے۔البتہ ہنجاب میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد گورنر سلمان تاثیر نے تمام افسران کو تبدیل کر کے اپنے من پسند افسران کو تعینات کیا تھا اور انکی تمام توجہ مخالفین کو دبانے اور جوڑ توڑ کی طرف تھی۔اور انہوں نےاس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کیے تھے اگر دیکھا جائے تو گورنر اور گورنر راج نافذ کرنے والوں پر بھی اس کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایک چشم کشا رپورٹ ملنے کے بعد بھی اپنے اقتدار کی جوڑ توڑ میں مصروف رہے۔

اس حملے کے بہت تباہ کن اثرات ملک کی معیشت اور دفاع پر مرتب ہونگے۔ پہلا کام تو یہ ہوگیا ہے کہ اب ایک لمبے عرصے تک کوئی غیر ملکی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی اور نہ ہی پاکستان کو انٹر نیشنل کرکٹ میں کوئی موقع دیا جائے گا۔ دوسرا اثر یہ پڑے گا کہ بھارت چور مچائے شور کی مصداق اب اور زور و شور سے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرے گا، تیسرا پاکستان کے اوپر عالمی برادری بالخصوص امریکہ کا دباؤ بڑھ جائے گا اور عین ممکن ہے کہ میرے منہ خاک پاکستان پر پابندیاں عائد کر کے پاکستان کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے گا (اللہ کرے کہ ایسا نہیں ہو ) یہاں یہ بات بھی سوچنے کی ہے کہ اگر یہ دہشت گرد انتہائی سخت سیکورٹی میں سری لنکن ٹیم پر اس طرح کا حملہ کرتے ہیں تو اس میں لامحالہ ان کو مقامی ایجنٹوں کو تعاون بھی حاصل رہا ہوگا۔ان کی مدد کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا

بہر حال اب دیکھنا یہ ہے پاکستانی حکومت اس انتہائی پیچیدہ اور خطرناک صورتحال سے کیسا نمٹتی ہے اور کیا حکومت تمام مصلحتوں اور مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تمام ثبوت کے بعد بھارت سے جواب طلب کرتے ہیں یا یہاں بھی اپنے وقتی اقتدار کی پسپائی اختیار کرتے ہیں
Saleem Ullah Shaikh
About the Author: Saleem Ullah Shaikh Read More Articles by Saleem Ullah Shaikh: 534 Articles with 1454085 views سادہ انسان ، سادہ سوچ، سادہ مشن
رب کی دھرتی پر رب کا نظام
.. View More