پڑوس کے اپارٹمنٹ سے چینخ و پکا ر کی
آوازیں نا قابل برداشت ہورہی تھیں -یوں تو اس گھر میں جب مکیں گھر میں ہوں
ایک چینخ پکار مچی ہوتی تھی - لیکن آج انکی ماں کی سسکیا ں اور روتی ہوئی
آواز سے یوں لگ رہا تھا کوئی تشدد ہو رہا ہے-روزی اس سے اکثر ایلیویٹر میں
ملتی رہی ہے - ہیلو ہائے کرلیتی تھی ، ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں بات چیت ہو
جاتی -اسلئے وہ اس آواز کو صاف پہچانتی تھی- روزی ٹام سے کہنے لگی" یہ لوگ
لگتا ہے اپنی ماں کے ساتھ کوئی زیادتی کر رہے ہیں میں پولیس کو کال کرلیتی
ہوں مجھ سے یہ سب برداشت نہیں ہو رہا اس سے پہلے کہ ٹام جواب دیتا روزی نے
پولیس کو ڈائل کردیا تھا اسنے پولیس کو تفصیلات بتائیں اپنا نام پتہ اور
ساتھ والے اپارٹمنٹ کا نمبر بتایا -
یہ ایک پاکستانی خاندان تھا روزی اور دوسرے پڑوسی انکو انڈین سمجھتے تھے
لیکن انکی ماں نے بتایا کہ ہم پاکستانی ہیں تو اسے معلوم ہوا -ایک ہی جیسے
تو لگتے ہیں یہ انڈین اور پاکستانی ویسے ہی ہیں جیسے امریکہ کینیڈا، لیکن
ان میں تو اب بھی کچھ نہ کچھ تنازعہ چلتا ہے - لیکن یہ بیچاری عورت کاش
پولیس جلدی آئے اس عورت کے رونے اور کچھ بولنے کی آواز صاف آرہی تھی- ے
ٹام کہنے لگا انکی عورتیں خاموشی سے اذیت برداشت کرتی رہتی ہیں انکو اسی
طرح پالا جاتا ہے اب یہ دیکھو یہ اس عورت کا بیٹا اور بہو ہیں اور اسکے
ساتھ بدتمیزی کر رہے ہیں - یہ عورت کہیں الگ کیوں نہیں رہتی؟ یہ انکا کلچر
نہیں ہے یہ اسی طرح خوش رہتے ہیں روزی اسے سمجھانے لگی-
اتنے میں پولیس نے آکر دروازے پر دستک دی چیخ پکار اب بھی جاری تھی دروازے
کے لینس سے پولیس دیکھ کر بشیر ہکا بکا رہ گیا - بھاگ کے ماں اور بیوی کے
پاس گیا دونوں کو ھاتھ سے پکڑ کر غسل خانے لے گیا ماں کے منہ پر ھاتھ رکھا
اماں خدا کیلئے خاموش ہو جاؤ دروازے پر پولیس آئی ہے لگتا ہے کسی پڑوسی نے
شکایت کی ہے اب وقت نہیں ہے کچھ سوچو وہ تمہیں بھی لے جائینگے اور ہمیں
گرفتار کر لینگے اگر تم نے حقیقت بتا دی- پولیس نے اس مرتبہ زور سے دستک دی
اس نے دروازہ کھولا -
ہمیں خبر ملی ہے تمہارے گھر میں کسی بوڑھی عورت ہر تشدد ہورہا ہے ہم اندر
آکر دیکھنا چاہتے ہیں اماں نے اتنی دیر میں آنسو پونچھ لئے تھے پولیس نے
آکر پوچھا -
نہیں نہیں ایسا کیسے ہوسکتا ہے میں نہارہی تھی تو ٹب میں بہت زور سے پھسلی
نلکے سے میری پیٹھ ٹکرائی - یہ لوگ مجھے دوائی لگا رہے تھے جس سے مجھے جلن
ہورہی تھی تو میں رو رہی تھی- اماں نے بڑی ہوشیاری سے کہانی گھڑ لی تھی-
تم صحیح تو کہہ رہی ہو نا " پولیس نے اسکو غور سے دیکھتے ہوئے کہا اچھا اس
کاغذ پر دستخط کردو کہ سب کچھ ٹھیک ہے اور یہ میرا کارڈ رکھ لو اگر کوئی
مسئلہ ہو تو مجھے فون کر دینا-
اماں نے کارڈ لیکر تھینک یو کہا" میرے مولا جنکو تیرا خوف نہیں ہے اس پولیس
سے کیسے خوفزدہ ہیں اور یہ کارڈ تو اب ترپ کا پتہ ہوگا“-
اماں نے اپنے رب کا شکر ادا کیا- |