ملک بچانے آیا ہوں

پاکستان بچانے آیا ہوں یہ بات وہی شخص کہہ رہا جس نے کہا تھا پاکستانی عوام100روپے کلو آٹا خرید سکتے ہیں ۔اگرپاکستانی عوام 100روپے کلو آٹا خرید کر بھی پاکستان سے بھاگتے نہیں تو کیا وہ پاکستان بچا نہیں سکتے ؟عوام بھوکے پیاسے ہونے کے باوجود کہتے ہیں پاکستان میری جان ،پاکستان میری آن،شان اور مان اور حکمران عوام کا گوشت کھا کرپیٹ بھرنے کے بعد بیرون ملک مزے کرتے ہیں اورپھر کہتے ہیں ملک بچانے آیا ہوں ،کیا ملک صرف الیکشن کے دنوں بچایا جاسکتا ہے جو الیکشن کا اعلان ہوتے ہی اقتدارحاصل کرنے آیا ہوں کہنے کی بجائے ملک بچانے آیا ہوں کہہ رہے ہو؟ اپنے جسم پر ہروقت بلٹ پروف جیکٹ پہننے والا پاکستان بچائے گا؟قارئین محترم کوئی کہتا ہے نیا پاکستان بنائیں گے،کوئی کہتا ہے پاکستان بنایا تھا اب پاکستان بچائیں گے ،کوئی کہتا ہے پاکستان بچانے آیا ہوں ،اگر کسی کے پاس میرے سوال کا جواب ہوتو ضروردے ۔کیا پاکستان کاغذکی کشتی ہے ؟جوکوئی نئی بنانے کی بات کررہا ہے،کوئی بچانے کی بات کررہا ہے ۔وہی لوگ جوپچھلے 65سالوں سے پاکستان کے وجود کو نوچ رہے ہیں ،جوپاکستان کو مشکلات میں ڈالنے کے ذمہ دار ہیں۔الیکشن آتے ہی وہی عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے پاکستان بچانے کی بات کرتے ہیں۔جب سے ہوش سنبھالہ حکمرانوں و سیاست دانوں کے منہ سے ایک بات سنی ہے پاکستان شدیدمشکل میں ہے ۔آج مشکل زدہ کو کوئی ایک روپیہ اُدھار دینے کو تیار نہیں۔ دینے والا پہلے یہ دیکھتا ہے کیا مانگنے والے کے پاس کوئی ایسی چیز ہے جواُس کی رقم کا متبادل ہوسکے گی ۔اگر پاکستان اتنی ہی غربت میں ہوتا تو عالمی بینک پیسے لیے آگے پیچھے نہ پھرتا ۔عالمی طاقتیں حکمرانوں کو اپنا غلام بنائے رکھنے اور پاکستان کے وسائل ہڑپنے کے لیے لگاتار حکمرانوں کوکبھی دھمکا کرکبھی لالچ دے کر قرض کی لعنت میں جکڑتا جارہا ہے اور کوئی سیاسی قائد قرضے سے جان چھوڑانے کی بات نہیں کرتالیکن پاکستان بچانے کی بات سب کرتے ہیں ۔راقم کی نظر میں قرض اوربیرونی خیرات وصدقات ہی پاکستان کی سب سے بڑی مشکل ہے ۔سابق فوجی صدر پرویز مشرف بیرونی حمایت حاصل ہونے پربڑی مشکل سے پاکستان تشریف لانے میں کامیاب ہوئے اور آتے ہی نعرہ لگایا کہ پاکستان بچانے آیا ہوں ۔اوروں کی طرح پرویزمشرف کابھی فرض ہے کہ وہ بھی اپنے حصے کا پاکستان بچاے لیکن سوال یہ پیداہوتا ہے کہ کل جب اپنے ہمسایہ ملک افغانستان کو جنگ کی آگ میں جھونکتے وقت امریکہ کی مکمل حمایت اور اتحادی کاکردار اداکرتے وقت جناب کوذرہ خیال نہ آیا کہ جب ہمسائے کا گھر جلے گا توہمارا گھر کیسے محفوظ راہ سکتا ہے ؟میری نظر میں پرویزمشرف کا پاکستان آنا اور سیاست میں حصہ لیناکوئی بُری بات نہیں،عوام کے جسموں کو زخموں و زخم کرکے جانے والا چارسال بیرون ملک خوب مزے کرکے آج واپس پاکستان آکر کہتا ہے میں پاکستان بچانے آیا ہوں ،ارے بھائی آپ سے کوئی پوچھے کہ جب تیرے پاس وردی اور صدارت کی طاقت تھی تب تو تُوپاکستان بچا نہیں سکا آج کیا ہے تیرے پاس جو پاکستان بچانے آئے ہو؟کیا پاکستان صرف زمین کے ٹکڑے کانام ہے ؟ کیا پاکستان میں بسنے والی مخلوق کا پاکستان پرکوئی حق نہیں ؟اپنے دور اقتدار میں درجنوں پاکستانیوں کو فروخت کرنے والا کہتا ہے پاکستان بچانے آیا ہوں۔کہیں ایسا تو نہیں کہ پرویزمشرف پاکستانی عوام سے پاکستان بچانا چاہتا ہے؟آج پاکستان کو جن مشکلات کا سامنا ہے اُن میں سب سی بڑی مشکل معاشی بدحالی ہے ۔شکر ہے کسی سیاست دان نے معاشی دھماکہ کرنے کی بات بھی کی میں میاں محمد نوازشریف کے بیان کا خیر مقدم کرتاہوں اور دعاگو ہوں کہ پاکستان کے تمام سیاست دان میاں محمد نوازشریف کی طرح سوچنے لگ جائیں تاکہ پاکستان کو جلدسے جلد معاشی بدحالی سے نکال کر خوشحالی کی طرف لیجایا جاسکے -
Imtiaz Ali Shakir
About the Author: Imtiaz Ali Shakir Read More Articles by Imtiaz Ali Shakir: 630 Articles with 518820 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.