حکومت تو گئی

حکومت تو گئی ،قوم سُن لے ہم پہلے اپنے لئے مخلص تھے، اَب عوام کے لئے ہوں گے اگر.؟
ختم ہونے والی حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی تو صفر..مگرکیااگلی جیت بھی پی پی پی کی ہی ہوگی..؟

ایک تحقیقاتی ادارے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پچھلے دِنوںاپنی مدت پوری کرکے جانے والی پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دورِ اقتدار میںقومی خزانے کو 180کھرب روپے کا نقصان پہنچایاہے اِس حوالے سے ادارے کا دعویٰ ہے کہ ختم ہونے والی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دورِ اقتدار میں کرپشن اور بدانتظامی میں مُلک کا65سالہ ریکارڈ چکناچُورکرکے رکھ دیاہے جبکہ اپنی اختتام مدت پوری ہونے سے دوروزقبل حکمران جماعت پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدرمخدوم امین فہیم نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی، وزیراطلاعات قمرزمان قائرہ ، وزیردفاع نوید قمر اوردیگرکی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس میںاگلے انتخابات میں اپنی جیت کو یقینی بنانے کے لئے ایک مرتبہ پھرقو م کو سبزباغات کا تڑکالگاکر مُلک سے غریب سمیت دیگر مسائل کے خاتمے سے متعلق سات نکاتی اپنے انتخابی منشورکا اعلان کیاجس میں اِنہوں نے حسبِ روایت کہا کہ روٹی، کپڑااورمکان کیساتھ مزدورکی کم ازکم تنخواہ اٹھارہ ہزار روپے ماہانہ اور مزدوروں کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی بھی ملے گی اور اُنہوںنے اِس موقع پر ا پنی ختم ہونے والی حکومت کاذکرکرتے ہوئے بتایاکہ ہم نے گزشتہ منشورپر85فیصدعمل کیا، جن میں سرِ فہرست صرف دومنصوبے ایک پاک ایران گیس منصوبہ اور دوسرا گوادرپورٹ کو چین جیسے اپنے مخلص دوست کے حوالے کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں اورپھر اِس کے بعد یہ سب اقتدار کی کُرسی پردوبارہ براجمان ہونے کی حسرت کے ساتھ اپنے کانپتے ہونٹ ،لرزتے ہاتھ اور لڑکھڑاتے قدموں کے ساتھ روانہ ہوگئے ۔

اگرچہ آج اگر کوئی حقیقت پسندی اور ضمیر کی آنکھ سے دیکھے اور ذراسادماغ استعمال کرلے تومیری اِس بات سے تو شائدختم ہونے والی حکومت کے اراکین بھی خود انکار نہ کرسکیں کہ عوامی مسائل اور گیس و بجلی کے بحرانوں کے خاتمے کے لحاظ سے اِن کی کارکردگی اورکئی حوالوں سے صفررہی مگر اِس کے باوجودبھی یہ پُراُمیدہیں کہ مُلک میں ہونے والے عام انتخابات میں اگلی جیت بھی اِن ہی کی ہوگی اور ایک بار پھر اقتدار کا ڈنڈااِن کے ہی ہاتھ میں ہوگااور اِن کے ڈنڈے کی زدمیں ایک مرتبہ پھر عوام کا سراور اِس کا لاغرجسم ہوگا،اگرچہ اِس مرتبہ پاکستان پیپلزپارٹی والوں کا موقف یہ ہے کہ ”قوم سُن لے کہ ہم اپنے پچھلے اقتدار میںجمہوریت بچانے کی اُوٹ میں صرف اپنے لئے مخلص تھے، اِسی وجہ سے ہم قوم کی اُس طرح خدمت نہ کرسکے، جیسی قوم ہم سے اُمیدرکھے ہوئے تھی، مگراَب اگرقو م نے ہمیں دوبارہ اقتدار کی مسنددلادی تو ہم قوم سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم اِس کی تقدیر بدل دیںگے، اور قوم کو دہشت گردی سمیت اِنہیں درپیش کئی گھمبیر مسائل سے بھی ضرور نجات دلائیںگے۔

جبکہ دوسری طرف آج باشعورپاکستانی قوم یہ بات خُوب جانتی ہے کہ پچھلے دنوں ختم ہونے والی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں قوم کو طرح طرح کے مسائل اور بجلی و گیس کے بحرانوں میں کس طرح جکڑکر اِس کاکچومر بنادیاکہ یہ چیخ بھی نہ سکی اور زندہ درگور ہوکررہ گئی اور اِس عرصے کے دوران اِن مسائل سے قوم کونجات دلانے کے لئے کیا اقدامات کئے گئے، اور کس طرح قوم کو بے وقوف بنایا گیا ، یہ تو پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے کرتادھرتااور اراکین ممبر انِ قومی و صوبائی اسمبلیز سمیت دیگر ایوانوں کے رُکن توخُوب ہی جانتے ہوں گے کہ اِنہوں نے قوم کو بے وقوف بنانے اور اِن کی آنکھوں میں حیلے بہانوں سے دھول جھونکنے کے کیا کیا ...؟اور کیسے کیسے حربے استعمال کئے،اور اِس حکومت نے اِس حال میں بھی اپنی مدت اِس طرح آسانی سے مکمل کرلی ، کہ جیسے اِنہوں نے عوامی خدمت میں دن رات ایک کردیئے ، اور پانچ سال کے عرصے میں قوم کے مسائل حل کئے اور اِن کے دُکھ درد کا مداواکیا ، مُلک کے ہر غریب کے گھرکے آنگن میں خوشیاں رقص کررہی ہیں، قوم کو پینے کا صاف پانی، اچھی خُوراک ، بہترین علاج و معالجہ کی سہولت ، جدیدتعلیم ، اورپُرآسائش سفری سہولتیں بھی میسر ہیں اور آج بجلی اور گیس کے بحرانوں کا خاتمہ ہوگیاہے ،صنعتی ترقی اپنی مثال آپ ہے، مُلکی معیشت آسمان کی بلندیوںکو چھورہی ہے ، اقتصادی صُورتِ حال استحکام بخش ہے ،مُلک میں امن وامان کا بول بالا ہے ،مُلک میں کرپشن کو جڑ سے اُکھاڑ کر پھینک دیاگیاہے،پانچ سالوں میں حکومت کے ہر رُکن نے رشوت اور کرپشن کو حکومت نے گناہِ عظیم جانا،اور یہی وہ نقطہ ہے جس کی وجہ سے مُلک میںپانچ سالوں میں ہونے والی بیرون سرکامایہ کاری سابقہ تمام ریکارڈٹوٹا ا ور ایسے انگنت کارنامے انجام دیئے کہ پچھلے 65سالوں میں کوئی حکومت قوم کے لئے اتنانہیں کرسکی ہے ، جتنااِس حکومت کے دورمیں مُلک اور قوم کے روشن مستقبل کے لئے کردیاگیاہے ،اوراَب یقینااپنی نوعیت کے اِن انوکھے کارناموں پر آج میرے مُلک کے تمام اراکین پارلیمنٹ اور حکمران بھیخوش ہوں گے،اور یہ خُوش کیوں نہ ہو، کیوں کہ اِنہوں نے اپنی نااہلی کے باعث پانچ سال جو مکمل کرلئے ہیں، اگرچہ اِن میں کچھ ایسے بھی ہوں گے جو یہ جانتے ہیں کہ یہ اپنے جن کارناموں کا لہک لہک کر اور اکڑاکڑدعویٰ کررہے ہیں ،اِس میں سوفیصد لغو کا عنصر شامل ہے ، مگر پھر بھی یہ اپنی اِس کامیابی پرعالمِ جوش اورخوشی میں دھمال بھی ڈال رہے ہوں گے، اور کچھ ایسے بھی ہوں گے، جو یہ جانتے ہیں کہ اِنہوں نے اپنے علاوہ مُلک اور قوم کی بہتری کے لئے کچھ نہیں کیا ، اور اِسی بنا پر یہ انتخابات سے قبل یا بعد میں اپنے خلاف ہونے والے احتسابی عمل سے بھی خوفزدہ ہوںگے، اورجو خوفزدہ ہوں گے، اِنہیںاِن ہی کے کچھ شاطر ، بے ضمیر اور مفادپرست ساتھی یہ سمجھانے کی سعی کررہے ہوں گے، کہ خوفزدہ یا گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ، عوام کو ہمارے پچھلے کارناموں کی کچھ خبر ہی نہیں ہے،اگر آ ج بھی ہم ڈٹ گئے، اور قوم کو بے وقوف بنانے میں کامیاب ہوگئے، تو کوئی شک نہیں کہ ہماری یہ روٹی، کپڑااور مکان سے محروم قوم اگلے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر ہمیں ہی اقتدار کی مسندتک پہنچادے گی، اور ہماری ایک مرتبہ پھر پانچوں انگلیاں گھی میںاور سر کڑھائی میں ہوگا، ہم گھی کھچڑی ہوکر مُلک اور قو م کا بیڑاغرق کریں گے،جیساہم نے یکد ل اور یک جان ہوکر پہلے کیاہے۔

یہ حکومت جواپنی مدت پوری کرنے کے بعدگھسک گئی ہے ،اَب اِس کے ذمہ داران اپنے منہ چاہئے، جتنے بھی دعوے کرلیں، مگراِس میں کوئی شک نہیں کہ اِس حکومت کی کارکردگی ہر لحاظ سےصفرتھی، آج کے بعد سے پاکستان پیپلزپارٹی جو مُلک کے غریب عوام کی بڑی نمائندہ جماعت بنی پھرتی تھی اِس کے چیلوں کا سخت امتحان شروع ہوگیاہے، عوام کے دروازوں پر دستک دینے اور قوم کی دہلیزوںتک پہنچنے سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے نمائندوں کو سوبار سوچناہوگاکہ اُنہوںنے اپنے پہلے اقتدارمیں مُلک اور قوم کوکیادے دیاجو اَب اگلی بار اقتدار میں آکردیں گے...؟قوم کو بھی چاہئے کہ یہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کرے اور ایسی مخلص قیادت کا چناؤ کرے ، جو مُلک اور قوم کے ساتھ مخلص ہو، اور جِسے اپنے مفادات سے زیادہ سرزمینِ پاک اور اِس کے باسیوں کے مفادات عزیزہوں،ایسے نہ ہوں جیسے قوم نے پچھلے انتخابات میں اپنے حکمران چُنے جنہوں نے اپنی وجہ سے مُلک اور قوم کی کمر تختہ کردی۔
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 972337 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.