حسن اخلاق: قرب رسول ﷺ کا ذریعہ اور کامیابی کی ضمانت

بدخلقی اعمال کو اس طرح ضائع کردیتی ہے جیسے سرکہ شہید کو خراب کردیتا ہے

اﷲ رب العزت نے مصطفےٰ جان رحمت صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعریف فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا : ’’بے شک آپ صاحب خلق عظیم ہیں‘‘۔ (القرآن) ایک مرتبہ محبوبۂ محبوب رب العالمین سیدتنا عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا سے رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کے اخلاق کریمانہ کے متعلق سوال کیاگیا ۔ آپ نے ارشاد فرمایا :رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کا خلق قرآن تھا ۔

٭حسن خلق کی تعریف: شاہکار دست قدرت مصطفےٰ جان رحمت صلی اﷲ علیہ وسلم نے حسن اخلاق کی تعریف ان الفاظ میں بیان فرمائی کہ تو قطع تعلق کرنے والوں سے صلہ رحمی کر، جو تجھے محروم کرے تو اسے عطا کر اور جو تجھ پر ظلم کرے تو اسے معاف کردے۔ حدیث رسول اس بات کی وضاحت کررہی ہے کہ اخلاق اس کا نام نہیں کہ محبت کے عوض محبتوں کے پھول نچھاور کیے جائے بلکہ اخلاق نام ہے طعن وتشنہ ، دشنام طرازیوں اور عداوت کے باوجود بھی صلہ رحمی کا مظاہرہ کرنے کا ۔ ہمارے رسول اس خاک دان گیتی پر اخلاق کی تکمیل ہی کے لئے جلوہ گرہوئے۔ قیامت کے دن میزان اعمال میں سب سے بھاری چیزیں خوف خدا اور حسن اخلاق ہی ہوں گے ۔ حتیٰ کہ آقائے کون ومکاں ﷺ نے حسن اخلاق ہی کو دین قراردیا ۔ گویا کہ دین کی تکمیل منحصر ہے اعلیٰ اخلاق پر ۔ حدیث مبارکہ میں وارد ہے کہ اس مومن کا ایمان افضل ہے جس کا خلق سب سے بہتر ہوگا۔

٭بدخلقی کی وعیدیں : بدخلقی اعمال کو اس طرح ضائع کردیتی ہے جیسے سرکہ شہید کو خراب کردیتا ہے۔ حضرت فضیل رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ حضور ﷺ سے عرض کی گئی کہ فلاں عورت رات کو عبادت کرتی ہے، دن کو روزہ رکھتی ہے مگر وہ بدخلق ہے، اپنی باتوں سے ہمسائیوں کو تکلیف دیتی ہے، آپ ﷺ نے فرمایا: اس میں بھلائی نہیں ہے وہ جہنمیوں میں سے ہے۔ معلوم ہوا عبادتیں رائیگاں وبے فضول ہے بغیر حسن اخلاق کے۔ سرکاردوعالم ﷺ سے پوچھا گیا کہ نحوست کیا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا ’’بدخلقی‘‘
٭حسن اخلاق کے لئے دعا: کارخانۂ قدرت میں حضور ﷺ سب سے زیادہ بااخلاق تھے باوجود اس کہ آپ دعا فرماتے ’’اے اﷲ ! جیسے تونے میری تخلیق کو بہترین کیا ہے ویسے ہی میری خلق کوبہترین فرما۔ اسی سنت نبوی پر عمل کرتے ہوئے حضرت عبداﷲ بن عمر رضی اﷲ عنہما بارگاہِ صمدیت میں یوں دعا گو ہیں: ائے اﷲ ! میں تجھ سے صحت، سلامتی اور حسن خلق کا سوال کرتاہوں۔ اسی لئے حدیث پاک میں فرمایا گیا کہ جب بھی آئینہ دیکھویہ دعا ضرور پڑھاکرو۔ ’’اے اﷲ ! جس طرح تونے میری صورت اچھی بنائی اسی طرح میری سیرت بھی اچھی بنادے۔‘‘

قارئین کرام سے التماس ہے کہ اخلاق نبوی کا مطالعہ کرے اوراسے اپنے کردار میں سجانے کی کوشش کریں تاکہ قرب رسول حاصل ہو جیسا کہ فرمان نبوی صلی اﷲ علیہ وسلم ہے کہ قیامت کے دن مجھ سے سب سے زیادہ محبوب اور مجھ سے قریب تر وہ لوگ ہوں گے جو تم میں سے بہترین خلق رکھتے ہیں۔ اﷲ پاک ہمیں توفیق عطافرمائے۔ آمین
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 731727 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More