جنرل کیانی کی حق بیانی

بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کم بولتے ہیں مگر جب بھی بولتے ہیں بولنے کا حق ادا کر دیتے ہیں۔ راولپنڈی میں یوم شہداءکے موقع پر جنرل کیانی کی حق بیانی نے ساری قوم کے دل موہ لیے ہیں۔ جنرل کیانی نے واضح کیا ہے کہ الیکشن 11مئی کو ہوں گے اور اس بارے میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔ اس دوٹوک اعلان کے بعد انتخابات کے التواءکی افواہوں کیلئے کوئی گنجائش باقی نہیں رہی ہے۔ اس باب میں عدالت عظمیٰ، سیاسی جماعتیں اور مختلف عوامی مکاتب فکر میں ایک اجماع پایا جاتا ہے جبکہ عسکری قیادت بھی یہ رائے رکھتی ہے کہ ملک میں منتخب حکومت کی پانچ سالہ آئینی میعاد کی تکمیل کے بعد انتخابات کا انعقاد ایک سنہری موقع ہے جس سے جمہوریت کی اعلیٰ روایات کے ایک نئے دور کا آغاز ہو سکتا ہے۔ اس منظر نامے میں کسی کو بھی الیکشن کے بروقت انعقاد کے حوالے سے تذبذب کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ آرمی چیف نے یہ بھی واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ پاکستان کی جنگ ہے۔ اس جنگ کو صرف فوج کی جنگ سمجھنا انتشار کی طرف لے جانے کا سبب بن سکتا ہے جس کا پاکستان متحمل نہیں ہو سکتا۔ ان کی اس بات سے سب ہی اتفاق کریں گے کہ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے عناصر کو ریاست اور اس کے آئین و قانون کی مکمل اطاعت قبول کرتے ہوئے قومی دھارے میں آجانا چاہئے بصورت دیگر اس باب میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ دشمن خواہ اندرونی ہو یا بیرونی، اس کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیئے جائیں گے۔ اسی تقریر میں جمہوریت اور آمریت کے اعصاب شکن کھیل کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ جزا اور سزا سے ختم نہیں ہوگا بلکہ عوام کی شمولیت سے ختم ہوگا۔ بعض حلقے اس تبصرے میں سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کا حوالہ دیکھ رہے ہیں۔ یہ بات کسی فرد کے حوالے سے کہی گئی ہو یا کسی انفرادی حوالے کے بغیر۔ ملکی عدالتوں کا موقف شاید بعینہ ایسا نہ ہو۔ کچھ سیاسی جماعتوں کا موقف بھی اس سے مختلف ہو سکتا ہے۔ یہ صورتحال بعض مشکلات کی طرف اشارہ کر رہی ہے جن کا حل صرف ایک ہے ۔ وہ یہ کہ مملکت کے تمام ادارے، تمام ستون اور تمام شعبے آئین و قانون کی بالادستی قبول کریں اور اس پر عمل کریں۔ اہم ترین بات یہ ہے کہ جمہوریت کی روح کو سمجھا جائے۔ جمہوریت محض انتخابات جیتنے کا نام نہیں بلکہ اس سے بہت کچھ زیادہ ہے۔

Hashir Abdullah
About the Author: Hashir Abdullah Read More Articles by Hashir Abdullah: 9 Articles with 6778 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.