ایمان کی دولت تمام دولتوں سے بڑھ کر
ہے ۔جس کو یہ نعمت مل گئی اس کی بگڑی سنور گئی ۔حضرتِ سیدنا ابو ہریرہ رضی
اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ سیِّدُ المُبَلِّغِیْنْ، رَحْمَۃ
لِّلْعٰلَمِیْن صَلَّی اللّٰہ تعالیٰ عَلَیْہ واٰلہٖ وسلّم نے فرمایاکہ ''تم
جنت میں ہرگز داخل نہیں ہوسکتے جب تک ایمان نہ لے آؤ۔ (صحیح مسلم ،کتا ب
الایمان ،با ب ان افشاء السلام سبب لحصولھا )
یعنی کامیابی کو ناکامی کا معیار ایمان ہے ۔جسے ایمان کی دولت نصیب ہوگئی
وہ کامیاب ہوگیا۔منقول ہے کہ ابوالقاسم حضرت سیِّدُنا جنید رحمۃاللہ تعالیٰ
علیہ اور صوفی فقراء کا ایک قافلہ حج کے لئے روانہ ہوا۔ راستے میں کچھ دنوں
کے بعد پانی ختم ہو گیا۔ قافلے نے ایک پہاڑ کے دامن میں پڑاؤ کیا ہوا تھا ،
آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے اپنے ایک مرید سے کہا: ''یہ مشکیزہ لو اور اس
پہاڑ کی چوٹی پر چڑھ کر پاک مِٹی لے آؤتاکہ ہم اس سے تیمم کر یں ، کیونکہ
نماز کا وقت ہو چکا ہے۔''اس نے حسب ِ حکم مشکیزہ لیا اور پہاڑ پر چڑھ کر
مشکیزے میں مٹی ڈالنے لگا۔اچانک اس نے ایک آواز سنی ۔اِدھر ُادھر دیکھا
توگرجا گھر میں ایک راہب نظر آیا۔ راہب نے پوچھا: '' ا س مٹی کا کیا کرو
گے؟''اس نے جواب دیا: '' ہم اُمَّتِ محمدیہ علٰی صاحبھا الصلٰوۃ والسلام کے
لوگ ہیں۔ جب پانی نہیں ملتا تو ہم مٹی سے تیمم کر لیتے ہیں۔'' راہب بولا:
میرے ہاں ایک صاف و شفاف کنواں ہے، تم اس سے پانی بھی پی لو اور وضو بھی کر
لو۔'' اس مرید نے کہا: ''پہاڑ کے نیچے ہمارا ایک قافلہ ٹھہرا ہوا ہے۔''راہب
نے کہا : ''تم جاؤ اور سب کو بُلا لاؤ۔''و ہ حضرت سیِّدُنا جنید رحمۃاللہ
تعالیٰ علیہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور راہب کے متعلق بتایا۔ آپ رحمۃ اللہ
تعالیٰ علیہ نے اسے فرمایا:'' جا کر اُسے کہو، ہم ستر افراد ہیں،کیا اس
کھنڈر میں آجائیں گے؟''وہ مرید دوبارہ گیا اور راہب کو جا کر ساری بات
بتائی تو اس نے کہا: '' اگر چہ ایک ہزارہی کیوں نہ ہوں کیونکہ میں محمد(
صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم) اورآپ کی امت کی قدر کرتااور ان سے
محبت کرتا ہوں ۔''جب مرید نے واپس جا کر آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کو بتایا
تو آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ سارے قافلے کو لے کر پہاڑ پر چڑھ گئے۔راہب نے
اس کھنڈر کا دروازہ کھول دیا۔ سبھی نے خوب سیر ہو کر اس کنوئیں سے پانی پیا
اور وضو کر کے نماز ادا کی۔ جب فارغ ہوئے تو راہب نے سب کو ایک ایک بڑی
پلیٹ پیش کی جس میں طرح طرح کے کھانے تھے۔ سب نے کھانا کھایا۔ پھر ایک طشت
اورلوٹا حاضر کیا ،سب نے اپنے ہاتھوں کو دھو کر مُشک لگائی۔جب راہب نے
مہمان نوازی کر لی تو پوچھا: ''کیا تم میں سے کوئی اس مناسبت سے قرآنِ کریم
کی تلاوت کرنے والا ہے؟ حضرت سیِّدُنا جنید رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ایک
مرید کو اشارہ کیا تو اس نے اس آیتِ کریمہ کی تلاوت شروع کی:
اِنَّ الَّذِیْنَ سَبَقَتْ لَہُمْ مِّنَّا الْحُسْنٰۤی اُولٰۤئِکَ عَنْہَا
مُبْعَدُوْنَ ()
ترجمہ کنزالایمان:بے شک وہ جن کے لئے ہمارا وعدہ بھلائی کا ہو چکا وہ جہنم
سے دور رکھے گئے َہیں ۔ (پ ١٧ ، سورۃ الانبیائ،آیت101)
آیتِ مبارکہ سن کر راہب کی چیخیں نکل گئیں اور کہنے لگا: ''ربِّ کعبہ
عَزَّوَجَلَّ کی قسم! ہم نے صلح کر لی۔''جب قاری نے قرآنِ کریم کی تلاوت
مکمل کی تواس نے پھر کہا: '' میں تمہیں قسم دے کرپوچھتاہوں کہ کیا تم میں
کوئی اچھا شعر کہنے والا ہے؟کیونکہ میں سماع کو پسندکرتا ہوں۔'' آپ
رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ایک مرید کی طرف اشارہ کیاتو اس نے چند اشعار پڑھے،
جن کا مفہوم یہ ہے: ''اس نے طویل عرصہ تک دُوریوں کو برقرار رکھا، تو اسے
معلوم ہواکہ عذر خواہی کے راستے کیسے ہیں،پھر بھی دوری برقرار رکھنے کو اس
نے پسند کیا اور فراق کے سمندر میں غوطہ زن رہا ۔ اور وہ یہ نہیں جانتا تھا
کہ وفا کے ساتھ ناانصافی کے زخم اگرچہ ختم بھی ہو جائیں تب بھی ان کے
نشانات نہیں مٹتے۔'' ان اشعارکو سن کر راہب کافی دیر تک روتا رہا، پھر بولا:
''مزید اشعار سنائیے۔''
مرید نے دوبارہ اسی طرح کا شعر پڑھا، جس کا مفہوم یہ ہے:'' میں حاضر ہوں،اے
وہ جو اَزَل سے مجھے اپنی طرف بُلا تا رہا اور اپنے پوشیدہ لُطف وکرم سے
بار بار اپنی بارگاہ کی طرف میری رہنمائی فرماتا رہا (لیکن میں اس سے رُو
گردانی کرتا رہا)۔'' راہب نے پھرچیخ ماری اور کہا:'' میں حاضر ہوں،اے میرے
مالک! میں حاضر ہوں،اے میرے مالک عَزَّوَجَلَّ! تُو نے مجھے اپنی رحمت کی
طرف بُلایا ہے، ''اَنَا اَشْہَدُ اَنْ لَّا اِلٰہَ اِلاَّ اللہُ وَاَشْہَدُ
اَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللہ یعنی میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ
عَزَّوَجَلَّ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمدصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ
وسلَّم اللہ عَزَّوَجَلَّ کے رسول ہیں۔'' زُنَّار کو توڑ دیا، عیسائیوں کا
لباس اُتار دیا۔حضرت سیِّدُنا جنید رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے اس کو گدڑی
پہنائی اور آپ اور آپ کا قافلہ اس کے اسلام لانے اور اس کی گردن جہنم سے
آزاد ہونے پر بہت مسرور ہوئے۔ آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ہزار دینار نکال
کر اس کو دیئے جو آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کے پاس جمع تھے ۔ پھر وہ راہب
اپنے گرجا گھر وغیرہ کو چھوڑ کر چہرہ چھپائے ہوئے کہیں چلا گیا، نہیں معلوم
کہ وہ کس سمت گیا۔
جب حضرت سیِّدُنا جنید رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کا قافلہ مکہ مکرَّمہ پہنچا
اور حرم پاک میں داخل ہوااور طواف کر کے جب سب ایک جگہ اکٹھے ہوئے تو ایک
شخص کو کعبۃاللہ شریف کے غلاف سے لپٹا ہوا دیکھا، وہ کہہ رہا تھا: '' اے
میرے رب عَزَّوَجَلَّ! تو نے مجھ پر اپنا پردہ اُٹھا دیاحتیٰ کہ میں نے
تیری وحدانیت کی گواہی دی،تُونے مجھے اپنی بارگاہ میں بُلایاتَومیں ''لَبَّیْکَ''کہتے
ہوئے حاضر ہو گیا، اے وہ ذات جس نے مجھے عرفان کی دولت عطا فرمائی تو مجھے
اس کی معرفت حاصل ہو گئی! مجھے اپنی رضا کے لئے حج کرنے کی توفیق عطا فرما۔
حضرت سیِّدُنا جنید رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے ایک مرید سے فرمایا: ''دیکھو!
یہ کلام کرنے والا کون ہے؟'' وہ مرید اس کے پاس گیا تو دیکھا کہ یہ تو وہی
راہب ہے۔جب اسے حضرت سیِّدُناجنیدرحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کی خدمت میں حاضر
ہونے کے لئے کہا گیا تو راہب نے کہا: ''اے بھائی! حضرت
سیِّدُناجنیدرحمۃاللہ تعالیٰ علیہ کی بارگاہ میں میرا سلام عرض کرنا اور یہ
بھی عرض کرناکہ میں نے آپ کو اپنے پاس ٹھہرایا اور کھانا بھی حاضرکیا تو
اللہ عَزَّوَجَلَّ نے مجھے اسلام کی دولت عطا فرمائی اور عزت کے لباس سے
نوازا، یہاں تک کہ میں احرام باندھ کر حرم پاک میں داخل ہو گیا ہوں، اب
میری عزَّت وذلت اسی کے پاس ہے۔'' چنانچہ ، مرید لوٹا اور آپ رحمۃاللہ
تعالیٰ علیہ کواس کے متعلق بتایا تو آپ رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ خود اٹھ کر اس
کے پاس چلے گئے، اور اسے سینے سے لگا کر آنکھوں کے درمیان بوسہ دیا
اورارشاد فرمایا: '' اے میرے دوست ! آپ کو قربِ الٰہی عَزَّوَجَلَّ کی لذت
کیسے نصیب ہوئی؟'' اس نے جواب دیا: ''اے میرے سردار! جب میں نے کھنڈرات کو
چھوڑا اور سفر اختیار کئے تو مجھ پر قبولیت کی ہوائیں چلنے لگیں،اور اللہ
عَزَّوَجَلَّ نے اپنی بارگاہ تک پہنچنے کا دروازہ کھول دیا، جس سے میرے لئے
اپنے مقصود تک رسائی حاصل کرنا ممکن ہو گیا۔'' پھر اس نے ایک چیخ ماری اور
زمین پر تشریف لے آیا۔جب ہم نے دیکھا تو اس کی جان جانِ آفریں کے سپرد ہو
چکی تھی۔(حکایتیں اور نصیحتیں )
میرا ہر عمل بس تیرے واسطے ہو
کر اخلاص ایسا عطا یا الٰہی عَزَّوَجَلَّ!
سبحان اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ!جب کفر و شرک کی تاریکیوں سے نجات ملی ۔تو
گویاکامیابی وکامرانی کا سفر شروع ہوگیا۔حقیقت یہی ہے کہ ایمان کی دولت سب
دولتوں سے بڑی دولت ہے وہ دولت جس کا کوئی بد ل نہیں ۔ حقیقی دولت یہی ہے
جس میں دارین کی سرفرازیاں ہیں ۔جس کے پاس ایمان نہیں اس کے پاس کچھ نہیں
بلکہ وہ راہ ضلالت و گمراہی کے راستہ پر ہے جس کا انجام سوائے ہلاکت کے کچھ
نہیں ۔اک شرف ہے اک سعادت ہے ۔کامیابیوں و کامرانیوں کا اک جہاں ہے ۔اللہ
عزوجل اور اس کے رسول ؐ کی پہچان ،آخرت پر یقین ،شریعت کے احکام کی بجاآوری
انسانیت کا حسن اور دین سے وفاشعاری ہے ۔لیکن جو فضیلت و سعادت سے محروم ہے
کفر و شرک کی کالی گھٹاہوں میں درست اور راہ ہدایت سے بھٹکے رہتے ہیں ۔لیکن
جب اللہ عزوجل کا فضل وکرم ہوجائے تو زندگی میں بہار آجاتی ہے ۔جب توفیق و
ہدایت کے دروازے کھل جائیں تو سعادتوں کی خوشو عام ہوجاتی ہے ۔کفر کی دلدل
سے نکل کر ایمان کے سبزہ زاروں میں پہنچ کر زندگی کی بہاریں لوٹ آتی ہیں ۔بیتے
لمحوں پر اشک ندامت کی لڑی پروجاتی ہے ۔ندامت و پشیمانی کے آنسو تو تھمتے
ہی نہیں ۔بزرگان دین کی تبلیغ دیں کی کوششوں سے کفروشرک کی تاریکیوں میں
بھٹکنے والوں کی دولت ایماں نصیب ہوگئی ۔اس کے اس دور میں بھی ہم آئے دن
سنتے ہیں کہ فلاں یہودی نے مسلمانوں کی زندگی کے اس پہلو سے متأثر ہوکر
مسلمان ہوگیا۔کسی نے جیل میں موجود مسلمانوں کے صبر اور اپنے دین سے
وفاشعاری کے مناظر دیکھ کر قبول اسلام کرکے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے کفر و شرک
کی دنیا کو خیر آباد کہہ دیا۔
میری معلومات کے مطابق لندن میں برطانیہ کی مسلم کمیونٹی کہ جس کا نام مسلم
ورلڈ یوتھ آرگنائزیشن نے لندن اولمپکس کا بھرپور موقع کا فائدہ اٹھا کر
مسلم کمیونٹی نے غیر مسلم کھلاڑیوں اور وہاں آنے والے شائقین میں اسلام کی
تبلیغ کرنا شروع کر دی اور اس کا اثر یہ ہوا کہ جس سے 60 لوگوں نے اسلام کی
دعوت کو قبول کر لیا اور مشرف با اسلام ہو گئے ۔ مسلم ورلڈ یوتھ آرگنائزیشن
کے عہدیداروں نے اس کے علاوہ مختلف سٹالز پر اسلامی پمفلٹس اور دعوتی
ویڈویوز تقسیم کرنا شروع کر دی ہیں ۔ اس اولمپک کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا
کہ اس میں مختلف ممالک کہ جس میں امریکہ، کینڈا ، یورپ ، ایشیا اور افریقہ
سے آئے ہوئے اولمپک کی تقریبات دیکھنے والوں کو اسلام کے متعلق معلومات
فراہم کی جارہی ہیں اور اس میں بہت لوگ بڑی دلچسپی سے اسلام سے متعلق
معلومات کو پرھتے ہیں قبول اسلام کے معاملات بھی سامنے آئے ۔مسلم ورلڈ یوتھ
آرگنائزیشن نے اپنا دائرہ کار صرف اولمپک تک محدود نہیں رکھا بلکہ ملک کے
دوسرے حصوں میں اپنے ورکرز کو چوکنا رکھا ہوا ہے ۔ اولمپکس کی گرما گرمی
میں اور رمضان کی پابرکت گھڑیوں میں اس مہم کو اور بھی قوت ملی اور اس کو
اور بھی اثر انداز کردیا ہے اور اس مہم کا آغاز اولملپکس کے آغاز سے ہی کر
دیا گیا تھا ۔
اس کے علاوہ اس مہم کو شہر کے مختلف سیاحتی اور ثقافتی مرکزوں میں بھی اس
مہم کا دائرہ کار بڑھایا گیا ہے ۔ اس تنظیم نے اپنی ان ساری سرگرمیوں کی
دیکھ بھال کے لیے لندن کے شہر گرینٹس کی ایک مسجد میں رکھا ہے ۔ اس تنظیم
نے اپنی مہم کا لوگو کا نام اسلام ایک ثقافتی، مذہبی اور اجتماعی دین ہے
رکھا ہے اور اس ہی حوالے سے پمفلٹس اور اشتہاری مواد چھاپا ہے ۔ اس میں اس
تنظیم نے سب سے اہم کام یہ کیا جو مواد چھاپا اس کو مختلف زبانوں میں شائع
کیا گیا تاکہ اس اولمپکس میں آئے ہوئے مختلف زبانوں کے جس میں انگلش ، پولش
، فرنچ اور جرمنی میں لکھے گئے مختلف پمفلٹس اور پوسٹر شائع کیے گئے تاکہ
زیادہ سے زیادہ لوگ اسلام کی معلومات کو پڑھ سکیں اور اس مواد کو سپورٹس
گاڑیوں ، شائقین کی نشستوں اور پبلک مقامات پر بھی بانٹا گیا ہے اور رپورٹ
کے مطابق روزانہ 20 ہزار لوگوں کو اسلام کی دعوت دی جا رہی ہے ۔ اس تنظیم
نے لندن کی کئی کارپوریٹ کمپنیوں سے معائدہ بھی کیا ہے کہ جس کا مقصد اس
مہم کا دائرہ کار زیادہ سے زیادہ بڑھانا ہے ۔یہ سب اسلام کی حقانیت ،اسلام
کی شان اور رفعت کی معراج ہیں ۔اللہ عزوجل ہمیں بھی دین متین پر استقامت کی
دولت عطا فرمائے ۔ |